ویلنٹائنز ڈے
منگل 15 فروری 2022
سنو! میری عبادت قضا مت کرنا دیکھو آ جانا.
(جاری ہے)
اسکے یہ الفاظ میرے کانوں میں رس گھول رہے تھے خود کے اہم ہونے کا احساس اور زندگی و بندگی ہونے کا مان مجھے ابھی سے پربتوں کے پرے اڑانے لگا تھا
مگر موذن کی صدا مجھے زمین پہ لے آئی "اللہ اکبر" کی صدا نے مجھے جھنجھوڑا پھر میری شہادت کی باری آئی اللہ کی برتری کے بعد اسکے ایک ہونے اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہونے کی گواہی اور پھر صلاح و فلاح کے لیے اس نے پکارا اور آخر میں اللہ کی بڑائی بیان کرتے ہوئے موذن خاموش ہو گیا.
میں پھر سے اپنی محبت کا ہاتھ تھامے خوشبووں اور محبتوں سے بھرے خواب نگر میں سیر کو جانا ہی چاہتی تھی کہ دل نے واعظ شروع کر دیا. جسکا پہلا لفظ ہی محبت تھا میں ٹھٹھک گئی ٹھہر گئی دل کی بات اب میرے دل میں اترنے لگی. تمھیں محبت ہے تو کوئی نئی بات نہیں انسان کا خمیر محبت سے اٹھایا گیا ہے اسلیے محبت کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا. محبت اللہ کا وجدان ہے اسکے محبوب کی عطا ہے. ان زمین و آسمان میں دیکھو ہر طرف محبت ہے تم کونسی محبت کی تلاش میں؟ تم جاو اگر جانا چاہتی ہو تو مگر یاد رکھنا دو لوگوں کے بیچ جب کوئی بھی نہ ہو تب بھی اللہ ہوتا ہے یا شیطان. تم اسکا ہاتھ تھامے جو پھول چننا چاہتی ہو حقیقت میں کانٹے ہیں جو نہ صرف تمھارا بلکہ تمھارے خاندان کی عزت کا دامن تار تار کر دیں گے. اسکے ہاتھوں کا لمس اسکے ہونٹوں کا بوسہ جو آج شہد سا میٹھا اور معطر لگ رہا ہے اصل میں آگ کا وہ ہیولا ہے جو روح تک جلا دے گا, تم محبت کرو ضرور کرو مگر اللہ سے اپنے ان رشتوں سے جنہیں اللہ نے تم سے جوڑا ہے. اور اس سے جسکا ساتھ دونوں جہانوں میں تمھارے لیے راحت و تسکین کا باعث ہو. جو تمھارا لباس ہو اور تم اسکا.
سنو! چور راستوں سے محبتیں نہیں آتیں صرف ذلالتیں آتی ہیں. نکاح کے بغیر بستر تک جاو گی تو ساری زندگی سلوٹیں نکالتی رہ جاو گی اور کردار کی چادر کی یہ سلوٹیں کبھی نہیں نکلتی بھلے آنسووں کی تراوٹ اور جذبات کی سچائی کی استری کتنی ہی تیز کیوں نہ ہو"
دل کا واعظ ختم ہو چکا تھا اور میرے جذبات و احساسات بھی خاموش جیسے گونگے ہو گئے تھے. وضو کرنے جا ہی رہی تھی کہ اسکی دوبارہ کال آگئی اور اسکی تمام باتوں کے جواب میں میں فقط یہی کہہ پائی کہ محبت ہے تو سجدوں میں مانگ لو نصیب بن جائے گا. تمھاری عزت کی چادر ساری زندگی اوڑھے رکھوں گی. مگر اپنی ہوس کی قینچی سے میرے جذبات مت کاٹو احساسات مت کاٹو. یہ الفاظ میرے آخری الفاظ اور اسکی وہ کال آخری کال ثابت ہوئی.اب 14 فروری تو ہر سال آتا ہے مگر ویلنٹائنز ڈے کبھی نہیں آیا...
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.