مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ‘عالمی برادری کنٹرول لائن پر گولہ باری کا نوٹس لے ‘بھارتی حکمرانوں پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادون کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعے حل کروانے کیلئے دبائو ڈالے

آزاد کشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار کی بات چیت

جمعہ 27 اپریل 2018 22:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ آج مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے عالمی برادری کنٹرول لائن پر گولہ باری کا فوری نوٹس لے ۔ اور بھارتی حکمرانوں پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادون کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعے حل کروانے کے لیے دبائو ڈالے ۔

مودی سرکار ہوش کے ناخن لے ۔

(جاری ہے)

بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر تاریخ انسانی کے بدترین مظالم ڈھا رہا ہے ۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ناصر حسین ڈار نے بیرون ملک آباد کشمیر یوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے اور دنیا بھر کی جمہوری اقوام کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیں ۔ انہوں نے باور کروایا ہے کہ کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اور دفاع پاکستان اور ملکی سالمیت کے حوالہ سے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔