انڈرورلڈ کے کارندے

بدھ 28 جولائی 2021

Syed Badar Saeed

سید بدر سعید

اگر آپ کو بدمعاشی کا شوق ہے یا آپ بدمعاشی کو ہیرو ازم سمجھتے ہیں تو ان تصاویر سے عبرت حاصل کریں ۔ یہ لاہور انڈرورلڈ کے کارندے ہیں ۔

اپنے اپنے علاقوں میں بدمعاش سمجھے جاتے ہیں ۔ علاقے کے لوگ ان سے ڈرتے ہیں اور یہ لوگوں پر رعب ڈالتے ہیں ۔ یہ وہ منظر نامہ ہے جو انہوں نے اپنی چودھراہٹ کے لیے قائم کر رکھا ہے ۔


اب حقیقت کیا ہے ۔ یہ بدمعاش ہر ماہ پولیس اسٹیشن آکر حاضریاں لگاتے ہیں ، اپنا انگوٹھا لگاتے ہیں ، دستخط کرتے ہیں اور اس دن کی تاریخ لکھتے ہیں ۔ یہ کہیں آنے جانے سے پہلے متعلقہ تھانے دار کو بتا کر اور اجازت لے کر جانے کے پابند ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)


عام طور پر زیادہ تر بدمعاش بڑھکیں لگاتے ہیں کہ تھانیدار ان کی مٹھی میں ہے ۔

وہ تھانے جا کر اپنا کام کرواتے ہیں ، تھانیدار کی کرسی پر بیٹھتے ہیں اور حکم چلاتے ہیں ،اپنے سامنے اپنے مخالف کو پھینٹی لگاتے ہیں ۔ لوگ ان کی اور ان کے چمچوں کی باتوں پر یقین کر لیتے ہیں کیونکہ عام شہریوں نے تھانے جانا ہی نہیں ہوتا
اب آپ خود دیکھ لیں کہ انہیں کسی تھانیدار کی کرسی پر بٹھایا جاتا ہے یا پھٹے نما بنچ پر ؟ یہ حکم چلاتے ہیں یا کھڑے ہو کر اپنی حاضری لگاتے ہیں ۔

ان کے ساتھ کس انداز میں بات کی جاتی ہے اگر وہ ویڈیو اپ لوڈ کر دوں تو لوگ یقین نہ کریں ۔ بظاہر ان کے کیسز یا تو عدالت میں ہیں یا یہ سزا بھگت آئے ہیں ۔ان کی گرفتاری کا جواز نہیں لیکن اس کے باوجود اپنے کرمینل ریکارڈ کی وجہ سے انہیں کہیں آنے جانے سے پہلے اجازت لینا ہوتی ہے اور ہر مہینے پیش ہو کر حاضری دینی ہوتی ہے ۔تھانہ آج بھی بدمعاشوں کے لیے اچھی جگہ نہیں ہے ، یہاں ان کی حیثیت ٹکے ٹوکری نہیں ہوتی ۔


اس ہفتے صرف لاہور کے تھانوں میں جن بدمعاشوں نے حاضریاں لگائیں ان میں بورے خان، ظاہر خان اور خاور ڈوگر جیسے لوگ بھی شامل تھے  ۔ شیر علی عرف بورے خان نے تھانہ مصری شاہ میں حاضری رجسٹر پر انگوٹھا لگایا، ظاہر خان نے تھانہ راوی روڈ میں انگھوٹھا لگایا اور خاور ڈوگر نے تھانہ ملت پارک میں حاضری رجسٹر پر انگھوٹھا لگایا۔
بدمعاشی آپ کو ہیرو سے زیرو بنا دیتی ہے ،آپ کو ہر ماہ ذلیل ہونا پڑتا ہے ، تھانے جا کر حاضریاں لگانی پڑتی ہیں ،مخالفین کی گولیوں سے بچنا پڑتا ہے ۔ یہ اچھی چیز نہیں ہے ۔فلموں سے متاثر ہو کر بدمعاش نہ بنیں ورنہ آپ کی اپنی زندگی ایک فلم بن جائے گی-

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :