Live Updates

مقبوضہ کشمیرمیں عمران خان کے کشمیر بارے بیان کا خیرمقدم

سرینگر اور سوپور میں حریت رہنمائوں کی نظربندی کے خلاف مظاہرے بھارتی پولیس کے درید کالیپورہ میں چھاپے، پانچ نوجوان گرفتار کر لئے

جمعہ 27 جولائی 2018 22:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنمائوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوںنے کشمیر کوبھارت اور پاکستان کے درمیان اہم مسئلہ قراردیتے ہوئے اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر اعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام عمران خان کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیںجس میں انہوںنے لوگوں خاص طورپر کشمیریوں کو درپیش شدید مشکلات کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے حل پر زوردیا ہے ۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک امن کو ایک موقع دینے کیلئے اقدامات کریں گے ۔

(جاری ہے)

دیگر حریت رہنمائوںاور تنظیموںآغا سید حسن الموسوی الصفوی ، محمد یوسف نقاش، جاوید احمدمیر ، ظفر اکبربٹ ، پروفیسر نذیر احمد شال ، بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، علی رضا سید اورتحریک وحدت اسلامی نے بھی اپنے بیانات میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا کشمیر کے بارے میں بیان کا خیرمقدم کیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے آج جامع مسجد سرینگر میںمیں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری بھارتی آئین کی دفعہ 35Aجس کے تحت جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے کی منسوخی کی کسی بھی کوشش کی شدید مخالفت کریں۔

بھارتی سپریم کورٹ دفعہ35Aکی منسوخی کیلئے دائر ایک عرضداشت کی سماعت چھ اگست کو کریگی ۔ دریں اثنا حریت رہنمائوں بلال صدیقی، محمد یوسف نقاش، ایڈووکیٹ بشیر احمد بٹ، نور محمد کلوال، شبیر احمد ڈار، مولوی بشیر احمد ، سید امتیاز حیدر، نثار حسین راتھر، امتیار احمد شاہ اور غلام نبی وسیم نے مقبوضہ کشمیر اور بھارتی جیلوں میںکشمیریوںکی غیر قانونی نظر بند ی کیخلاف سرینگر اور سوپور کے علاقوں میں مظاہروں کی قیادت کی۔

بھارتی فورسز کی طرف سے املاک کی لوٹ مار کیخلاف ضلع اسلام آباد کے علاقے گوری ون چوک میں لوگوں نے مظاہرے کیے۔بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانوں عابد حسین بٹ اور بلال احمد ڈار کی شہادت پر اسلام آباد قصبے اور ضلع اسلام کے مختلف علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے آج ضلع اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا۔

شہید عابد حسین کو ضلع ڈوڈہ کے علاقے سوزن میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں سپرد خا ک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک تھے۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر، بانڈی پورہ اور بارہمولہ کے علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں جسکی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی پولیس نے شوپیاں کے علاقے درید کالیپورہ میں چھاپوں کے دوران پانچ نوجوان گرفتار کر لئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات