
سیاسی دباؤ سے آزاد پولیس !!
اتوار 5 اگست 2018

سید بدر سعید
انتخابات کے حوالے سے بہت سے ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جو تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں ۔
(جاری ہے)
میری زیادہ توجہ انتخابی سکیورٹی پر مرکوز تھی اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں الیکشن کے نام پر جس خون ریزی اور غنڈہ گردی کا کلچر چلتا ہے وہ بہت خوفناک ہے ۔
اس بار بھی بم دھماکے اور لڑائی جھگڑوں کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن پنجاب میں ایسا نہیں ہوا ۔ میں نے اس ساری صورت حال کو ایک فریم میں کیس سٹڈی کے طور پر دیکھنے کی کوشش کی ہے ۔ میں جاننا چاہتا تھا کہ وہ کونسے عوامل رونما ہوئے کہ جو پنجاب جاگیرداروں اور وڈیروں کے الیکشن کی وجہ سے دھونس دھاندلی کا ذمہ دار سمجھا جاتا تھا اب کی بار پر امن رہا ۔ پنجاب میں ہی یہ الزام بھی لگتا تھا کہ جاگیر دار پولیس اور دیگر اداروں کو ساتھ ملا کر پولنگ اسٹیشنز پر اثر انداز ہوتے تھے ۔ ایک رائے یہ بھی تھی کہ اگر مقامی پولیس ان کا ساتھ نہ دے تب بھی کم وسائل اور مختصر افرادی قوت کی وجہ سے ان کے مقابل کھڑی نہیں ہو سکتی تھی ۔دوسری جانب 2018 کے الیکشن میں یہی با اثر سیاست دان پولیس سے نالاں رہے ۔ ہوائی فائرنگ ہی نہیں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی ان بااثر افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور ان کے خلاف کاروائیاں ہوئیں ۔ پنجاب نے یہ سب پہلی بار دیکھا تھا اور دلچسپ بات یہ تھی کہ ایسا کسی ایک جماعت کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ اعداد و شمار کے مطابق قانون شکنی پر جن کے خلاف پولیس نے کاروائیاں کیں ان میں تمام قابل ذکرسیاسی جماعتوں سمیت آزاد اراکین اور ان کے حامی بھی شامل تھے ۔ میرے خیال میں ایسا اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب پولیس کے اہلکار کو معلوم ہو کہ اسے بااثر افراد کے خلاف کاروائی پر کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔یہ وہ پولیس کلچر ہے جس کا ذکر ہم نے کتابوں میں پڑھا تھا کہ انگریز دور میں ایک تنہا اہلکار بھی ڈاکوں کا جتھہ گھیر کر اکیلا ہی تھانے لے جاتا تھا اور عوام اس کے مددگار بنتے تھے ۔ قیام پاکستان کے بعد پولیس کو سیاسی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تو یہ کارکردگی اور رعب بھی ختم ہونے لگا ۔ اب ایک بار پھر قانون کی حکمرانی کا تاثر قائم ہوا ہے جس کا کریڈیٹ انتہائی پڑھے لکھے آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کو جاتا ہے ۔ اس کا اندازہ ایک اور واقعہ سے بھی ہوتا ہے ۔ انتخابات کے بعد لاہور میں تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی کے ڈیرے پر رات گئے فتح کے جشن کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ کسی شہری نے فوری طور پر 15 پر کال کی اور اگلے ہی لمحے مقامی تھانے کا ایس ایچ او وہاں پہنچ گیا اور قانون شکنی سے روکنے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود لوگوں نے فتح کے خمار میں اس کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ یہاں ہم ایسے آئیڈیل ازم کے حامیوں کے لئے یہ بہت اہم بات تھی کہ ایک تھانے دار کے نزدیک اس بات کی کوئی اہمیت نہیں تھی کہ قانون شکنی کرنے والا نہ صرف رکن اسمبلی ہے بلکہ ممکنہ حکمران جماعت کا حصہ بھی ہے ۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہوئی کہ زخمی تھانے دار اور اہلکاروں کو ہسپتال پہنچایا گیا تو وہاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام اورڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی پہنچ گئے ۔ یہ آدھی رات کا وقت تھا ۔ آئی جی پنجاب نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے جس پر پہلے تو رکن اسمبلی مفرور ہو گئے لیکن بالآخرگرفتاری دینی ہی پڑی ۔ ایک نو منتخب رکن اسمبلی کو حلف برداری سے قبل جیل یاترا نے یہ تو سمجھا دیا ہوگا کہ اب وہ دور لد گیا جب پولیس کو عہدے یا طاقت کے زور پر دباؤ میں رکھا جا سکتا تھا ۔ یہ نیا پنجاب ہے جہاں پر امن انتخابات کو یقینی بنانے والے آئی جی پولیس کے نزدیک قانون کی حکمرانی سے اہم کچھ نہیں ۔ میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ جب پولیس قیادت اپنے اہلکاروں کو عزت اور اعتماد دے گی تب ہی پولیس کلچر تبدیل ہو سکے گا۔ خوش قسمتی سے موجودہ آئی جی پنجاب نے سب سے پہلے یہی کام کیا ہے ۔ انہوں نے اپنی فورس پر واضح کیا کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے ۔ انتخابی کمپین کے دوران بھی قانون کی یہ حکمرانی سبھی جماعتوں کے حوالے سے یکساں نظر آئی اور انتخابات کے بعد بھی پولیس کے ایسے ایکشن واضح کرتے ہیں کہ کوئی امیر ہو یا غریب ، حاکم ہو یا رعایا، اب سبھی کے لئے قانون کی پابندی لازم ہے ۔
گزشتہ دنوں ایسے کئی واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اس حوالے سے اعداد و شمار ہمیں ایک نئے پنجاب کی نوید سنا رہے ہیں ۔ یقینا پنجاب پولیس کی اس تبدیلی کا کریڈیٹ ہمارے کئی سیاست دان لینے کی کوشش کریں گے لیکن تاریخ کے اوراق میں یہ لکھنا لازم ہے کہ پنجاب پولیس کی تبدیلی کسی سیاست دان یا سیاسی جماعت کی بجائے آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کی مرہون منت ہے ۔ وہ لمحہ پنجاب پولیس کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا جب ایک تھانیدار رکن اسمبلی سے مرعوب ہوئے بغیر کاروائی کرتا ہے اور آئی جی پنجاب فرض کی راہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو پشت پناہی کا احساس دلانے آدھی رات کو ہسپتال پہنچ جاتے ہیں ۔ آئی جی پنجاب کا فورس کے ساتھ کھڑے ہونے کا یہی وہ عمل ہے جس نے پولیس فورس کا مورال انتہائی بلند کر دیا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ حقیقی تبدیلی بھی وہی ہوتی ہے جومحکمہ کے اندر سے جنم لے۔ آئی جی پنجاب نے نگران حکومت کے دوران پولیس کلچر تبدیل کیا ہے اور یقینا اپنے حصے کا کام احسن انداز میں سر انجام دیا ہے اب ہم نئی حکومت سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کرنے کے لئے قانون سازی کرے گی۔ یہ لازم ہے کہ پولیس کے اندرونی فیصلے کسی سیاسی یا عوامی عہدے کی بجائے محکمہ پولیس کے سربراہ کے اختیار میں ہوں تاکہ وہ اپنی ٹیم کو بہتر انداز میں میدان عمل میں اتار سکے ۔ اگر ماضی کی طرح اہم تبادلے اور پوسٹنگ آرڈرز کسی ایسی جگہ سے ہونے لگے جہاں سیاست تو ہو لیکن پروفیشنل مہارت کو پرکھنے کا تجربہ نہ ہو تو پھر ہم اس بڑی کامیابی سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
سید بدر سعید کے کالمز
-
پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون!
ہفتہ 1 جنوری 2022
-
کورونا لاک ڈاؤن کے بعد کی دُنیا
جمعہ 30 جولائی 2021
-
ڈیجیٹل میڈیا۔۔۔۔ بےروزگاری میں پیسے کمانے کا سب سے بڑا میڈیا!
جمعرات 29 جولائی 2021
-
انڈرورلڈ کے کارندے
بدھ 28 جولائی 2021
-
آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مائیکرو ڈرون بم ۔۔۔۔ انسان کی ترقی یا موت ؟؟
ہفتہ 13 فروری 2021
-
سیاسی دباؤ سے آزاد پولیس !!
اتوار 5 اگست 2018
-
پولیس کے تبادلے اپنی جگہ مگر دھاندلی کے اصل ذمہ دار کوئی اور!!
جمعہ 29 جون 2018
-
پولیس اصلاحات ۔ نئی وردی بدتمیز اہلکاروں کے لئے خطرہ بن گئی
اتوار 9 اپریل 2017
سید بدر سعید کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.