الیکشن قریب ہوں تو آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی اڑانیں ہوتی ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کا ساتھ حاصل ہے،

ہم حوصلہ اور جذبہ میں ہیں، ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے معاملہ پر ہمیں کوئی کمپرو مائز نہیں کرنا چاہئے، 22 کروڑ عوام کا ہم پر قرض ہے کہ ان کا مستقبل ٹھیک کرنا ہے، کسی سے ڈرنا نہیں ہے، نکلیں گے تو ملک ٹھیک ہو گا، الله تعالیٰ ہماری مہم اور جدوجہد کو اس مرتبہ ضرور کامیابی عطا کرے گا اور اس جدوجہد کو آخری وقت تک جاری رکھوں گا، نیب میں تمام مقدمات کرپشن سے متعلقہ ہی ہوتے ہیں لیکن آج تک نیب میں میری طرح کا کوئی کیس نہیں آیا، میرا کیس نہ اختیارات کے ناجائز استعمال کا ہے اور نہ ہی کرپشن سے متعلق ہے، مجھ پر رائے ونڈ روڈ کو 20 فٹ سے زیادہ چوڑی کرنے کے حوالہ سے بھی ایک نیا کیس بنایا جا رہا ہے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 19:03

الیکشن قریب ہوں تو آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی اڑانیں ہوتی ہیں، اس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) |مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن قریب ہوں تو آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی اڑانیں ہوتی ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کا ساتھ حاصل ہے، ہم حوصلہ اور جذبہ میں ہیں، ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے معاملہ پر ہمیں کوئی کمپرو مائز نہیں کرنا چاہئے، 22 کروڑ عوام کا ہم پر قرض ہے کہ ان کا مستقبل ٹھیک کرنا ہے، کسی سے ڈرنا نہیں ہے، نکلیں گے تو ملک ٹھیک ہو گا، الله تعالیٰ ہماری مہم اور جدوجہد کو اس مرتبہ ضرور کامیابی عطا کرے گا اور اس جدوجہد کو آخری وقت تک جاری رکھوں گا، نیب میں تمام مقدمات کرپشن سے متعلقہ ہی ہوتے ہیں لیکن آج تک نیب میں میری طرح کا کوئی کیس نہیں آیا، میرا کیس نہ اختیارات کے ناجائز استعمال کا ہے اور نہ ہی کرپشن سے متعلق ہے، مجھ پر رائے ونڈ روڈ کو 20 فٹ سے زیادہ چوڑی کرنے کے حوالہ سے بھی ایک نیا کیس بنایا جا رہا ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 53 ہزار سے 37 پوائنٹس پر آ گئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر گرتے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاکستان کیسے ترقی کرے گا، ہمیں ورثہ میں 3.94 فیصد شرح نمو ملی تھی جس کو ہم نے 5.4 فیصد تک پہنچا دیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اس مرتبہ 5.96 فیصد پر آ جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ نیب میں تمام مقدمات کرپشن سے متعلقہ ہی ہوتے ہیں لیکن آج تک نیب میں میری طرح کا کوئی کیس نہیں آیا، میرا کیس نہ اختیارات کے ناجائز استعمال کا ہے اور نہ ہی کرپشن سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اٹک قلعہ میں پہلے بھی 14 ماہ قید کاٹی اور سات سال جلاوطن رہا، مجھے آج تک اس کی بھی وجہ معلوم ہوئی نہ جواب ملا، اس کے باوجود میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بنا جو میرے لئے باعث عزت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مرتبہ آئین کے ساتھ زیادتی ہوئی، کسی کے ساتھ ظلم میں اس حد تک نہیں جانا چاہئے۔ نواز شریف نے کہا کہ میں نے ہمیشہ دوسرے اداروںکا احترام کیا ہے، عدلیہ بحالی کیلئے ہم نے لانگ مارچ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری جماعت میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو عوام کے وسیع تر مفاد میں کھڑے رہے اور کبھی نہیں ڈرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب انسان ہیں، ہم سے غلطیاں سرزد ہوئی ہیں، وہ انسان ہی نہیں جس سے غلطی یا گناہ سرزد ہو، میں ’’سپر ہیومن‘‘ نہیں ہوں، ایک کمزور آدمی ہوں، بیمار اہلیہ کو دیکھنے کیلئے لندن جانا ضروری تھا مگر جب میں روانہ ہوا تو یہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ میں واپس نہیں آئوں گا، میں جا کر واپس بھی آ گیا ہوں، ایسی قیاس آرائیاں آخر کیوں کی جاتی ہیں جو ہر دفعہ جھوٹی ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے بعد 70 سال میں عوام نے ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو اپنے ووٹ سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری نہیں کر سکا، بھارت میں ایسا کبھی نہیں ہوا، یہاں پر کسی کو پھانسی دی جاتی ہے اور کسی کو جلاوطن کر دیا جاتا ہے، اس کی وجہ سب کو معلوم ہے، یہ سلسلہ 70 سالوں سے جاری ہے، یہ صرف میری ذات کی بات نہیں، اس کا براہ راست تعلق پاکستان کے ساتھ ہے۔

نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی ہے، نیلم جہلم، تربیلا فور اور نندی پور جیسے بند منصوبوں کو بڑی محنت سے چلایا، تین نئے منصوبوں کی وجہ سے ملک کو بہت فائدہ پہنچا ہے، کوئلہ سے چلنے والے پلانٹس پر بھی کام گذشتہ تین سے چار سالوں میں ہوا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے یہ تسلیم کیا ہے کہ نواز شریف نے اتنے منصوبے بنائے ہیں جن کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر رائے ونڈ روڈ کو 20 فٹ سے زیادہ چوڑی کرنے کے حوالہ سے بھی ایک نیا کیس بنایا جا رہا ہے۔ ماضی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے مری روڈ کی تعمیر کرائی تھی جس پر مرحوم ضیاء الحق نے انہیں شاباش دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی، میں نے بطور وزیراعظم چھ رویہ موٹروے تعمیر کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ چند دنوں میں کام شروع کر دے گا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ اتنی قربانیوں اور دی جانے والی شہادتوں کے باوجود دنیا پاکستان کے کردار کو تسلیم نہیں کر رہی، اس لئے میں انہی کوششوں میں تھا کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 53 ہزار سے 37 پوائنٹس پر آ گئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر گرتے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاکستان کیسے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثہ میں 3.94 فیصد شرح نمو ملی تھی جس کو ہم نے 5.4 فیصد تک پہنچا دیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اس مرتبہ 5.96 فیصد پر آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کا ہم پر قرض ہے کہ ہم نے ان مستقبل ٹھیک کرنا ہے، کسی سے نہیں ڈرنا، باہر نکلیں گے تو ملک ٹھیک ہو گا اور ووٹ کو عزت دو کے معاملہ پر ہمیں کوئی کمپرو مائز نہیں کرنا چاہئے، جب ووٹ کی عزت ہو گی تو ملک ترقی کرے گا اور ہماری ساری تکالیف دور ہو جائیں گی۔

پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے حوالہ سے نواز شریف نے کہا کہ آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی ہمیشہ اڑان ہوتی ہے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کی وجہ سے ہم حوصلے اور جذبے میں ہیں، الله تعالیٰ ہماری مہم اور جدوجہد کو اس مرتبہ ضرور کامیابی عطاء کرے گا، انشاء الله آخری وقت تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔