
سرحد کے اس پار اک کوئل : لتا منگیشکر
منگل 8 فروری 2022

جویریہ اسلم
میں نے کچھ ہی عرصہ قبل لتا جی کا ایک پروگرام ہمارے مشہور صحافی کامران خان کیساتھ دیکھا اور پھر اس کو کئی بار دیکھا اور یہ بات نوٹ کی کہ لتا منگیشکر سر کی دیوی نہیں تھیں بلکہ وہ دھرم ، اخلاق اور شرم وحیاء کی دیوی بھی تھیں۔ جب کامران خان نے ان کو اپنی پسندیدگی اور ان پہ اپنی کم عمری کے دنوں کے اپنے کرش کا ذکر کیا تو انہوں نے کسی دوشیزہ کی مانند بےساختہ نظریں جھکا لیں اور یہی ردعمل وہ مختلف گانوں اور فلموں کے واقعات سناتے ہوے دے رہی تھیں۔ میں دیکھ رہی تھی کہ اتنی عمر رسیدہ ہونے کے باوجود ایک معصومیت اور حیا ان کی شخصیت کا خاصہ تھی یہی وجہ ہے کہ وہ زندگی کی آخری سانس تک کسی کلی کی طرح مہکتی رہیں اور ان کی آواز پر ماہ و سال اپنا اثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور 1929ء میں پیدا ہونے والی لتا جی کی آواز سے ان کی عمر کا ذرا بھی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
(جاری ہے)
مجھے ایسے لگتا ہے کہ جب تقسیم ہوتی ہے تو کسی بھی خطے کا سب سے بڑا نقصان فن اور ادب کے بٹ جانے سے ہوتا ہے۔ لتا وہاں رہ گئیں مگر ان کی مدھر آواز اور محبت ہوا کے دوش پر ہم تک پہنچتی رہی۔ ان کے گیت یہاں تک کہ ان کی پڑھی گئی نعتیں ہماری سماعت سے ہوتی ہوئی ہمارے دلوں اور روح میں اترتی رہیں۔
لتا جی کے دنیا سے چلے جانے کی خبر نے مجھے جذباتی کر دیا ہے، میں آج موسیقی کے بارے میں بہت کچھ لکھنا چاہتی ہوں مگر میں فتوؤں سے ڈرتی ہوں کیونکہ جو موسیقی کو برا سمجھتے ہیں وہ مجھ پر طرح طرح کی باتیں کرنے سے نہیں رکیں گے۔ لیکن میں نے ایک جگہ پڑھا؛
کسی نے پوچھا کونسی موسیقی حرام ہے؟؟
مولانا رومی نے فرمایا : امیروں کے برتنوں میں گونجتی چمچوں کی آواز جو بھوکے غریب کے کانوں میں پڑیں۔
اللّٰہ اکبر !
اللّٰہ اکبر !
کتنا گہرا پیغام ہے اس جواب میں اور چند ہی الفاظ میں زندگی کا کتنا بڑا فلسفہ بیان کیا گیا ہے۔
ہمارے ادیب اور فنکار وہ طبقہ ہیں جو برصغیر کی تقسیم کے بعد بھی اس کو جوڑے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کیلئے ہماری محبت سرحد کی پرواہ کئے بغیر ایک دوسرے تک پہنچ جاتی ہے۔ لتا جی ہوں یا پھر محمد رفیع، نور جہاں ہوں یا پھر نصرت فتح علی خان، گھر کا وہ حصہ ہیں جو بٹوارے کے باوجود نہیں بانٹا جاسکتا۔ یہ تو ستارے ہیں کہ زمین پر کھڑے ہو کر کہیں سے بھی دیکھیں محبت کے آسمان پر چمکتے دکھائی دیں گے۔ ہمارا مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان کی جدائی کا غم دونوں طرف برابر ہے۔
لتا جی نے دنیا کی مختلف زبانوں میں 25 ہزار سے زیادہ گیت گائے۔ انکا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے لتا منگیشکر کو 1969 میں بدما بھشن (تیسرا بڑا سول ایوارڈ)، 1999 میں پدما ویبھشن (دوسرا بڑا سول ایوارڈ) اور 2001 میں سب سے بڑے سول ایوارڈ بھارت رتنا سے نوازا گیا۔
میں نے سوشل میڈیا پر پڑھا کہ لوگ کہہ رہے تھے کہ آواز کا یہ خلا شاید ہی کبھی پر ہو سکے مگر میرا خیال ہے کہ آواز کا خلا تو کبھی پیدا ہی نہیں ہوتا کیونکہ جو آواز ایک بار ہماری سماعت کا حصہ بن جائے پھر اسے سماعت سے ٹھیک ویسے جدا کرنا ناممکن ہے جیسے ہوا میں پھیلی خوشبو کو ہوا سے-
لکھنے والے اپنی تحریروں میں،
گانے والے اپنے گیتوں میں
اور
چاہنے والے اپنی محبت میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور لتا جی کی طرح اپنے چاہنے والوں کو مسکرا کر کہہ رہے ہوتے ہیں۔
جیون کا مطلب تو آنا اور جانا ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
جویریہ اسلم کے کالمز
-
قومی سلامتی پالیسی کا قوم سے تعلق
منگل 15 فروری 2022
-
سرحد کے اس پار اک کوئل : لتا منگیشکر
منگل 8 فروری 2022
-
میرے بچپن کا جنوری
جمعرات 3 فروری 2022
-
مت پوچھ پری زادوں سے
پیر 31 جنوری 2022
-
راس آیا مجھے اشکوں کو وسیلہ کرنا
بدھ 26 جنوری 2022
-
ڈاکٹر فاسٹس تو زندہ ہے
جمعہ 21 جنوری 2022
-
برفباری مری کے پہاڑوں پر یا ہمارے احساسات پر
منگل 11 جنوری 2022
-
ہم چودھویں صدی کے باسی
منگل 28 دسمبر 2021
جویریہ اسلم کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.