نریندر مودی سفاک قاتل ،ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر

کشمیری عوام کو مودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر بہادری ،جرات اور پامردی سے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،دنیا نے دیکھ لیا نہتے کشمیری بھارتی سفاکیت ،جارحیت کے سامنے سینہ تانے کھڑے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 19 مئی 2018 17:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سفاک قاتل ہے جس کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔مودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر کشمیری عوام نے جس بہادری ،جرات اور پامردی سے ناکام بنایا اس پر حریت قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں کا جس بے دردی سے قتل عام کر رہی ہے اس پر سخت تشویش ہے۔ شوپیاں بڈگام اور اسلام آباد میں کشمیریوں پر قیامت ڈھانے کے بعد اب بھارت رمضان میں جنگ بندی کا ناٹک کر رہا ہے مگر کشمیری اس طرح کی بھارتی چالوں سے خوب واقف ہیں جس کا مقصد تحریک آزادی کے جانبازوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا نے دیکھ لیا کہ نہتے کشمیری بھارت کی سفاکیت اور جارحیت کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں سے حملے،سرچ آپریشن میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ،محاصرے ،گھر گھر تلاشی ،پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال بھارتی وزیراعظم مودی کے منہ پر لگنے والے کلنک کے ٹیکے ہیں۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر اپنے مزمتی بیان میں کیا۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں کا قاتل مودی کس حیثیت سے مقبوضہ کشمیر آیا اگر بھارتی فوج نے اسے اپنے حصار میں نہ رکھا ہوتا تو اسے جوتے پڑنا تھے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے اندر نوجوانوں کا ماورائے قتل کیا جارہا ہے ، آئے روز نوجوانوں کو شہید کرنا معمول بن گیا ہے ، گزشتہ روز بھی نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ایسے میں مودی کیا لینے آیا ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم مودی درندگی کا استعارہ بن چکا ہے جس کا چہرہ کشمیریوں کے خون سے رنگا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منظم مائنڈ سیٹ کے ساتھ کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر ظلم و بربریت کے باوجود بھارت کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں کر سکا۔وزیراعظم نے کہا کہ ریاست بھر میں کشمیریوں نے انتہائی منظم انداز میں بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف زبردست مظاہرے کر کے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ غاصب بھارتی تسلط کو نہیں مانتے اور اپنی تحریک آزادی سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو اور گولیوں کی بوچھاڑ میں کشمیری عوام کہ جانب سے سبز ہلالی پرچموں کو بلند کرنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ خوف اور ڈر اب کشمیریوں کے دلوں سے نکل چکے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور انہیں اس منزل کو حاصل کرنے میں ذرا برابر بھی شک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے اب بدترین سطح پر اتر آئی ہے جس کیلئے اس نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے زخمی کشمیریوں کی زندگیاں انتہائی خطرے کا شکا رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اس طرح کے سفاکانہ اقدامات کے باوجود بھی بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہ تو دبا سکا ہے نہ ہی ان کو جھکا سکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان کی محبت ہے اس لئے بھارتی فوج کی گولیوں کی بوچھاڑ میں بھی بہادر کشمیری سبز ہلالی پرچم لہراتے اور بلند کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج فوری طور پر کرفیو ختم کرے اور گرفتار حریت رہنماوں کو رہا کیا جائے۔