آزادکشمیر میں آئین و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، راجہ محمد فاروق حیدر خان

ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیں شملہ معاہدے سے باہر نکلنا ہو گا،نعیم بٹ کے معاملے پرجوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی ،وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 10 مئی 2018 18:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں آئین و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں فرق ہے لوگوں کو اس فرق کو سمجھنا چاہیے راولاکوٹ میں جاں بحق ہونے والے سیاسی کارکن نعیم بٹ کے معاملے پر یاسین ملک صاحب کے مطالبہ پر جوڈیشل کمیشن بنایا جس کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کی شہادت کے خلاف جمعہ کے روز آزادکشمیر میں یوم سوگ منایا جائے گا اور آزادکشمیر کا پرچم سرنگوں رہے گا مساجد میں علماء کرام خطبات جمعہ میں مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کو موضوع بنائیں گے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیں شملہ معاہدے سے باہر نکلنا ہو گا مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نہیں نکل سکتا ۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے کشمیر کو آہنی پردے میں سیل کر رکھا ہے اور ہندوستان کشمیر کے اندر کسی کو داخل نہیں ہونے دے رہا تارکین وطن کو متحد و منظم کر رہے ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کر سکیں آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس سے مشاورت کر کے بھارتی مظالم کے خلاف مشترکہ احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی ساری سیاسی جماعتوں کے انتخابی منشور میں شامل کرانے کے لیے ساری سیاسی قیات کو مکتوب لکھوں گا اسمبلی ایکٹ کے ذریعے لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے لیے فنڈ قائم کیا جائے گا تاکہ ان کی معقول اعانت ہو سکے آزادحکومت شہداء کی وارث ہے اور شہداء کے لواحقین کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگوکے دوران کیا اس موقع پر لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین عبدالحمید بٹ ،وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین ،وائس چیئرمین سلیم ہارون ،ڈپ،ی سیکرٹری جنرل ساجد صدیقی ،ترجمان رفیق ڈار بھی موجود تھے جبکہ وزیر حکومت چوہدری محمد سعید بھی ہمراہ تھے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ میں ناخوشگوار واقع رونما ہوا جس کا حکومتی سطح پر نوٹس لیا گیا واقعہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کی گئی ہے مرحوم کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا اور ان کی کفالت کی بھی ذمہ داری پوری کی جائے گی نعیم بٹ مرحوم کے لواحقین کی طرف سے ایف آئی آر کا اندارج ہو چکا ہے میں خود راولاکوٹ جا کر نعیم بٹ مرحوم کے لواحقین سے تعیزیت کا اظہارکروں گا وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت نے مظالم کی انتہاء کر رکھی ہے حریت قیادت قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہی ہے کشمیری تن تنہا آزادی کے لیے لازوال جدوجہد کر رہے ہیں اس جدوجہد کی دنیا میں مثال نہیں ملتی کشمیریوں کی قربانیاں لائیگاں نہیں جائیںگی عظیم قربانیوں پر آزادکشمیر ،گلگت بلتستان اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور پوری قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کی پشت پر ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ واقعے کے بعد یاسین ملک صاحب نے جوڈیشل کمشن بنانے کا مطالبہ کیا جس پر فوری عملدرآمد کیا لبریشن فرنٹ کے راہنمائوں کے کہنے پر حکومت نے ان کی اور ورثا کی تشفی کے لیے اقدامات اٹھائے اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر فوری عملدرآمد شروع کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سب کو ساتھ لے کر اقدامات اٹھائیں گے ساری سیاسی قیادت سے کہا ہے کہ ایک ایسا دن مقرر کر لیں کہ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس متحد ہو کر بھارت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر احتجاج کریں تاکہ ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو سکے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شملہ معاہدہ سے مسئلہ کشمیر دوطرفہ مسئلہ بن گیا ہے ہمیں شملہ معاہدے سے باہر نکلنا ہو گا مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری ہیں کشمیریوں کے بغیر اس مسئلے کا حل ممکن نہیں جب تک ہندوستان کشمیر کو متنازعہ تسلیم نہیں کرتا بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے بھارت نے کشمیر کو آہنی فصیل بنا کر انسانی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے اور اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارے یا ملک کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا انہوں نے کہا کہ ہم نے تارکین وطن بالخصوص برطانیہ اور یورپ میں مقیم تارکین وطن کو متحد کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو پوری قوت کے ساتھ ااجاگر کرسکیں نوجوان نسل سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی جرائم کو بے نقاب کرے اس موقع پر لبریشن فرنٹ کے عبدالحمید بٹ اور رفیق ڈار نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے نعیم بٹ کی وفات کے بعد انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں وزیراعظم آزادکشمیر نے نہ صرف ہماری بات تسلیم کی بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کیا جس پر وزیراعظم آزادکشمیر کے شکر گزار ہیں ہم اس حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں اور لبریشن فرنٹ کا یہ وفد تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کے دفتر آیالبریشن فرنٹ کے قائد یاسین ملک صاحب کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ اداکرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے سب متحد ہو کر کام کریں ہندوستان جب تک کشمیر کو متنازعہ تسلیم نہیں کرتا بات چیت آگے بڑھ ہی نہیں سکتی مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ہندوستان پر واضح کر رکھا ہیکہ وہ کسی ایسے ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے جو بھارتی آئین کے اندر ہو ہمارا مطالبہ ریاست کی آزادی ہے کشمیری تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں ان کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ہماری موثر آواز ہیں انہیں متحد و یکجا کرنے کی ضرورت ہے بھارت سے آزادی کے نقطے پر تمام کشمیری متفق ہیں ۔