پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون!

ہفتہ 1 جنوری 2022

Syed Badar Saeed

سید بدر سعید

کسی بھی قوم کی تباہی کے لئے یہ کافی ہے کہ اس کے نوجوانوں کوعضو ناکارہ بنا دیا جائے۔یہی وجہ ہے کہ کامیاب ریاستیں اپنے نوجوانوں پر خاص توجہ دیتی ہیں اور انہیں معاشرے کا متحرک فرد بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔ ہم کبھی بھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کسی ایک نوجوان یا چند نوجوانوں کے ناکام ہونے سے ریاست کو فرق نہیں پڑے گا۔فرد کی کامیابی یا ناکامی ہی ریاست کی کامیابی یا ناکامی کا پیش خیمہ بنتی ہے۔

  ریاست کے لئے ہر فرد کی اہمیت ہوتی ہے۔حضرت اقبال نے اسی لئے ہر فرد کو ملت کے مقدر کا تارہ قرار دیا تھا۔ بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی کو روکنے کے لئے چند ملک دشمن عناصر نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ یہ بھی سچ ہے کہ ہمارے معاشرے میں نوجوان منشیات ڈیلرز کا سافٹ ٹارگٹ ہیں جنہیں محفوظ رکھنا ہر شہری کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب پولیس ان منشیاف فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے انہیں عدالتوں سے سزائیں دلوانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی پالیسی بھی اس حوالے سے بالکل واضح ہے اور انہوں نے پولیس افسران کو واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے حقدار نہیں ہیں اور ان کے خلاف کاروائی کرنے میں لاپروائی برتنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پنجاب بھر کے پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت اور اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام اضلا ع میں پولیس ٹیمیں اپنی کاروائیوں میں تیزی لائیں۔

انہوں نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں، ڈیلرز، اور اسمگلرز کے خلاف زیروٹالرینس کے تحت کاروائی کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔  اس سلسلے میں انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کو ان سماج دشمن عناصر سے محفوظ رکھنے کی ہدایات دی ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں۔ ان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں، کالجز، یونیورسٹیز اورہاسٹلز کے گردو نواح میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو آئس سمیت دیگر فیشن ایبل ڈرگز کی جانب راغب کرنے اور سپلائی دینے والے مجرمان کے قلع قمع میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

پنجاب پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کیلئے سپیشل پلان تشکیل دیے ہیں جبکہ منشیات کے قلع قمع کیلئے کام کرنے والے دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ موثرکوارڈی نیشن سے کاروائیوں کو مزید فاسٹ ٹریک کیا جا رہا ہے۔
منشیات فروشی کے خلاف پنجاب پولیس کی کاروائیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے رواں برس صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف 44921 مقدمات درج کیے اور 45793 منشیات فروشوں، سمگلرز اور مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔

رواں سال مجموعی طور پرملزمان کے قبضے سے 22042کلو گرام چرس،662.119کلو ہیروئن،49123 گرام آئس اور 747210لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ دوسری جانب صرف گزشتہ ایک ہفتے میں پنجاب پولیس کی کاروائیوں کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آئی جی پنجاب کی کمانڈ میں پنجاب پولیس اس حوالے سے انتہائی متحرک ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف 1770مقدمات درج کیے گئے اور 1747منشیات فروشوں، سمگلرز اور مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔


منشیات فروشوں کے خلاف یہ کاروائیاں بلاتفریق ہر ضلع میں ہو رہی ہیں اور پنجاب پولیس باقاعدہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کر رہی ہے۔ایک ہفتے کے دوران لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف 309 مقدمات درج کرتے ہوئے307افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے 116کلو گرام چرس،6کلو ہیروئن، 483گرام آئس اور 2437لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

اسی طرح شیخوپورہ ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف46مقدمات درج کرتے ہوئے44افراد کو گرفتار کیا گیااور ملزمان کے قبضے سے31کلو گرام چرس اور 417لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ گوجرانوالہ میں پولیس نے ایسے ناسوروں کے خلاف 341 مقدمات درج کرتے ہوئے318افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے188کلو گرام چرس،11کلو ہیروئن،4گرام آئس اور 999لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

راولپنڈی ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف96مقدمات درج کرتے ہوئے86افراد کو گرفتار کیا گیااورگرفتار افراد کے قبضے سے33کلو گرام چرس اور996لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ اسی طرح سرگودھا ریجن میں  پولیس نے 69مقدمات درج کرتے ہوئے منشیات سے متعلق 59 ملزمان کو گرفتار کیاجبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے18کلو گرام چرس،2کلو ہیروئن اور 661لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

  اگر ہم فیصل آباد ریجن کا جائزہ لیں تو وہاں منشیات فروشوں کے خلاف267مقدمات درج کرتے ہوئے291افراد کو گرفتار کیا گیااوران کے قبضے سے54کلو گرام چرس،2کلو ہیروئن،181گرام آئس اور 5262لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ملتان ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف191مقدمات درج کرتے ہوئے183افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ مجرمان کے قبضے سے96کلو گرام چرس،1.119کلو ہیروئن اور 2681لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

پولیس نے ساہیوال ریجن میں بھی منشیات فروشوں کے خلاف125مقدمات درج کرتے ہوئے 125افراد کو گرفتار کر لیا اورملزمان کے قبضے سے46کلو گرام چرس،1کلو ہیروئن اور1832لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ڈی جی خان ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف142مقدمات درج کرتے ہوئے142 افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ مجرمان کے قبضے سے84کلو گرام چرس،12کلو ہیروئن اور6490لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

بہاولپور ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف184مقدمات درج کرتے ہوئے192افراد کو گرفتار کیا گیاا ور گرفتار افراد کے قبضے سے33کلو گرام چرس،25گرام آئس اور3280لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
ان اعداد و شمار کے مطابق پنجاب پولیس نے ہفتے کے دوران مجموعی طور ملزمان کے قبضے سے 699کلو گرام چرس، 35کلواور119 گرام ہیروئن، 693 گرام آئس اور 25055  لیٹر زشراب برآمد کی ہے۔

آئی جی پنجاب نے  واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اگر کوئی پولیس افسرا یا اہلکار منشیات فروشوں کی پشت پناہی میں ملوث ہوا تو اسکے خلاف بھی سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو اس دھندے میں ملوث کسی بھی ملزم کے ساتھ ہوتا ہے۔ بطور پاکستانی شہری ہمارا بھی فرض ہے کہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں اور منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں پولیس کے معاون بنیں۔ یاد رہے اگر منشیات فروش آپ کے علاقے میں اپنا نیٹ ورک بنانے میں کامیاب ہو گئے تو اس کے اثرات آپ کے اپنے گھر تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :