کے الیکٹرک اب کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ شدید گرم

موسم اور خصوصاً رمضان المبارک کے مہینے میں شہریوں کو ریلیف مل سکے،میئرکراچی کراچی میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے سوئی سدرن کو 190ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے منظوری دے دی ہے لہٰذا کے الیکٹرک فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرے، وسیم اختر

پیر 23 اپریل 2018 20:31

کے الیکٹرک اب کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ شدید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے سوئی سدرن کو 190ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے منظوری دے دی ہے لہٰذا کے الیکٹرک فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرے اور کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ شدید گرم موسم اور خصوصاً رمضان المبارک کے مہینے میں شہریوں کو ریلیف مل سکے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مشکور ہیں اور وفاقی کابینہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کراچی کے اس اہم مسئلہ پر توجہ دی، یہ بات انہوں نے پیر کی سہ پہر اپنے دفتر میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین جائیداد کمیٹی ناصر خان تیموری، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہید فاطمہ اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئرکراچی نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ لاہور کے موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی اور دیگر ارباب اختیار سے بھی اس سلسلے میں بات چیت کی تھی جس کے نتیجے میں وزیراعظم پاکستان نے بھی کراچی کی صورتحال کا نوٹس لیا اور سوئی سدرن کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کو مطلوبہ مقدار میں گیس فراہم کی جائے، انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو یہ اس شہر کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوگی، بطور میئر کراچی میں نے کراچی کے عوام کے مسائل ارباب اقتدار کے سامنے رکھ دیئے ہیں اور اپنا فرض پورا کردیا ہے، مزید ایک قدم بڑھاتے ہوئے کراچی میں بجلی کی کمی کی وجہ سے پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ بھی اٹھایا ہے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں بھی ضرور کچھ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا ہے اس لئے کے الیکٹرک کو اب اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور اپنے بند پلانٹ دوبارہ چلانے چاہئیں کیونکہ انہوں نے ہمیں یہ بتایا تھا کہ اگر انہیں 272 میں سے 190ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی مل جائے تو وہ رمضان میں لوڈشیڈنگ نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے پورا شہر شدید اذیت سے دو چار ہے، اب یہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن پر منحصر ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے اعلان پر عمل کریں بصورت دیگر وزیراعظم ہائوس خود اس کا نوٹس لے گا، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ذمہ داروں کے ساتھ مذاکرات میں ، میں نے یہ معاملہ بھی اٹھایا تھا کہ وہ بجلی چوری کا جواز پیش کرکے ان شہریوں کو سزا نہ دیں جو کے الیکٹرک کے بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جہاں تک اختیارات کا سوال ہے کراچی کا 20 فیصد بھی میرے پاس نہیں، اگر رمضان المبارک کے لئے بھی بجلی کی فراہمی کا کوئی انتظام کراسکوں تو یہ بڑی بات ہوگی، کے الیکٹرک کے ساتھ مسلسل بات چیت اور رابطے جاری ہیں ان کے ساتھ کئی معاملات حل طلب ہیں اور ہم نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا ہے کیونکہ انہیں بھی ہمارے واجبات ادا کرنے ہیں ، امید ہے کہ اس معاملے کا کوئی حل نکل آئے گا، انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پہلی بار کراچی کا کوئی مسئلہ اس قدر زور و شور سے اٹھایا گیا ہیاور وزیراعلیٰ سندھ نے بھی وزیراعظم پاکستان کو خط لکھے اور دیگر لوگوں نے بھی کوششیں کی ہیں، ہمارے لئے یہ ضروری تھا کہ تمام باتیں عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ انہیں علم ہوسکے کہ ہم نے اس سلسلے میں اپنا فرض پورا کردیا ہے، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام سڑکوں اور نالوں سے تمام کیبلز اور دیگر سروسز ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے اور آئی آئی چندریگر روڈ پر صورتحال میں بہتری آئی ہے ، جلد ہی شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی کارروائی کرکے تمام کیبلز ہٹادیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے اہم اور بڑے مسئلے جلد از جلد حل ہوں لہٰذا چھوٹی اور معمولی باتوں سے درگزر کی پالیسی اپنائی ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے کراچی میں گھنٹوں اور پورا پورا دن لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف شہری بے انتہا پریشان ہیں اور اذیت میں مبتلا ہیں بلکہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بھی انتہائی متاثر ہو رہی تھیں، طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دو بھر کردیا تھا بلکہ شہری اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دے پا رہے تھے اور نہ ہی طالب علموں کے لئے یہ ممکن تھا کہ وہ امتحانات کی تیاری کرسکیں، ایسی صورتحال میں میئر کراچی کی حیثیت سے میرا یہ فرض تھا کہ میں اس بات کا نوٹس لوں اور اس مسئلے کے فوری حل کے لئے کوشش کروں،انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 17اپریل کو میں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ کے الیکٹرک کے دفتر پر مظاہرہ کیا اور ان کے اعلیٰ حکام سے مذاکرات کئے اور ان سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے درمیان تنازعے کا خمیازہ کراچی کے عوام کو نہیں بھگتنا چاہئے،رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ صورتحال اس قدر خراب تھی کہ اسپتالوں اور طبی مراکز کو بھی لوڈشیڈنگ سے نہیں بخشا گیا تھا،آپ سب اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم نے وہاں یہ مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس اس بحران کو حل کرنے کے لئے کے الیکٹرک کو 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرے اور اس کے بعد میں نے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے بھی درخواست کی کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں ،اس مسئلے کو لے کر گزشتہ جمعہ کو میں میئر لاہور کی دعوت پر لاہور گیا جہاں میری میئر لاہور کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں ، میں نے ان گزارش کی کہ کراچی کے لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث اذیت میں مبتلا ہیں اور کاروبار زندگی ختم ہو کر رہ گیا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں نہ بجلی ہے اور نہ پانی، جس کے باعث شہریوں پر زندگی تنگ ہوتی جا رہی ہے ، کے الیکٹرک فوری طور پر اس مسئلے پر قابو پائے، اگر یہ معاملات حل نہ ہوئے تو ممکن ہے کہ کراچی کے شہری سڑکوں پر نکل آئیں،میں اپنی جانب سے اور کراچی کے شہریوں کی جانب سے وزیراعظم پاکستان جناب شاہد خاقان عباسی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور وزیراعلیٰ پنجاب جناب شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کیا اور مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اسی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ میں یہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے کراچی کے اس اہم مسئلے پر نہ صرف توجہ دی بلکہ اس مسئلے کے حل کے لئے بھی کوششیں کرتے رہے، کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی کے بعد امید ہے کہ کراچی کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات ملے گی اور رمضان المبارک کے ایام اور شدید گرمی کے اس موسم میں شہریوں کو ریلیف ملے گا،انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایک بار پھر امن و آشتی کا شہر بنانا چاہتے ہیں ، روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں اور دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے لئے ہمیں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کی بھی بھرپور توجہ درکار ہے اور کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو بھی فوری مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔