سپریم کورٹ:ایم ڈی پی آئی اے کے بیرون ملک جانے پرپابندی عائد

قومی پرچم ہٹانے کا کیس،جہازوں سے قومی پرچم کی تصویرنہ ہٹانےکا حکم برقرار،34لاکھ طیارے کی دم پرخرچ کرنے کی بجائے واش روم ٹھیک کروائیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 جون 2018 16:24

سپریم کورٹ:ایم ڈی پی آئی اے کے بیرون ملک جانے پرپابندی عائد
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جون 2018ء) : چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے جہازوں سے قومی پرچم کی تصویرہٹانے کا حکم برقراررکھتے ہوئے ایم ڈی پی آئی اے کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی پی آئی اے بغیراجازت بیرون ملک نہیں جاسکتے،34لاکھ طیارے کی دم پرخرچ کرنے کی بجائے واش روم ٹھیک کروائیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں قومی طیاروں کی دم پرقومی پرچم ہٹانے کی تصویر پرکیس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پرچیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جہازوں سے قومی پرچم اتارنے سے روکنے کا حکم برقرارہے۔تاہم ایم ڈی پی آئی اے کے بغیراجازت بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ایم ڈی پی آئی اے بغیراجازت بیرون ملک نہیں جاسکتے۔

(جاری ہے)

بیرون ملک جانے کیلئے اجازت لینا ہوگی۔چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کہ کیا ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی ہیں؟ جس پرایم ڈی نے بتایا کہ تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی ہیں۔

بعدازاں ایم ڈی پی آئی اے نے بتایا کہ عدالت نے غلط فہمی میں مجھے روکا ہے۔اسی طرح چیف جسٹس ثاقب نثار نے آج پمز اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ اس موقع پرچیف جسٹس نے اسپتال میں مختلف شعبوں کا جائزہ بھی لیا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال ’’ پمز کی بہتر صورتحال کا کریڈٹ کس کودیتے ہیں؟‘‘ کے جواب میں چیف جسٹس نے کہا کہ پمزکی اچھی کنڈیشن کا کریڈٹ مولاکریم کی ذات کوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عدالت میں کمنٹ کرتا ہوں،چیف جسٹس نے کہا کہ میں سیاسی آدمی تھوڑی ہوں،میں نے کبھی کمنٹ نہیں کیا۔ انہوں نے ایک مزید سوال ’’پمزکی اچھی حالت کےحوالےسے سابق وفاقی حکومت کےبارے میں کیا کہیں گے‘‘ پر کہا کہ پمزکے ماحول سے مطمئن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پمزکے شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ ماہ بعد دوبارہ پمز کا دورہ کروں گا۔

دریں اثناں چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں فارم ہاؤسز کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ فارم ہاؤسز کے نام پر بنگلے بنا لیے گئے۔ سبزیاں اگانے کی جگہ پر محل بنا لیے گئے ہیں۔ کیوں نہ ان سب بڑے لوگوں کے محل گرا دیے جائیں۔ دوسری جانب سپریم کورٹ میں لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ضبط کی گئی گاڑیوں سے متعلق بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی سیاستدان کو سرکاری گاڑیوں پر انتخابی مہم نہیں چلانے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے 2 جون کو سماعت کے دوران غیر استحقاق شدہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزرا اور سرکاری افسران کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کا تمام ریکارڈ 5 جون کوطلب کیا تھا۔ منگل کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے وزرا اور سرکاری افسران کے لگڑری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران حکومت نے سپریم کورٹ میں لگڑری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق رپورٹ پیش کی۔چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو بلٹ پروف گاڑی دی گئی چیف سیکرٹری پنجاب نے آگاہ کیا کہ سابق وزیراعلیٰ کو سیکیورٹی خدشات ہیں۔جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہمیں بتائیں کس جگہ لکھا ہے کہ سیکیورٹی خدشات پر بلٹ پروف گاڑی دی جاتی ہی جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ کے باہر بچوں کے کھیلنے کے پارک کی جگہ مورچے لگا دیئے گئے ہیں۔

چیف سیکریٹری نے جواب دیا کہ پارک کی جگہ اب پارکنگ کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور مورچے اور رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے شہباز شریف کے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ کے باہر کی ویڈیو بنا کر دکھائیں۔سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے رات تک بلوچستان کے 7 سابق وزرا کو اپنی گاڑیاں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ گاڑیاں جمع نہ کرانے پر ایک لاکھ روپے یومیہ جرمانہ ہوگا اور ایک ہفتے کے بعد جرمانہ 2 لاکھ روپے روزانہ ہوجائے گا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ بلوچستان کی کٴْل 56 گاڑیاں ہیں، جن میں سے 49 ریکور ہوچکی ہیں۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاق میں 105 گاڑیاں ریکور کی ہیں، صرف 3 گاڑیاں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق ڈپٹی اسپیکر سینیٹ عبدالغفور حیدری اور سابق سینیٹر کامران مائیکل کے پاس ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن قوم کا پیسہ کیوں استعمال کر رہے ہیں ،ْمولانا فضل الرحمن کے تو جاں نثار بڑے ہیں، کوئی حملہ آور ان تک نہیں پہنچ سکتا۔کامران مرتضی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر تین حملے ہو چکے ہیں ۔اس پرچیف جسٹس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو کہیں اپنی سیکیورٹی کا خود بندوبست کریں انکے پاس بڑے پیسے ہیں۔

ہمیں یہ بتائیں کس جگہ لکھا ہے سیکیورٹی خدشات کے باعث بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جاتی ہی چیف جسٹس کی جانب سے تینوں سیاستدانوں کو نوٹس جاری کیے گئے، جو بعدازاں اس یقین دہانی پر واپس لے لیے گئے کہ یہ سیاستدان گاڑیاں واپس کر رہے ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریف چیئرمین آصف علی زرداری کے پاس کتنی سرکاری گاڑیاں ہیں جس پر ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ بلاول بھٹوزرداری اور آصف زرداری کے پاس اپنی ذاتی گاڑیاں ہیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے پوچھا کہ آپ ایک سال سے چیئرمین ایف بی آر ہیں، اسمگلنگ روکنے کیلئے کیا کیا چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بلیو ایریا میں اسمگل شدہ اشیا کھلے عام ملتی ہیں، کل میں چھاپے ماروں گا تو آپ کہیں گے کہ چیف جسٹس باڑہ مارکیٹ چلے گئے۔سماعت کے بعد جسٹس ثاقب نثار نے ضبط کی گئی گاڑیوں سے متعلق بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کسی سیاستدان کو سرکاری گاڑیوں پر انتخابی مہم نہیں چلانے دیں گے۔