لاک ڈاٶن میں مصروفیات

بدھ 10 جون 2020

Masud Siddiqui

میجر مسعود الحسن صدیقی (ریٹاٸرڈ)

کورونا کی پابندیوں سے تنگ آکر گزشتہ روز ایک رفیق دیرینہ غریب خانے پر تشریف لاے اور تین گز کا حفاظتی فاصلہ قاٸم رکھتے ہوے لفظی اور اشاراتی گرم جوشی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوے حسب سابق چند ناقابل تحریر القابات سے عزت افزاٸی فرماٸی۔ بعد از حال احوال چاۓ کی چسکی لیتے ہوۓ فرمانے لگے۔ کہ بھاٸی یہ کورورنا کی وجہ سے جبری گھریلو نظر بندی نے جہاں زندگی کے دیگر رموز پر غوروفکر کرنے کا موقع دیا وہیں بہت کچھ اپنی ذات کے متعلق بھی ایسے انکشافات سامنے آۓ کہ جو اس سے قبل پوشیدہ تھے۔

میں ان کے اس جملے پر چونکا۔ دریافت کرنے پر موصوف گویا ہوے کہ ایک تو یہ کہ خضاب کے ناپید ہونے کی وجہ سے سر اور داڑھی کے تمام بال اپنی سیاہی کھو چکے ہیں اور اس وجہ سے ہمارا شمار اب عمررسیدہ شہریوں میں ہونے لگا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس سے قبل تو ہم خود کو ادھیڑ عمر ہی گردانتے تھے۔ لیکن اسی ضمن میں ایک معمہ ابھی تک حل طلب ہے۔ اور وہ یہ کہ ہماری داڈھی کے بال،  سر کے بالوں سے بیس باٸیس سال چھوٹے ہیں لیکن وہ سر کے بالوں سے پہلے سفیدکیوں ہو گٸے؟ یہ فرما کر ہماری طرف ایسے نگاہ ڈالی گویا ہم چٹکی میں یہ معمہ حل کردیں گے۔

ہماری جانب سے خاموشی کو ہماری لاعلمی گردانتے ہوے فرمانے لگے کہ اچھا چھوڑو اس بات کو یہ بتاو کہ مٹر کے ساتھ چکن کا قیمہ زیادہ مزیدار لگتا ہے۔ مٹن کا یا بیف کا۔ ابھی ہم اس سوال میں پوشیدہ رموز  کو جاننے کی کوشش ہی کررہے تھے کہ فرمایا اب تم کیاجانو تم تو بیگم کے ھاتھ کا پکا کھاتے ہوگے۔ یہ تو ہم سے پوچھو کہ ان دنوں امور خانہ داری میں مہارت حاصل کرنے کیلیے اہلیہ محترمہ کی شاگردی اختیار کیۓ ہوے ہیں اور اب تو عنقریب سند یافتہ ہونے کو ہیں۔

اسکے بعد مزید رعب جھاڑتے ہوے فرمایا کہ یہ تعلیم امور خانہ محض باورچی خانے تک محدود نہیں بلکہ ان میں گھریلو صفاٸی اور سلاٸی کڑھاٸی، کے مضامین کی تعلیم بھی جاری ہے۔ بس یوں سمجھو کہ عنقریب ہم گھریلو امور پر مکمل دسترس حاصل کر لیں گے۔ اور تمہیں تو شاٸید یہ بھی معلوم نہیں ہوگا کہ برتنوں کی دھلاٸی وم پاٶڈر اور کپڑوں کی دھلاٸی سرف سے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

جبکہ فرش پر پوچھا لگانے سے پہلے خوشبودار فیناٸل کے چند قطرے پانی میں ڈال دیں تو گھر بھینی بھینی خوشبو سے مہکتا رہتا ہے اور حشرات الارض سے بھی پاک رہتاہے۔
لو ایک اور سنو اور یہ سن کر تو تم ہمارے امور خانہ داری کے ماہر ہونے کے قاٸل ہو جاو گے۔ پکوڑے بناتے وقت بیسن میں ایک دو چمچی ٹماٹو کیچپ ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لو تو پکوڑے نہایت لزیز ہو جاتے ہیں بس انہیں تلتے وقت خیال کرنا چاہیۓ کہ سیاہ نہ ہو جاٸیں۔


۔مندرجہ بالا ارشادات کے بعد موصوف نے ہم پر ایک فخریہ نگاہ ڈالی جس سے یہ واضح تھا کہ اب وہ ہم سے زیادہ تعلیم یافتہ ہو گٸے ہیں۔ اور گویا انہیں ہماری کم علمی کا افسوس ہورہا ہو۔
جبکہ ہم یہ سوچ کر ہلکان ہو رہے تھے کہ اس کم بخت کورونا نے کیسے کیسے اعلٰی تعلیم یافتہ۔ خوش لباس اور بڑے عہدوں پر فاٸز افسران کو کن مشاغل میں مبتلا کر دیا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :