اشرف صحرائی کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوں کی زبردست خراج عقیدت

یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش اور جلد رہائی کا مطالبہ

جمعہ 26 اکتوبر 2018 19:55

اشرف صحرائی کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوں کی زبردست خراج عقیدت
سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںآرونی کولگام اور پانہ لپورہ رفیع آباد میں کشمیری نوجوانوںکے قتل اور لوگوں کی املاک کو تباہ کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران 40 سے زائد کشمیری بھارتی فورسز کی جارحیت کانشانہ بن چکے ہیں اور پوری وادی سوگوار، انسانیت ماتم کناںہے اور آہو بکاں چیخ و پکار ہر سو جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے نہتے کشمیری پرمظالم کی تمام حدیں پار کردیں ہے اور کریک ڈاؤنز ، ظلم و تشدد ، گرفتاریاں، قتل عام اور بزرگوں اور خواتین کی تذلیل کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے اور اس دیرینہ تنازعے کو اس کے تاریخی پس منظر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کیاجاناچاہیے ۔ محمداشرف صحرائی ہفتہ رفتہ کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں تحریک حق خودارادیت کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوںنے لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔دریں اثنا تحریک حریت جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین محمداشرف صحرائی اوردیگر رہنمائوں محمد اشرف لایا اور سید امتیاز حیدر کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی اور لطیف احمد ڑار اور ظہور احمد پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے پر اظہار تشویش کیا۔