پلوامہ میں شہیدہونیوالے شہری کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

بھارت تنازعہ کشمیر حل کرنے میں سنجیدہ ہے تو کشمیر کو متنازعہ علاقے تسلیم کرے، سید علی گیلانی

پیر 28 مئی 2018 19:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے نروہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہری بلال احمد گنائی کی نمازجنازہ میںآج ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بلال احمد گنائی کو جوپیشے کے اعتبارسے ڈرائیور تھے بھارتی فوجیوں نے گزشتہ رات ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میں فائرنگ کرکے شہید کیاتھا۔

اس موقع پرشرکاء نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ شہید نوجوان کے جنازے پر خواتین اور بچوں نے پھول نچھاور کئے۔بشیر اندرابی سمیت حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ بلا ل احمد کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ علاقے میں تمام دکانیں ، کاروباری مراکز، سکول اور سرکاری دفاتر بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔

(جاری ہے)

قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل کردیں۔ اس سے پہلے علاقے میں قائم بھارتی فوج کی 50راشٹریہ رائفلز کے کیمپ پر ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔ ضلع شوپیان کے علاقے سُگن میںبارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں تین بھارتی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں اپنی رہائشگاہ پر ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا ہے کہ اگر وہ تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں سنجیدہ ہے تو کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرے اور حریت کانفرنس کے پانچ نکات کو مذاکرات کی بنیاد بنائے ۔

پانچ نکات میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرنا، علاقے سے فوج کو نکالنا، تمام سیاسی نظربندوں کو رہا کرنا، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت کالے قوانین کو منسوخ کرنا اورقتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی کرنا شامل ہیں۔ تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ رہنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت مزاحمتی قیادت اور کشمیری عوام کو جھکانے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکرٹری محمد عبداللہ طاری نے ایک بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو بیرکوں میں واپس جانے کا حکم دے۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے آج سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کررکھا ہے ۔

لاپتہ افراد کے لواحقین کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پیرنٹس آف ڈس ایپئرڈ پرسنز نے ایک بیان میں بھارت سے جبری گمشدگی کے کیسوں کی تحقیقات کرانے، متاثرہ خاندانوں کو جلد انصاف فراہم کرنے اور قصورواروں کو سزادینے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں آصفہ اور نیلوفر کی آبروریزی اور قتل کی برسی کے موقع پر کل ضلع شوپیان میںمکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔