Live Updates

نیب ایک فراڈ اورڈرامہ،مقصد مسلم لیگ ن کو ختم کرکے نئی پارٹی بنانا ہے ،ملک کا واحد سیاستدان ہوں جسی5 سال جیل میں رکھنے کے بعد نیب نے مسٹر کلین کا لقب دیا ،آصف زرداری کی سیاست سمجھنے کے لیے پی ایچ ڈی ضروری ہے،جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل انتظامی یونٹ نہیں، صرف الگ صوبہ ہے

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس ،ملتان کے دوحلقوں این اے 155اور 158سے الیکشن لڑنے کا اعلان

جمعرات 3 مئی 2018 23:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نیب ایک فراڈ اور اعلی درجے کا ڈرامہ ہے جس کا مقصد مسلم لیگ ن کو ختم کرکے نئی پارٹی بنانا ہے ۔جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل انتظامی یونٹ نہیں، صرف الگ صوبہ ہے۔ملک کا واحد سیاستدان ہوں جسی5 سال جیل میں رکھنے کے بعد نیب نے مسٹر کلین کا لقب دیا۔

آصف زرداری کی سیاست سمجھنے کے لیے پی ایچ ڈی ضروری ہے۔ملتان کے حلقہ این اے 155اوراین اے 158سے الیکشن لڑوں گا،نوازشریف کے ملتان جلسے کی دعوت دی گئی تو ضرورشریک ہوں گا۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ نیب ایک فراڈ اور ڈرامہ ہے جس کے قوانین بھی ڈرامہ ہیں۔نیب کی کارکردگی پر سپریم کورٹ بھی بارہا ریمارکس دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

آمریت میں نیب فعال ہوجاتا ہے۔مشرف اقتدار کے خلاف نیب میں ایک بھی کیس نہیں بنا۔نیب کے مطابق مشرف دور پاک صاف تھا ایک روپے کی کرپشن بھی نہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نیب کے 70 فیصد سٹاف ریٹائرڈ فوجی یا ایجنسیوں سے ہیں جن کو دوبارہ نوکریاں دی جاتی ہیں۔۔نیب کی کاروائیاں یکطرفہ ہیں جس کا مقصد مسلم لیگ ن کو ختم کرکے نئی پارٹی بنانا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ وہ ملک کے واحدسیاستدان ہیں جنہیں پانچ سال جیل میں گزارنے کے بعد نیب نے مسٹرکلین کا لقب دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرنیب کی خرابیوں کو دورکرلیا جائے تو ساٹھ فیصد لوگ اپنے اثاثے ڈکلئیر کردیں گے اور لوٹی ہوئی دولت واپس آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام مصنوعی ہے۔ چیف جسٹس کو چاہیے کہ وہ احتساب کا نظام شفاف بنانے کیلئے عدلیہ میں موجود لوگوں کا بھی آڈٹ کروائیں۔لوگوں اورسیاستدانوں کا احتساب کرنے والے خود بھی اپنا احتساب کروائیں تو پتہ چلے وہ کتنے ولی اللہ ہیں۔

عدلیہ بڑھکیں نہ لگائے ،چیف جسٹس ثاقب نثار آئین میں رہتے ہوئے اپنا کام کریں،مجھے بے شک جیل میں ڈال دیں لیکن احتساب کے مصنوعی نظام کو بہتربنایا جائے اور سب کا احتساب کیا جائے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل صرف الگ صوبہ ہے۔صوبہ بنانے کے لیے غلامی سے نکلنا ہوگا۔انتظامی یونٹ نہیں ہمیں الگ صوبہ چاہیے۔انتظامی یونٹ کی بات کرنے والے لولی پاپ دے رہے ہیں۔

نواب آف بہاولپورصلاح الدین عباسی اور محمدعلی درانی کو ہرالیکشن کے موقع پربہاولپور صوبہ یاد آجاتا ہے پھر نہ ہمارا صوبہ بننے دیتے ہیں اور نا اپنا صوبہ بناپاتے ہیں۔یہ لوگ اگر چاہیں تو دس دن میں صوبہ بن سکتا ،صوبہ بننا چاہیے اس کا دارالخلافہ بہاولپور بنے یا ملتان ،اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ الگ صوبہ کے قیام کیلئے ہرفورم پرآوازاٹھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے میرے اوپر الزامات کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے،میرے خلاف پی ٹی آئی کے ٹکٹ تقسیم کرنے کا پراپریگنڈا غلط ہے ۔عمران خان نے انتخابات میں میرے کہنے پر ایک ٹکٹ بھی جاری نہیں کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف آج میری باتیں ہی دہرارہے ہیں۔عام انتخابات ملتوی نہیں کئے جا سکیں گے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ ملتان میں قومی اسمبلی کے دوحلقوں این اے 155اوراین اے 158سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

میاں نوازشریف بھی مجھے سیٹ کی آفر کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بے نظیرکے انتقال کے اگلے روز سیاست شروع کردی تھی۔ آصف زرداری کی سیاست سمجھنے کے لیے پی۔ایچ۔ڈی ضروری ہے۔ زرداری نے امین فہیم کو ہٹانے کے لیے نوازشریف سے مدد مانگی،اب زرداری الٹ بات کررہے ہیں۔یہ مدد اس وقت مانگی جب ہم وقوعہ کے اگلے روز بے نظیرکی شہادت کے افسوس کیلئے گئے ،ہمارے ساتھ نوازشریف،چوہدری نثار اور خواجہ آصف تھے میں نے لیگی رہنمائوں کو دوسری پارٹی کے معاملات میں مداخلت سے روکنے کی کوشش کی جس پرخواجہ آصف سے میری تلخ کلامی بھی ہوئی ۔

زرداری نے اینٹ سے اینٹ بجانے والا بیان نوازشریف کے گلے ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے ایٹمی اثاثے خطرے میں ہیں ۔ا مریکہ ہمارے ایٹمی اثاثوں پرقبضہ کرنا چاہتا ہے۔2018میں ہماراایٹمی پروگرام خطرے میں ہے اور امریکہ ہمارے ایٹمی پروگرام اور فوجی تنصیبات پر قبضے کیلئے حملہ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے کے دوران ملک کے مفاد کی خاطر میں نے استعفی دیا تواسمبلی میں میرے خطاب کے بعد مسلح افواج کے سربراہان نے مجھے سلیوٹ کیا میں پاک فوج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا لیکن پاک فوج سے کہائوں گا کہ وہ اپنی بیرکوں میں واپس چلی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات