بھارتی فورسز اور سیکورٹی ایجنسیاں ہی جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کریں گی، انجینئررشید

ان کیلئے نہتے کشمیریوںکا قتل عام ایک بڑی صنعت بن چکی ہے ، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کااستقبال سیاہ جھنڈوں سے کرنے کی اپیل

جمعہ 18 مئی 2018 12:10

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںنام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ بھارتی فوج ،پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں خودجنگ بندی کو سبوثار کرنے کی کوشش کریں گی کیونکہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدداور ان کے قتل عام کے ساتھ ان کا مفاد بڑھ کر ایک بڑی صنعت کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں پولیس کے سربراہ کی طرف سے مجاہدین کو جنگ بندی کا فائدہ اٹھا کر گھروں کو لوٹنے کی اپیل پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کبھی جنگ بندی کے حوالے سے سنجیدہ ہو بھی جائے تو سکیورٹی ایجنسیاںبالخصوص بھارتی فوج اور پولیس اسے ناکام بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریںگی کیونکہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدداور ان کے قتل عام کے ساتھ وابستہ ان کا مفاد بڑھ کر ایک صنعت کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کے سربراہ کے بیان کو بے وقت اور بے محل قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیاکہ سیکورٹی ایجنسیاں اور پولیس ہی جنگ بندی کو سبوتاژکردیں گی ۔انجینئر رشید نے کہا کہ ابھی جنگ بندی شروع ہی ہوئی ہے کہ ہندواڑہ میں پولیس کے ایک افسر نے اشفاق احمد وانی نامی ایک شہری کو پتھرائو کے جھوٹے الزام میں گرفتار کر کے اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اشفاق کی اہلیہ کو چند ماہ قبل بھارتی فوجیوں نے گولی مار کر شہید کردیاتھا۔ انجینئر رشید نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر کے دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کا یہ دورہ عالمی برادری کو دھوکہ دینے کی ایک کوشش ہے کیونکہ وہ محض یہ تاثر دینے کی کوشش کرر ہے ہیں کہ تنازعہ کشمیر محض ایک امن و امان کا مسئلہ ہے۔انجینئر رشید نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ (آج) ہفتہ کو) نریندر مودی کا استقبال سیاہ جھنڈوں سے کریں تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام ملے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں ہرگز سنجیدہ نہیں ۔انہوںنے جموں،لداخ،پیر پنچال اوروادی چناب کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس روزمکمل ہڑتال کریں۔