وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھائیں ، چودھری عبدالمجید

پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذکرات پر زور دیا ہے ،بھارت نے پیشگی شرائط عائد کرکے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا ، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 29 ستمبر 2015 17:29

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھائیں پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے مذکرات پر زور دیا ہے لیکن بھارت نے پیشگی شرائط عائد کرکے مذکرات کے عمل کو سبوتاز کیا ہے سیز فائرلائن اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون اور امریکن وزیر خارجہ جان کیری کو جس طرح وزیراعظم میاں نواز شریف نے حقائق سے آگاہ کیا ہے اس فورم سے فائدہ اٹھا کر تمام عالمی رہنماؤں کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وستم اور ورکنگ باؤنڈری ،سیز فائرلائن پر بلا اشتعال گولہ باری نہتے شہریوں کی شہادت سے بھی آگاہ کیا جائے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے عالمی امن میں پاکستان کا اہم کردار ہے جسے دنیا تسلیم کرتی ہے سب سے زیادہ پاکستانی دستے اس مشن میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے اعلیٰ آفیسران، پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ میں آج وزیراعظم ہوں تو کارکنان کی وجہ سے ہوں مجھے اپنی ذات نہیں بلکہ پوری ریاست کے لیے سوچنا ہوتا ہے عوامی مشکلات دور کرنے کے لیے دن رات کام کررہا ہوں وہ پارٹی کارکنوں سے کمیٹی روم میں گفتگو کررہے تھے اس موقع پر وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب، میڈیاایڈوائزر شوکت جاوید اور میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ عوام کے لیے ایوان وزیراعظم اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ہیلتھ پیکج کے بعد ایجوکیشن پیکج بھی دے رہے ہیں کارکنان انتخابات کی تیاریاں کریں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی پارٹی کے اندر اتحاد واتفاق ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ قبیلے اور برادریوں کو مذہب نہ بنایا جائے کارکنوں کے ساتھ کسی کو من مانی نہیں کرنے دوں گا کسی کو بے روزگار نہیں ہونے دیں گے۔

پیپلزپارٹی کاکام ہی روزگار دنیا ہے۔بعدازاں محکمہ سیاحت کے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں خوبصورت سپاٹس پر ریسٹ ہاؤسز تعمیر کیے جائیں تاکہ آزادکشمیر آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم ہوں اس موقع پر سیکرٹری سیاحت ظہور الحسن گیلانی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سنٹرل پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میڈیا کو تحریک آزادی کشمیر اور عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی مظالم بے نقاب کرنے میں الیکٹرانک میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ صحافی قومی مفاد کو سامنے رکھیں کیونکہ موجودہ حالات میں جب کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گز ررہا ہے جہاں اندرونی وبیرونی خطرات ہیں اور دہشت گردی بھی ہے میڈیا کے کردار اور بھی زیادہ اہم ہوگیا ہے۔میڈیا عوام کو حقائق سے آگاہ کرے اور ملک دشمن عناصر کوبے نقاب کرے۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اندرون ملک وبیرون ملک وطن دشمنوں سے برسرپیکار ہے ہم ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔