اشعار کی صحت

جمعہ 19 نومبر 2021

Hayat Abdullah

حیات عبداللہ

آج کالم کا آغاز جناب حسن نثار سے کرتے ہیں۔حسن نثار صاحب نے 19 اگست کے کالم”چوراہا“ کے آخر میں شکیب جلالی کے اس لازوال شعر پر غور فرمانے کی دعوت دی ہے۔
دیکھ اے دیدہ ء تر یہ تو مرا چہرہ ہے
سنگ کٹ جاتے ہیں پانی کی جہاں دھار گرے
شکیب جلالی کی کتاب”روشنی اے روشنی“ اور”کلیاتِ شکیب جلالی“ میں دونوں مصرعے بالکل مختلف انداز میں موجود ہیں، درست مصرعے مندرجہ ذیل ہیں۔


 کیا کہوں دیدہ ء تر، یہ تو مرا چہرہ ہے
 سنگ کٹ جاتے ہیں بارش کی جہاں دھار گرے
21 اگست کو انجینئر افتخار چودھری نے احمد فراز کے اس شعر کے پہلے مصرعے کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔
 خوف ایسا ہے کہ شہر کی گلیوں کے مکین
 چاپ سنتے ہیں تو لگ جاتے ہیں دیوار کے ساتھ
احمد فراز نے ایسا بالکل نہیں کہا، ان کی کتاب ”غزل بہانہ کروں“ میں شعر اس طرح موجود ہے۔

(جاری ہے)


 اِس قدر خوف ہے اب شہر کی گلیوں میں کہ لوگ
چاپ سنتے ہیں تو لگ جاتے ہیں دیوار کے ساتھ
یہ غزل یوٹیوب پر احمد فراز کی اپنی آواز میں بھی موجود ہے جس میں احمد فراز اس شعر کے پہلے مصرعے میں”اب“ کی جگہ”اُس“ استعمال کر رہے ہیں۔
حمید احمد سیٹھی نے اپنے 22 اگست کے کالم”گہر ہونے تک“ کے آخر میں قتیل شفائی کا ایک مصرع وزن سے نکال دیا ہے، غالب گمان یہی ہے کہ یہ پروف کی غلطی ہو گی۔


 ابھی کچھ بیقرار ہے ستارو تم تو سو جاؤ
قتیل شفائی کی کتاب”گجر“ میں موجود اس معروف غزل کے شعر کی اصلاح فرما لیں۔
ہمیں بھی نیند آ جائے گی ہم بھی سو ہی جائیں گے
 ابھی کچھ بے قراری ہے ستارو تم تو سو جاؤ
روزنامہ دنیا میں محترم مجیب الرحمان شامی نے 29 اگست کے کالم”جلسہ ء عام“ میں علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمہ اللہ علیہ کی نظم”ہمدردی“ کا یہ مصرع لکھنے میں عجلت سے کام لیا ہے۔


ہیں وہی لوگ جہاں میں اچھے
جب کہ”بانگِ درا“ میں شعر اس طرح موجود ہے۔
ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے
 آتے ہیں جو کام دوسروں کے
محترم ہارون الرشید صاحب روزنامہ 92 نیوز میں کالم لکھتے ہیں، 28 ستمبر کے کالم میں لکھتے ہیں۔
 اس سے کم پر تو یہ عزت نہیں ملنے والی
یہ مصرع جناب افتخار عارف کا ہے مگر انھوں نے اس مصرعے میں لفظ”عزت“ کی بجائے”نعمت“ استعمال کیا ہے۔

افتخار عارف کی کتاب”حرفِ باریاب“ کے صفحہ نمبر 9 پر موجود اس شعر کی لذت سے آپ بھی خود کو محظوظ کر لیجیے!
زندگی نذر گزاری تو ملی چادرِ خاک
اس سے کم پر تو یہ نعمت نہیں ملنے والی
اعجاز حفیظ خان ”دریدہ دل“ کے عنوان سے کالم لکھتے ہیں، مَیں ان کے کالموں سے اس لیے متاثر ہوں کہ ان کا شمار ایسے دوچار کالم نگاروں میں ہوتا ہے جو بڑی تحقیق کے بعد اور شاعر کے نام کے ساتھ درست اشعار لکھتے ہیں، اس لیے سب سے پہلے تو اعجاز حفیظ خان کو شاباش، اب ایک خفیف سی غلطی کی اصلاح کرنا ضروری ہے جو 7 اکتوبر کے اپنے کالم میں اعجاز حفیظ خان نے ناصر کاظمی کے ایک شعر کے دوسرے مصرعے میں کر دی ہے۔


کہ اُس نے حال جو پوچھا تو آنکھ بھر آئی
یہ شعر ناصر کاظمی کی کتاب”برگِ نے“ اور”کلیاتِ ناصر“ میں موجود ہے، ان کتابوں کے کئی ایڈیشن میری نظروں سے گزرے ہیں، کسی کتاب میں بھی یہ مصرع لفظ ”جو“ کے ساتھ نہیں ہے، ویسے یہاں لفظ”جو“ کا محل بھی نہیں ہے۔آپ یہ غزل اقبال بانو کی آواز میں یوٹیوب پر بھی سُن سکتے ہیں۔


 یہ سانحہ بھی مَحبّت میں بارہا گزرا
 کہ اُس نے حال بھی پوچھا تو آنکھ بھر آئی
ہارون الرّشید نے اپنے 14 اکتوبر کے کالم میں اس شعر کے دونوں مصرعوں میں تحریف کر دی ہے۔
 سنتا ہوں بڑے شوق سے افسانہ ء ہستی
 کچھ اصل ہے، کچھ خواب ہے، کچھ طرزِ ادا ہے
مذکورہ بالا شعر اصغر گونڈوی کا ہے۔

”کلیاتِ اصغر“ اور”کلامِ اصغر“ میں آپ اس شعر کو پڑھیں گے تو اس طرح ملے گا۔
 سنتا ہوں بڑے غور سے افسانہ ء ہستی
 کچھ خواب ہے، کچھ اصل ہے، کچھ طرزِ ادا ہے
17 اکتوبر کے ”سرِ راہے“ میں ساحر لدھیانوی کے ایک مصرعے میں خفیف سی تحریف موجود ہے۔
تم میں ہمت ہے تو دنیا سے بغاوت کر لو
ساحر لدھیانوی کی نظم”یکسوئی“ کے آخر میں یہ مصرع موجود ہے۔

ساحر لدھیانوی کی کتاب”تلخیاں“ اور”کلیاتِ ساحر“ میں شعر یوں موجود ہے۔
 تم میں ہمّت ہے تو دنیا سے بغاوت کر دو
ورنہ ماں باپ جہاں کہتے ہیں شادی کر لو
ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے 19 اکتوبر کے کالم میں منیر نیازی کے شعر کا یہ مصرع بحر سے نکال دیا ہے۔
 کاٹتا ہوں عمر بھر مَیں نے جو بویا نہیں
جب کہ منیر نیازی کی کتاب ”جنگل میں دھنک“ میں شعر اس طرح سے ہے۔


 جرم آدم نے کیا اور نسلِ آدم کو سزا
 کاٹتا ہوں زندگی بھر مَیں نے جو بویا نہیں
خالد مسعود خان ایک معروف شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ بہت عمدہ کالم نگار بھی ہیں۔آں جناب نے 21 اکتوبر کے اپنے کالم ”کٹہرا“ میں حضرت ذوق سے منسوب کر کے یہ شعر لکھ دیا ہے۔
 ایک مدت سے تری یاد بھی آئی نہ کبھی
 اور ہم بھول گئے ہوں تجھے ایسا بھی نہیں
خالد مسعود خان سے بہ صد احترام پہلی گزارش تو یہ ہے کہ یہ شعر حضرت ذوق کا نہیں بلکہ فراق گورکھپوری کا ہے اور دوسری التماس یہ ہے کہ پہلا مصرع مذکورہ بالا انداز میں ہرگز نہیں ہے۔

فراق گورکھپوری کی کلیات جلد دوم جو”شبنمستاں“ کے نام سے شائع ہو چکی ہے، علاوہ ازیں”فراق گورکھپوری کا منتخب کلام“ میں بھی یہ شعر مختلف انداز میں موجود ہے۔
 مدّتیں گزریں تری یاد بھی آئی نہ ہمیں
 اور ہم بھول گئے ہوں تجھے ایسا بھی نہیں
فراق گورکھپوری پوری کی شاعری پر مشتمل تین کتابیں ”چراغاں، گُلہائے پریشاں اور گُلبانگ“ کے نام سے بھی ترتیب دی جا چکی ہیں، جن میں پہلا مصرع اس طرح موجود ہے۔


 ایک مدّت سے تری یاد بھی آئی نہ ہمیں
یہ مصرع بھی خالد مسعود خان کے لکھے گئے مصرعے سے مختلف ہے، سوال یہ ہے کہ درست مصرع کس کو مانا جائے، ظاہر ہے فراق گورکھپوری کے دیوان جو”شبنمستان“ کے نام سے شائع ہو چکا ہے، اسی کو درست تسلیم کیا جانا چاہیے۔
معروف شاعر جناب امجد اسلام امجد کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔

”چشم تماشا“ کے عنوان سے کالم بھی لکھتے ہیں۔31 اکتوبر کے کالم کے آغاز میں”میر صاحب“ سے منسوب کر کے لکھتے ہیں۔
 شکست و فتح نصیبوں سے ہے ولے اے میر
مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا
ماہ نامہ نیا دَور، جون 1962 ء کے شمارے میں راز یزدانی صاحب نے اس شعر کے متعلق لکھا تھا۔
”غلطی سے یہ شعر میر سے منسوب کر کے پڑھا جاتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ شعر نہ میر تقی میر کا ہے نہ امیر مینائی کا (جیسا کہ کچھ اور حضرات کو شبہہ ہوا) بلکہ نواب محمد یار خاں کا ہے“
راز یزادنی صاحب نے مذکورہ بالا شعر کی اصلاح یوں کی تھی۔


 شکست و فتح میاں اتفاق ہے لیکن
مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا
محترم حافظ محمد ادریس نے ”صدائے درویش“ کے عنوان سے اپنے 2 نومبر کے کالم میں”مسدّس حالی“ کا ایک مصرع بے وزن کر دیا ہے۔
 اک نسخہ ء کیمیا ساتھ لایا
یقیناً درست شعر تو زبان زدِ عام ہے۔
 اتر کر حرا سے سُوئے قوم آیا
 اور اک نسخہ ء کیمیا ساتھ لایا
مفتی منیب الرّحمان کافی ادبی ذوق شوق رکھتے ہیں اور اس کا ثبوت وہ اپنے کالموں میں دیتے رہتے ہیں۔

4 نومبر کے کالم”زاویہ ء نظر“ میں مفتی صاحب نے افتخار عارف کا ایک مصرع خارج از بحر کر دیا ہے۔
 وہ قرض اتارے ہیں جو واجب بھی نہ تھے
افتخار عارف کی کتاب”مہرِ دو نیم“ میں یہ ضرب المثل شعر کچھ مختلف انداز میں ہے۔
 مٹّی کی مَحبّت میں ہم آشفتہ سروں نے
 وہ قرض اتارے ہیں کہ واجب بھی نہیں تھے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :