بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی نوید ہیں

،پیپلزپارٹی کبھی بھی جھوٹے وعدے نہیں کرتی، نہ جنت کے خواب دکھاتی ہے بلکہ عوام کے دکھ اور درد ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کی پیپلزیوتھ پی ایس ایف مینارٹی ونگ اور خواتین کے مختلف وفود سے گفتگو

پیر 11 جون 2018 21:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی نوید ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کبھی بھی جھوٹے وعدے نہیں کرتی، نہ جنت کے خواب دکھاتی ہے بلکہ عوام کے دکھ اور درد ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ پیر کے روز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پیپلزیوتھ پی ایس ایف مینارٹی ونگ اور خواتین کے مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہے۔

غربت مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کا بحران بڑھ رہا ہے۔ نوجوانوں کو اپنے مستقبل کی فکر ہے۔ ایسے حالات میں ملک کو ایک پرعزم قیادت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس نوجوان اور باصلاحیت قیادت موجود ہے۔ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری میں یہ بھی صلاحیت ہے کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑ سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی فلاسفی موجود ہے۔

نیر حسین بخاری نے کہا کہ عام انتخابات جیت کر اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے وسائل پیدا کرے گی۔ انہوں نے وفود کو ہدایت کی کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے سفیر بن کر میدان میں اتریں اور اس عزم کے ساتھ انتخابی مہم شروع کریں کہ عوام کی قوت سے انتخابات جیتیں گے۔