آن لائن قانون آگاہی کورس (شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی یونیورسٹی ،اسلام آباد)ایک تعارف

منگل 28 اپریل 2020

Muhammad Sohaib Farooq

محمد صہیب فاروق

شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی یونیورسٹی اسلام آبادکے زیراہتمام15تا 20اپریل علماء ومفتیان کرام کے لیے ایک آن لائن قانون آگاہی کورس کا اہتمام کیاگیاجس میں شمولیت سے مجھے ذاتی طورپر غیرمعمولی فائدہ ہوااورکورس کی اختتامی تقریب میں اندرون وبیرون ملک کے شرکاء کے اس کورس بارے خوش کن تاثرات سن کرمزیدشرح صدرہوا مجموعی طورپرتمام شرکاء نے اطمینان وخوشی کااظہارکیااورایسے کورسزکے وقتافوقتا انعقاد کووقت کی اشد ضرورت قراردیا۔

اس کورس کے انعقاد پرہم محترم ڈاکٹرمحمدمشتاق احمدڈائریکٹرشریعہ اکیڈمی اوران کے دیگررفقاء اساتذہ کرام محترم جسٹس محمدرضاخان ،محترم ڈاکٹرعطاء اللہ خان محمودوٹو،محترم ڈاکٹرحبیب الرحمن ،محترم ڈاکٹرعثمان ظفر،محترم عطاء المصطفی ،کورس کوآرڈینیٹرمحترم محمداصغرشہزاداوران کی ساری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے لاک ڈاؤن کے دنوں کی فرصت کوغنیمت جانتے ہوئے اس وقت کو قیمتی بنانے کے لیے ایک زبردست تحقیقی کورس کا اہتما م کیا۔

(جاری ہے)

سبھی مقررین کواپنے متعلقہ مضامین پرخصوصی مہارت حاصل تھی اورانہوں نے سہل وبلیغ انداز میں اسباق پڑھائے اس دوران سوالات وجوابات کا سلسلہ بھی جاری رہا مقررین نے خوش دلی سے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔یہ بات حقیقت ہے کہ دورحاضرمیں ہرگذرتے دن کے ساتھ نِت نئے مسائل جنم لے رہے ہیں جن سے بروقت آگاہی ایک عالم دین ومفتی کے لئے بہت ضروری ہے درس نظامی کی تحصیل کے دوران علمائے کرام کو عملی زندگی میں پیش آئندہ مسائل سے آگاہی ان کی دلچسپی اوررسوخ کاسبب بنتی ہے مدارس دینیہ کے سربراہان پر یہ بھاری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں اس طرح کے کورسز کاانعقاد کریں اوراس میں خصوصا شریعہ اکیڈمی اورکچھ دیگرقانونی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ علمائے کرام کو مختلف شعبہ جات کے ماہرین سے تبادلہ کے مواقع میسرآئیں ،عام طور پردیکھا گیاہے کہ درس نظامی کی تعلیم کے دوران بہت سے طالبعلم سالانہ چھٹیوں میں ہرسال صرف ونحوکے چالیس روزہ کورس کرتے رہتے ہیں ان کی افادیت سے انکارنہیں لیکن وہ ابتدائی سال کے طلباء کے لیے توسودمند ہوسکتے ہیں جبکہ فوقانی درجات کے طلباء کرام کے لیے شریعہ اکیڈمی کے ڈیزائن کردہ کورسز کا اہتما م کرناچاہیے تاکہ مدارس دینیہ کے فضلاء فراغت کے بعد امامت وخطابت کے علاوہ قانون کے شعبہ میں بھی بھرپور خدمات فراہم کرسکیں ۔

اسی طرح ملک میں موجود مختلف دارالافتاء میں موجود مفتیان کرام کو پاکستان میں عدالتی وقانونی نظام کے حوالہ سے مکمل شرح صدرہونا چاہیے اس کے لئے وکلاء وججز صاحبان کے ساتھ مختلف عنوانات پر سیمینارزکا انعقاد اہمیت کا حامل ہے جس سے ہردوطبقات کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
آئندہ سطور میں شریعہ اکیڈمی کا تعارف اس کورس کے اغراض ومقاصداور اس میں پڑھائے گئے موضوعات کا مختصرا ذکرکرنا مناسب سمجھوں گا ،
 شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی یونیورسٹی کا قیام ۱۹۸۱میں عمل میں آیاجس کامقصد اسلامی قانون بارے تفصیلی آگاہی کے ساتھ اس کی نشرواشاعت ہے شریعہ اکیڈمی کے دائرہ کارمیں خاصی وسعت ہے ،یہ تحصیل وضلع کی سطح کے ججز صاحبان ،ملک بھرکے سول وفوجی اداروں کے شعبہ قانون کے افسروں اوراس کے علاوہ وکلاء اورعلما ء ومفتیان کرام کے لیے اسلامی قانون اورپاکستان میں رائج قوانین کے تعارفی کورسزکا انعقاد کرواتی ہے۔

بنیادی طور پرشریعہ اکیڈمی کے ۳تین شعبہ جات ہیں ۔۱۔ٹریننگز،۲۔تحقیق وتالیف،۳۔مراسلاتی کورسز
قانون آگاہی کورس کے مقاصدمیں سے اہم ملکی قوانین (عائلی ،مالیاتی وفوجداری )کاتعارف ،جدیدفقہی مسائل کااہتمام،اجتہاداورافتاء کے مشہور اداروں کی کاوشوں سے آگاہ کرانا،رائج عائلی قوانین کاتحقیقی اورتنقیدی جائزہ پیش کرنااورجدیدرحجانات سے آگاہی ،جدید مسائل پرشرکاء کورس کے درمیان مذاکرے کااہتمام کرنا اوراہم عصری مسائل پرمکالمہ جات،مختلف شعبہ جات کے ماہرین اورجید علماکے ساتھ تبادلہ خیال کے مواقع فراہم کرنا،
حالیہ قانون آگاہی کورس میں درج ذیل موضوعات پر سیرحاصل بحث کی گئی ۔


تصو رقانون ،پاکستان کاقانونی نظام ،عدالتی نظام،دستورپاکستان،قراردادمقاصداسلامی نظام کی دستوری اساس ،دساتیرپاکستان میں اسلامی دفعات ،اسلامی دستوری ادارے،فوجداری قانون کاتعارف،حدووآرڈیننس ،قصاص ودیت کاقانون ،توہین رسالت کاقانون،دیوانی قانون،تنسیخ نکاح کاقانون ،مسلم عائلی قوانین آرڈیننس ،خلع کاقانون،حقوق انسانی کا بین الاقوامی نظام،شہری وسیاسی حقوق کابین الاقوامی معاہدہ ،دستورپاکستان میں بنیادی حقوق،قانون جنگ،عمومی طبی قانونی مسائل،معاصرطبی مسائل (اسقاط،حمل،اورجنین)،انسدادسودکے لئے دستوری اداروں کے کردارکاجائزہ ،

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :