بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جنگ بندی کی توسیع کے خاتمے کا اعلان قابل مذمت ہے‘ سردار فاروق احمد طاہر

حق کی آواز کو زیادہ دیر تک نہیں دبایا جا سکتا‘ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو اُنہیں مل کر رہے گا‘ قائمقام سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

منگل 19 جون 2018 13:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) قائمقام سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہرنے بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جنگ بندی کی توسیع کے خاتمے کے اعلان کی مذمت کی ہے جس میں ایک بار پھر نہتے عوام کے خلاف سخت ترین کارروائیاں، قتل عام کی کُھلی چُھٹی دے دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ممتاز صحافی شجاعت بخاری کو سرینگر میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔

حق کی آواز کو زیادہ دیر تک نہیں دبایا جا سکتا۔ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو اُنہیں مل کر رہے گا۔ قائمقام سپیکر اسمبلی نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا یہ بیان کہ طاقت کے استعمال کے باوجود تحریک آزادیء کشمیردن بدن تیز ہوتی جارہی ہے۔ عوام کے ساتھ کُھلے دل کے سے مذاکرات کیئے جائیں، شکست کا اعتراف ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔

رُوس افغانستان سے بھاگ نکلا۔ امریکہ اور اُس کے اتحادی بھی شکست کھا چُکے ہیںاور جان چُھڑانے کے حیلے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ جلد بھارت کو بھی حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کو آزاد ی کا حق دینا ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری سمیت شہداء کا خُون ضرور رنگ لائے گا اور جلد کشمیری آزاد ی حاصل کریں گے۔ قائمقام سپیکر نے پاکستان آرمی چیف کی جانب سے سیز فائر لائن پر فوجیوں کے ساتھ عید منا کر ثابت کر دیا کہ قیادت کشمیر کی آزادی سے غافل نہیں اور وہ اپنا فرض ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔