سوات کی سوغات ومصنوعات

جمعہ 6 دسمبر 2019

 Nasir Alam

ناصرعالم

قدرتی حسن سے مالامال اور سیاحت کیلئے مشہوروادی سوات اگر ایک طرف اپنی خوبصورتی کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے تو دوسری طر یہاں پر مقامی سطح پر بننے والی اشیاء بھی اس وادی کی شہر ت میں اضافہ کررہی ہیں ،ان اشیاء میں پہلے نمبرپریہاں کی شالیں ہیں جو سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے بارہ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک خوبصورت گاؤ ں سلام پور میں بنتی ہیں جس میں شالیں،چادریں،واسکٹ ،کوٹ وغیر ہ شامل ہیں جن کی شہرت اور معیارکی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ چیزیں ہاتھوں سے بنائی جاتی ہیں اوراس خوبصورت گاؤں میں موجود کاریگرصدیوں سے بڑی محنت اور لگن کے ساتھ یہ چیزیں بناتے ہیں جنہیں مقامی سطح پر بھی فروخت کیا جاتاہے اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی بھیجا جاتا ہے،اس کے علاوہ سلام پور میں آرڈرپر بھی شالیں ،چادریں اوردیگر اشیاء بنوائی جاسکتی ہیں ،مقامی سطح پر بننے والی ان شالوں نے ملک بھر کی مارکیٹ میں اس قدر جگہ بنائی ہے کہ سوات جو بھی سیاح آتے ہیں وہ سلام پوری شالوں کے بارے میں نہ صرف پوچھتے ہیں بلکہ یہ شالیں اورچادریں خرید کر ساتھ لے جاتے بھی ہیں ،اس کے علاوہ مقامی لوگ بھی سلام پور ی شالیں اورچادریں بڑے شوق سے استعمال کرتے ہیں اور دوست واحباب کو تحفے کے طورپر بھی پیش کرتے ہیں،یہاں پر عرصہ دراز سے یہ شالیں ہاتھوں سے تیار کی جاتی ہیں مگر نہ تو اس کے معیار میں فرق آیا اور نہ ہی اس کی مانگ میں کمی آئی بلکہ اس کی مانگ میں اضافہ ہورہاہے یہی وجہ ہے کہ بہت سے سیاح پہلے سلام پور گاؤں دیکھنے اور شالیں خریدنے کیلئے آتے ہیں اوربعدمیں سوات کے دیگر سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں،اس وقت سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی سلام پوری شالیں دستیاب ہیں تاہم زیادہ تر لوگ سلام پور جاکر ہی خریداری کرتے ہیں اور ایک ٹکٹ میں دومزے کے مصداق اپنی مرضی سے خریداری بھی کرتے ہیں اور سلام پور کے حسن وخوبصورتی سے محظوظ بھی ہوجاتے ہیں،بہت سیاح سلام پورآکر یہاں کے قدرتی حسن میں کھو جاتے ہیں ،جس طرح سلام پور قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے اسی طرح اس علاقے کے لوگ بھی انتہائی مہمان نواز،محنت کش،بااعتماد،خوش اخلاق ،سادہ مزاج اور خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام پسند، امن پسند اور تعلیم یافتہ بھی ہیں جن میں سے بہت سے لوگ اس وقت بھی مختلف سرکاری محکموں میں اہم پوسٹوں پرتعینات ہیں اور ملک وقوم کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں ،اس کے علاوہ سوات کے مر کزی شہر مینگورہ سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ایک اور خوبصورت علاقہ چارباغ ہے ،یہ علاقہ فرنیچر ،روائتی پکوانوں اور مشروبات کی وجہ سے مشہورہے مگر اس کی شہرت کی بڑی وجہ یہاں پر مقامی سطح پر بننے والی ٹوپیاں ہیں جو روزانہ سینکڑوں کی تعدادمیں تیار ہوکر مختلف مارکیٹوں میں پہنچائی جاتی ہیں جسے لوگ بڑے شوق سے استعمال کرتے ہیں باہر کے لوگ یہاں پر آرڈر پر ٹوپیاں تیار کراتے ہیں جسے بعدازاں دیگرعلاقوں میں پہنچا کر فروخت کرتے ہیں،مینگورہ چونکہ سوات کا مرکزی شہر ہے جس کی شہرت کی بیک وقت کئی وجوہات ہیں تاہم موسم سرما میں یہاں پر تیار ہونے والے چپلی کباب اورمختلف اقسام کی مچھلی اس شہر کی شہرت کی وجوہات میں شامل ہیں،یہاں پر مچھلیوں کی بڑی بڑی مارکیٹیں موجود ہیں جہاں پر کچی اور پکی مچھلیاں بآسانی ملتی ہیں،اس کے علاوہ یہاں کے چھوٹے اور عام ہوٹلوں کی چائے اورجوارکی میٹھی روٹی ،گڑ کی امرسی،لسی،مونگ چاول اورسواتی مٹھائی کومینگورہ کی سوغات کہاجاتاہے اوریہ چیزیں ہوٹلوں کے علاوہ گھروں میں بھی تیار کی جاتی ہیں جنہیں مقامی لوگ بڑے شوق سے اور مزے لے لے کر استعمال کرتے ہیں ،حقیقت یہ ہے کہ سوات قدرتی حسن سے مالامال وادی ہے جہاں پر باصلاحیت ،محنت کش،ہنر مند اورتعلیم یافتہ لوگوں کی کمی نہیں لہٰذہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان لوگوں کی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے اورانہیں کامیابی کی دوڑ میں شامل کرانے کیلئے مواقعے فراہم کرے تو وہ ملک وقوم کی تعمیر وترقی میں اہم کرداراداکریں گے۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :