Live Updates

میرے اور نواز شریف کے مابین کوئی اختلاف نہیں، شہبازشریف

میں اداروں کےدرمیان ہرگزتصادم نہیں چاہتا، اداروں کا ملکرکام کرنا ترقی کی ضمانت ہے، نواز شریف کی شناخت ان کی کارکردگی ہے، ترقیاتی کاموں سے ووٹ کوعزت ملےگی، عمران خان نے صرف دعوے کیے کہ ہم تعلیم، صحت کے نظام کو بہترین بنا دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کا خصوصی انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 2 جولائی 2018 00:10

میرے اور نواز شریف کے مابین کوئی اختلاف نہیں، شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جولائی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ میں اداروں کے درمیان ہرگزتصادم نہیں چاہتا ،اداروں کا ملکر کام کرنا ہی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے،ہماری حکومت نے دن رات اپنے صوبے کی خدمت کی ہے،بجلی کے میگا منصوبوں اورسی پیک سمیت سینکڑوں ایسے کام کیے جن کی پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے نجی ٹی وی کواپنے انٹرویو میں بتایا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ میرے اور میاں نواز شریف کے مابین کوئی اختلاف نہیں ہے۔ میری خالصتاََ سوچ غریب عوام کی خدمت کرنا ہے۔ اور مجھے نہیں لگتا کہ نواز شریف کی اس سے ہٹ کر سوچ ہو گی ۔ وہ بھی عوام کی خدمت پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ نواز شریف کی شناخت ان کی کار کردگی ہے ، قوم کی اور ووٹ کی عزت ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

ملک میں اگر ترقیاتی کام ہوں گے تو ووٹ کو عزت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں کام نہیں کیاتھا تو ان کا حال سب کے سامنے ہے ۔ ہم نے خدمت کی ہے اور اسی خدمت کی بنیاد پر ہی عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں۔ انہیں بلیم گیم نہیں کرنی چاہیے۔ وہ ایک پارٹی کے سربراہ ہیں اور وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

اگر انہوں نے آگے چلنا ہے ،توالزامات کی سیاست ترک کرنا ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت قوم ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ بھارت ہم سے آگے نکل گیا ہے۔ اس کے زرمبادلہ کے ذخائر زیادہ ہیں اور آئی ٹی سمیت کئی صنعتوں میں وہ ہم سے آگے بڑھ چکا ہے۔ اس کی آئی ٹی کی برآمدات 60 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں جبکہ ہماری 2 ارب بھی نہیں ہیں۔ ہمیں اپنے ملک سے غربت کا خاتمہ کرکے بھارت سے معاشی جنگ جیتنی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی وجہ سے ساری پختون بیلٹ کو فائدہ ہوگا۔پشاور سے کراچی تک ریلوے لائن اپ گریڈ ہونے سے تجارتی حجم بڑھے گا۔ لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پید اہوں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صرف دعوے کیے کہ ہم تعلیم ، صحت کے نظام کو بہترین بنا دیں گے۔ لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

عمران خان نے میٹرو بس کو جنگلہ بس کہہ کر اس کے خلاف غلط اعدادوشمار بیان کیے اور اس پر تنقید کی ، اور بعدمیں خود پشاور میں میٹرو بس بنانے نکل پڑے ۔ عمران خان کہتے تھے کے کے پی کے کو سینٹر آف ایکسیلینس بنا دیں گے ،شہباز شریف نے کہا کہ کہ اگر میں ہوتا تو پیسہ اس طرح ضائع کرنے کی بجائے سکولوں اور کالجوں پر لگاتا ۔پنجاب کے 13اضلاع میں سی ٹی اسکین مشینیں لگ چکی ہے جس کا خرچ پنجاب حکومت برداشت کرتی ہے،پنجاب کے ہر ضلعی ہسپتال میں زہریلہ مواد ختم کرنے کے لیے پلانٹس لگوائے،انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کو ہیلتھ کےئر میں ترکی کے ہم پلہ لا کر کھڑا کریں گے،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنا ہمارا ٹارگٹ نہیں اور نہ ہی ہم نے اس بارے سوچا ہے تاہم اگر الیکشن کمیشن فری فےئر الیکشن کروانے سے قاصر دکھائی دیا تو سوچیں گے،ریحام خان کی کتاب کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ریحام خان سے صرف ایک دفعہ ملا ہوں وہ بھی اس وقت جب انہوں نے 2014میں میرا انٹر ویو کیا تھا، میں نے ریحام خان کو کتاب لکھنے کے لیے بالواسطہ یا بلا واسطہ ایک دھیلہ بھی نہیں دیا،میاں شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی پنجاب کی آبادی کا 31فیصد ہے اور ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب میں بے شمار کام کروائے ہیں، لیپ ٹاپ اور نوکریوں میں جنوبی پنجاب کا کوٹہ 10فیصد زیادہ رکھا گیا، جنوبی پنجاب میں اربوں کی لاگت سے 250بیڈ کا ہسپتال بنوایا، اس کے علاوہ بہاولپور میں دل کا ہسپتال بھی بنوایا۔


Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات