Live Updates

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سنائے گئے فیصلے کے بعد ملک کے عوام میں خوشی کی لہر پھیل گئی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

نواز شریف اب مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے اپنی بیگم کی بیماری کا بہانہ بناکر چھپ کر بیٹھ گئے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنی شکست قبول کریں

اتوار 8 جولائی 2018 19:10

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی اطلاعات سیکریٹری اور خیرپور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 208 پر امیدوار ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سنائے گئے فیصلے کے بعد ملک کے عوام میں خوشی کی لہر پھیل گئی ہے۔ نواز شریف کی جانب سے صاف شفاف حکمرانی کے تمام تر دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔

نواز شریف اب مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے اپنی بیگم کی بیماری کا بہانہ بناکر چھپ کر بیٹھ گئے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنی شکست قبول کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل ابھڑی اور ٹاؤن کمیٹی ٹھیڑی کے 20 سے زائد دیہات میں کارنر میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مزید کہا کہ مائنس زرداری کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی سیاست میں مائنس فارمولہ نہیں چلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن بلاول بھٹو زرداری اور میرا پہلا الیکشن جبکہ عمران خان اور میرے انکل سید غوث علی شاہ کا آخری الیکشن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو الیکشن کے دوران سنائی گئی سزا کا عمل الیکشن پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ نواز شریف کی حکومتوں کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے تھے، نواز شریف کو ملک واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیئے۔

ڈکٹیٹرز کے دور میں ہمیشہ پیپلزپارٹی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے ان کو جیل کی سختیاں برداشت کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اور میرے والد و سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے عوام کی بھرپور خدمت کی ہے۔ ترقیاتی منصوبے دینے کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے جس کے باعث الیکشن مہم میں عوام کی جانب سے ہمیں بہتر نتائج مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد حکومت یا اپوزیشن میں پیپلزپارٹی فیصلہ کن پوزیشن میں ہوگی پیپلزپارٹی سندھ کو کلین سوئپ کرے گی جبکہ وفاق میں پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی حکومت نہیں بنے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات