
کون ہے؟
بدھ 20 جنوری 2021

کوثر عباس
دودھ میں پانی ملانے والے ہم ہیں مگر ”مکھن ملائی“ نہ آنے کا شکوہ کرنے والا کون ہے؟ منافع خوری کرنے والے ہم ہیں مگراسی پیسے سے لوگوں کو زکوة دینے میں فخر محسوس کرنے والا کون ہے؟ ذخیرہ اندوزی کرنے والے ہم ہیں تو پھر مہنگائی کا رونا رونے والا کون ہے؟ اینٹیں پیس کر مرچوں میں، لوہے کا برادہ پتی میں اور باجرا پیس کر دھنیے میں ملانے والے ہم ہیں توپھر ملک بھر میں جگر، معدے اور گردے کی بیماریوں کا ماتم کرنے والا کون ہے؟ آپریشن کا بہانہ کرکے لوگوں کے گردے نکال کر بیچنے والے ہم ہیں تو پھر یہ کہنے والا کون ہے کہ قوم ناکارہ ہو گئی ہے؟ میٹرک میں اعلیٰ نمبر آتے ہیں تو ڈاکٹر بن کر لوگوں کی خدمت کا عہد کرنے والے ہم ہیں تو وقت آنے پر ڈاکٹر سے ڈاکو بننے والا کون ہے؟ ڈاکٹر بن ملک و قوم کے آرام و سکون کی بات کرنے والے ہم ہیں تو اپنی تنخواہ بڑھانے کی خاطر ناجائز ہڑتالیں کرکے لوگوں کو موت کی وادی میں جاتا دیکھنے والا کون ہے؟
ہم وہ قوم ہیں جو ”حکمرانوں“ سے اپنے ”مطالبات“ منوانے کی سزا ”عوام“ کو دیتے ہیں۔
(جاری ہے)
ہم اپنے بچوں کو دین سے دور کرتے ہیں، یہ خیال کرتے ہیں کہ کہیں انہیں کوئی مولوی نہ کہہ دے اور ان کی بولڈ حرکات کو ”کلیورنیس“ کا نام دے کر انہیں ویلکم بھی کرتے ہیں مگرجب یہی بچے والدین یا اقربا کی تیمارداری نہ کریں، مرنے کے بعد ان کی قبروں پر فاتحہ خوانی نہ کریں،اپنی ہی ٹیچر سے عشق کرنے لگیں اور جب عشق کو پانے میں ناکامی پر خود کو گولی مار دیں تو اپنی ہی تیار کردہ نسل کو ناخلف کہنے والے کون ہیں؟اپنی ہی بچیوں کو ”حقوق“ کے نام پر خود سربنانے والے،انہیں ”ساس ڈائن ہے “کا سبق ذہن نشین کرانے والے ہم ہیں تو پھر ان کا گھرانہ نہ بسنے کا شکوہ کرنے والے کون ہیں؟ طلاق کے اسباب پر یکطرفہ بحث کرنے والے ، مردوں یا عورتوں کوبیجا ظالم کہنے والے، خواتین کی مجبوری پر ٹسوے بہانے والے ،حقوق کے نام بچوں کو منہ زور بنانے والے ہم ہیں تو پھر نئی نسل کے بدتمییز ہونے پر شاکی ہونے والے کون ہیں؟
اگر عورتوں کو خوبصورتی اور حقوق کے نام بے لباس کرنے والے اور انہیں مردوں سے بھرے آفس میں ”ملازم“ بنا کر بھیجنے والے ہم ہیں تو پھر چینلز پر بیٹھ کر پیدہ شدہ مسائل کا تجزیہ کرنے والے کون ہیں؟ ہم وہ قوم ہیں جو یہ چاہتی ہے کہ مائیں آفسز میں جاب کریں اور آیا ان کے بچے سنبھالا کریں لیکن اس کے باوجود ہم یہ توقع بھی کرتے ہیں کہ آج کے بچے جب کل کے نوجوان بنیں تو ان میں ایاز جتنی وفاداری بھی پائی جائے۔ چلیں! آپ ہی بتائیں کہ دنیا میں وہ کون سی قوم ہے جو وی آئی پی کلچرکی اصطلاح ایجاد کرتی ہے اور پھر اس کلچر کو پروموٹ بھی کرتی ہے لیکن اس کے باوجود”مساوات اور برابری“ کا درس دیتی بھی ہے اور سنتی بھی ہے؟
یہ ہمی تو ہیں جو رشوت کا بازار گرم کرتے ہیں، سفارش کا ”دھندا“ کرتے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں بھی اڑاتے ہیں لیکن پھر اداروں کی تباہی اور ان کی بری کارگردگی پر دل گرفتہ بھی ہوتے ہیں۔ یہ ہمی ہیں جوہر معاملے میں دین کو ذمہ دار سمجھتے ہیں، دین کا تمسخر اڑاتے ہیں اور لوگوں کو دین سے دور کرتے ہیں لیکن پھر حواس باختہ ہو کر یہ کہتے پھرتے ہیں کہ ہائے! لوگوں کو دین کی سمجھ ہی نہیں ہے۔کھلے روڈ کا مطالبہ کرنے والے بھی ہم ہیں اور فٹ پاتھوں پر ٹھیلے لگانے والے، روڈ کے دائیں بائیں ریڑھیاں لگانے والے اور غلط پارکنگ کر کے روڈکی تنگی اور ٹریفک جام کی شکایت کرنے والے بھی ہم ہی ہیں۔ مادری زبان تک نہ سمجھنے والے بچے کے منہ میں انگریزی ٹھونسنے والے ہم ہیں توان کے نتائج خراب آنے پر اساتذہ کو سزادینے والے بھی ہم ہی ہیں۔الغرض پالیسیاں بناکر اپنے ملازمین پر نافذ کرنے والے ہم ہیں لیکن تو اپنی ہی پالیسیوں کے فیل ہو جانے کی سزا ملازمین کو دینے والے بھی تو ہم ہی ہیں ۔اس بھری دنیا میں کوئی ہم سا ہے تو سامنے آئے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
کوثر عباس کے کالمز
-
میری بیلن ڈائن!
ہفتہ 19 فروری 2022
-
اسامی خالی ہیں !
ہفتہ 12 فروری 2022
-
ایک کہانی بڑی پرانی !
بدھ 26 جنوری 2022
-
اُف ! ایک بار پھر وہی کیلا ؟
جمعرات 20 جنوری 2022
-
نمک مت چھڑکیں!
جمعرات 13 جنوری 2022
-
دن کا اندھیرا روشن ہے !
جمعہ 17 دسمبر 2021
-
سانحہ سیالکوٹ: حکومت ، علماء اور محققین کے لیے دو انتہائی اہم پہلو
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
بس ایک بوتل!
اتوار 5 دسمبر 2021
کوثر عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.