
شہرِسخن
اتوار 21 فروری 2021

مکتوبِ جاپان۔عامر بن علی
مغل بادشاہ جہانگیر کی چہیتی ملکہ نورجہان نے اپنے ایک فارسی شعر میں لاہور کواپنی جان کے برابرقیمت اداکرکے خرید کر بھی سستاخرید لینے کااعلان کیا ہے۔
(جاری ہے)
برمزارِماغریباں نی چراغی نی گلی
نی پرِپروانہ سوزد نی صدایٴ بلبلی
مغلیہ عہد سمیت ایک ہزار سال تک لاہوری ادب زیادہ ترفارسی زبان میں تخلیق کیا گیاہے۔بعض دوستوں کے لئے شایدیہ حیرت کاسبب ہوکہ راجہ رنجیت سنگھ اورتمام سکھ عہد میں تختِ لاہورکی سرکاری زبان فارسی تھی۔فارسی زبان اورشہر کے اسی ایک ہزارسال پر محیط باہمی تعلق پرگورنمنٹ کالج کی فارغ التحصیل ہماری ہم مکتب ساتھی سکالرڈاکٹر انجم طاہرہ نے حال ہی میں ایک کتاب لکھی ہے ،فارسی زبان میں شائع ہونے والی ”لاہوردرشعرِفارسی “ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔فارسی اب لاہور میں چونکہ زیادہ مقبول نہیں رہی،اس لئے اس زبان میں تخلیق کیا گیا ادب بھی اب ویسا مقبول نہیں رہاجیساکبھی ہواکرتاتھا۔
مقامی زبانوں کی بات کریں توشاہ حسین سے چراغوں کا ایک سلسلہ علامہ اقبال اور فیض احمد فیض تک آتا ہے۔اگرچہ بلھے شاہ قصور اور وارث شاہ شیخوپورہ میں مدفون ہیں مگردونوں کا پیرخانہ لاہور میں ہی تھااوران کے مرشدعنائیت قادری اسی شہر میں دفن ہیں جن سے کسبِ فیض کیا۔سعادت حسن منٹواوراحمدندیم قاسمی سے لے کرانتظارحسین ،اشفاق احمد،منوّ بھائی ،منیرنیازی ایک طرف شعروسخن سے اس شہر کی فضامہکاتے رہے تو دوسری جانب استاد دامن اور حبیب جالب جیسے عوام دوست انقلابی قرطاس وقلم کو وقاربخشتے رہے۔ساغر صدیقی اورناصرکاظمی نے اک نئے رنگ اورآہنگ کو روشناس کرایاتو پطرس بخاری اور ن م راشد نے بھی دبستانِ لاہور کواپنے فن سے رونق بخشی۔اہلِ قلم کی ایک الگ نوعیت کی کہکشاں لاہورفلم انڈسٹری کے وجود میں آنے کے ساتھ ہی ادبی افق پر نمودار ہوئی۔احمد راہی،تنویر نقوی،مسرورکاظمی،احمد عقیل روبی کا نام فقط حوالے کے طور پرتحریرکررہاہوں۔ایک طرف شو بز سے وابستہ اہلِ سخن تودوسری طرف راہِ سلوک کے مسافرادیب اورشاعراس نگرسے گزرے ہیں۔اپنی تحریرسے خوشبوپیداکرنے والے اور اپنے حرفوں کی روشنی سے بھٹکے ہوؤں کوصراط مستقیم دکھانے والے واصف علی واصف ایک انوکھے اورلازوال رنگ ڈھنگ کے طرزتحریرکی بنیادرکھ گئے۔
لاہور کے ادبی منظرنامے کاایک تاریخی حصہ ادبی محافل رہی ہیں۔اس شہر کے اہل حرف کی بیٹھک گزشتہ ایک صدی سے عموماً چائے خانوں اورکافی ہاؤسزپرہواکرتی تھی۔شاعری اورنثرکے تازہ تخلیقی نمونے یہاں برپا ہونے والی تنقیدی نشستوں میں پیش کئے جاتے تھے۔اورصاحبِ کلام اکثرپیش کرنے کے بعدپچھتاتے تھے،چونکہ بقول شخصے اس شہر کے نقادبہت ظالم اور سنگ دل واقع ہوئے ہیں۔اس عہد رفتہ کی واحد یادگارپاک ٹی ہاؤس ہے۔یہ چائے خانہ لاہورکی ایک صدی کی ادبی تاریخ کا عینی شاہد ہے۔یہ بھی ٹھکانہ باقی نہ رہتااگرنوازشریف حکومت اس سلسلے میں خصوصی کاوش نہ کرتی اورمعاصرلکھاری مسلسل اس کی بحالی کا مطالبہ شدومدسے جاری نہ رکھتے۔میں چونکہ گورنمنٹ کالج کے نیوہاسٹل میں مقیم تھا،اس لئے زمانہ طالب علمی میں پاک ٹی ہاؤس اکثرپیدل چلا جاتا تھا۔منوّبھائی بھی کسی زمانے میں وہاں مستقل جاتے تھے۔ایک بار ان کے گھر ملنے گیاتوپوچھنے لگے کہ آج کل بھی ٹی ہاؤس جاتے ہو؟میں نے نفی میں جواب دیاکہ کبھی کبھار۔کہنے لگے کہ اچھاکرتے ہو،اسی لئے تمہاری صحت بہتر لگ رہی ہے۔شہرت بخاری ،خالد احمد،محسن نقوی،اسلم کولسری،شہزاداحمد،مشکور حسین یاد،بانوآپاکتنے سارے ستاروں جیسے نام ہیں جوپاک ٹی ہاؤس کے نام کے ساتھ ہی ذہن میں چمک اٹھے ہیں۔یہ انہی رفتگان کافیض ہے کہ اقوام متحدہ جیسے معتبر ادارے نے داتاکی نگری کو”شہرِسخن“قراردے دیا ہے۔رنگوں،خوشبوؤں اورروشنی کایہ ادبی سلسلہ آج بھی بڑے پروقاراورمعیاری اندازمیں آگے بڑھ رہا ہے۔لاہور کی یہ خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کے کونے کونے سے آئے ہوئے سینکڑوں اہلِ قلم اس ادبی فضاء کومعطرکرنے میں مصروف عمل ہیں۔خدا اس شہرِسخن اوراس کے سخنوروں کے ہمیشہ شادوآباد رکھے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
مکتوبِ جاپان۔عامر بن علی کے کالمز
-
منو بھائی کی یادیں اور باتیں
جمعہ 21 جنوری 2022
-
کس برہمن نے کہا تھا یہ سال اچھا ہے
ہفتہ 15 جنوری 2022
-
ٹیکنالوجی کے کرشمے
منگل 4 جنوری 2022
-
ایڈیسن دیوتا
منگل 14 دسمبر 2021
-
نئی سحر کی امید
بدھ 1 دسمبر 2021
-
یومِ اقبال اور جاپان
جمعہ 5 نومبر 2021
-
اس کے بغیرآج بہت جی اداس ہے
بدھ 27 اکتوبر 2021
-
میاں میررحمہ اللہ علیہ کاعرس اورحساس تقرری
جمعرات 21 اکتوبر 2021
مکتوبِ جاپان۔عامر بن علی کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.