جوبائیڈن کی جیت اورامریکی جمہوری انتخابی تماشا؟

منگل 10 نومبر 2020

Rao Ghulam Mustafa

راؤ غلام مصطفی

امریکی صدارت کے لئے ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے موجودہ امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے امیداوار ڈونلڈ ٹرمپ کو 273الکٹورل کالج کے ووٹ حاصل کر کے شکست دے دی جو بائیڈن امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر نے والے امریکہ کے 46ویں صدر ہونگے۔میڈیا کی دوسری اطلاعات کے مطابق 284 اور290الکٹورل کالج کے ووٹ حاصل کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے بہر حال جو بائیڈن کی فتح کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو صدارتی انتخابات کا فاتح قرار دیاسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ بھاری اکااکثریت کے ساتھ دوبارہ صدر منتخب ہو گئے ہیں ٹرمپ نے ٹوئٹر پر بار بار الزامات عائد کئے کہ بہت غلط ہوا گنتی میں دھاندلی کی گئی کلیدی ریاستوں میں نتائج پر چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات چوری کئے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دنیا بھر کے ممالک کے سربراہان کی جانب سے جوبائیڈن کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن جو 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ سے ہار گئی تھیں انہوں نے جو بائیڈن کی کامیابی پر پر جوش مبارکباد دی اور سابق امریکی صدر بارک اوباما نے جوبائیڈن کی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے سرمایہ افتخار اور بہت بڑا اعزاز قرار دیا ۔

جوبائیڈن نے بھی میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رائے دہندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا امریکی عوام نے ان پر اعتبار کیا جو عوام کی جانب سے اعزاز ہے۔دنیا بھر کی سیاست پر نظر دوڑائی جائے تو اکثر سیاسی رہنماوں کو سیاست وراثت میں ملتی ہے یا ان کی کامیابی مکمل طور پر ان کی اپنی محنت کا نتیجہ ہوتی ہے یا ان کے ارد گرد کے حالات انہیں حادثاتی طور پر لیڈر بنا دیتے ہیں۔

ایک امریکی جریدے نے جوبائیڈن کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ امریکی سیاست میں آج کوئی بھی ایسا شخص نہیں جس کی زندگی جو بائیڈن سے زیادہ المناک واقعات سے تشکیل پائی ہو‘بائیڈن کا طویل سیاسی سفر مسلسل المیوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہا ۔1972میں جب جو بائیڈن امریکی سینٹ کے رکن منتخب ہوئے تو ان کی اہلیہ اور ننھی بچی ایک کار حادثہ میں ہلاک ہو گئیں اور اسی حادثہ میں بچ جانیوالے ان کے بیٹے 2015ء میں دماغ کے کینسر کے باعث فوت ہو گئے ان کا بیٹا کملا ہیرس کا بھی دوست تھا جو اب جو بائیڈن کے ساتھ ہی امریکہ کی نائب صدر بن جائیں گی۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق ان کی زندگی کے ان ہی المناک پہلوؤں نے انہیں ایک عام امریکی کی نظر میں ’زیادہ اپنے جیسا ‘زیادہ حقیقی اور ہمدرد بنایا2020ء کے صدارتی انتخابی مہم میں بھی ان کی ذاتی زندگی کے المیے ان کی سیاسی طاقت کی بنیاد پر پیش کئے جاتے رہے۔امریکہ دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے اور اس ملک کی 244سالہ قدیم جمہوریت ہونے کی وجہ سے یہاں کے انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہوتی ہیں لیکن امریکی صدر ٹرمپ کی ہٹ دھرمی اور اڑیل رویے نے دنیا کی اس قدیم ترین جمہوریت کے حالیہ جمہوری انتخابات کو ایک تماشے میں تبدیل کر کے رکھ دیا جس کا پوری دنیا حیرت کے ساتھ مشاہدہ کر رہی ہے۔

اس مرتبہ کرونا وبا کے سبب امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد نے ڈاک کے ذریعے رائے دہی کو ترجیح دی جس پر ٹرمپ نے ابتدا میں ہی سوالیہ نشان لگا دیا۔رائے شماری میں غیرمعمولی تاخیر کے بعد دونوں امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہوا لیکن نفسیاتی و عددی برتری میں جو بائیڈن سبقت لے گیااور ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کی زمین اس کے پیروں کے نیچے سے سرک گئی ٹرمپ نے اپنی ہار کو دیکھتے ہوئے تین ریاستوں میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ان کی درخواست مسترد ہو گئی۔

امریکہ کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں نے رائے شماری کے بعد جن اندیشوں کی پیشن گوئی کی تھی بلکل ویسا ہی ہوا انتخابات کے بعد اقتدار کی منتقلی مثالی جمہوریتوں کا طرہ امتیاز رہا ہے امریکی انتخابات کی تاریخ میں ایک دو واقعہ کے علاؤہ شکست خوردہ امیدوار نے خندہ پیشانی کے ساتھ اقتدار فاتح امیدوار کو منتقل کیاغلط فہمیاں اور خدشات تو ہر جمہوری ملک کے انتخابات میں ہوتے ہیں مگر انہیں طول دے کر عدالتوں تک لیجانے کا اعزاز صرف ٹرمپ کو حاصل ہوا ہے۔

ٹرمپ کے اس جارحانہ رویے نے امریکی جمہوریت اور اقدار کو شرمندہ کیا ٹرمپ امریکہ کی تاریخ کے روایت شکن صدر واقع ہوئے ہیں۔2016ء میں جن ریاستوں میں ٹرمپ کو برتری حاصل ہوئی تھی وہ آج بھی ان کے قبضے میں نظر آتی ہیں لیکن امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے‘کرونا وبا سے نمٹنے کے لئے غیر سنجیدہ رویہ‘نسل پرست ایجنڈا‘بیرونی محاذ پر فلسطینی کاز کو نقصان‘ور ناکام پالیسیوں نے امریکہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا حتی کہ چین امریکہ کو معاشی رفتار میں پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی نمبر ایک معشیت بن گیا۔

ٹرمپ نے امریکہ کی قدیم جمہوری روایات اور اقدار کو پس پشت ڈال کر مروت و ہمدردی کا نقاب اپنے چہرے سے نوچ کر پھینک دیا سابق امریکی صدور کی اکثریت بھی صہیون نواز رہی ہے لیکن ٹرمپ کے نا عاقبت اندیش فیصلوں کے باعث فلسطین کو بے یارو مدد گار جتنا ٹرمپ نے کیا کسی امریکی صدر نے نہیں کیا۔بہر حال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کے اور بہت سے اسباب ہیں جن پر ایک اضافی تحریر درکار ہے۔

ٹرمپ کی ناکامیوں اور نا عاقبت اندیش فیصلوں کی ایک طویل فہرست ہے لیکن ہمارا موضوع سخن امریکہ کی قدیم ترین جمہوریت کے جمہوری انتخابات کا انتخابی تماشا اور جو بائیڈن کی فتح ہے ٹرمپ کے ضدی اور جارحانہ رویے نے امریکی جمہوری انتخابی عمل پر ایک دھماکہ خیز سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ نتائج کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے جس انداز میں امریکی جمہوری اانتخابات پر الزامات لگائے ہیں وہ امریکی جمہوریت پر سرخ دائرہ لگا دینے کے لئے کافی ہیں ۔پوری دنیا کو جمہوریت کا درس دینے والے امریکہ کے لئے سخت آزمائش کی گھڑی ہے دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ جمہوری انتخابات پر اٹھنے والے سوالیہ نشان کے تاثر کو زائل کرنے میں کس حد تک کامیاب ہو پاتا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :