مقبوضہ کشمیر ، شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

این آئی اے کی حریت رہنمائوں کے خلاف کردار کشی کی مہم قابل مذمت ہے، سید علی گیلانی آزادی کے مقدس مقصد کیلئے کشمیریوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،مختار احمد وازہ

ہفتہ 30 جون 2018 21:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے گزشتہ روز پلوامہ میں شہید کیے جانے والے ایک نوجوان سجاد احمد اور دسویں جماعت کے طالب علم فیضان احمد پسوال کی نماز جنازہ میں آج ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سجاد احمد اور فیضان احمد کو انکے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا اور شدیدبارش کے باوجود ہزاروں لوگوں نے انکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں پلوامہ میں نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ ہی کشمیریوں کی مبنی برحق تحریک کو دبانے کیلئے انکے خلاف ایک جنگ شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قتل کے واقعات کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کے احتجاجی پروگرام کے تحت سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔

مظاہرین نے بینرزاٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرنے کا مطالبہ درج تھا۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے‘ کی طرف سے حریت رہنمائوں کے خلاف شروع کی گئی کردار کشی کی تازہ مہم کی شدید مذمت کی۔ انہوںنے این آئی اے کی طرف سے دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف دائر کیے جانے والے بے بنیاد مقدمے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک آزادی کے حوالے سے آسیہ اندرابی کے مثالی کردار کو سراہا۔

جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے آج سرینگر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور علاقے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے اسلام آباد قصبے میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے کشمیریوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

مقبوضہ علاقے میں بدھ سے جاری موسلادھار بارش کے باعث دریائوں اور نالوں میںپانی کی سطح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے قابض انتظامیہ نے سرینگر اور جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔دہلی میں قائم کنسرنڈ سٹیزنز گروپ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ وادی کشمیر میں لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ رمضان کی جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا بھارت کا فیصلہ اوربی جے پی کا پی ڈی پی کی حمایت واپس لینے کا فیصلہ2019ء کے عام انتخابات کے لیے بی جے پی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ سابق بھارتی وزیر خزانہ یشونٹ سنہا کی زیر قیادت گروپ نے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا تھا۔