مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں مزید 2نوجوان شہید کر دئیے

نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ قصبے، ترال اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال ،مظاہرین اور فورسز اہلکاروںکے درمیان شدید جھڑپیں، انٹرنیٹ سروس معطل حریت چیئر مین کا شہید کیے گئے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:18

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گرد ی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع پلوامہ میں مزید 2کشمیری نوجوان شہید کر دئیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے لیاقت وانی اور واجد الاسلام نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ٹکن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

فوجیوں نے ضلع پلوامہ ہی کے علاقے ترال میں گزشتہ روز ایک نوجوان شہید کیا تھا۔ لیاقت اور واجد کی شہادت پر پلوامہ قصبے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروںکے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ قصبے، ترال اور ضلع کے دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

شہید نوجوانوں لیاقت احمد اور واجد الاسلام کو انکے آبائی علاقوں بیلواور بابہارہ میں سپردخاک کیا گیا ۔ شہید نوجوانوں کی میتیں جلوس کی صورت میںاور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں جنازہ گاہ پہنچائی گئیں۔ضلع پلوامہ کے علاوہ جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع سے لوگ جوق در جوق نماز جنازہ میںشرکت کیلئے پہنچے اور بڑی تعداد میں لوگوںکی موجودگی کے باعث نماز جنازہ متعدد مرتبہ ادا کی گئی۔

قابض انتظامیہ نے ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور گورنمنٹ ڈگری کالج پلوامہ میں تدریسی عمل معطل رکھنے کے احکامات جاری کیے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں پلوامہ میں شہید کے گئے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل مقبوضہ علاقے میں خون خرابے کی بنیادی وجہ ہے۔

حریت رہنما محمد مصدق عادل، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سیدصلاح الدین نے بھی اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے طلباء نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ساتھی طلباء کی رہائی پر زوردینے کے لیے سرینگر کے علاقے نوگام میںہفتہ کو ایک احتجاجی مارچ کیا۔

اسلامی تنظیم آزادی جموںوکشمیر نے سرینگر میں ایک بیان میںبھارتی پولیس کی طرف سے گزشتہ رات ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں پارٹی چیئرمین عبدالصمد انقلابی کے گھر پر چھاپے اورگھریلوسامان کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔تحریک وحدت اسلامی نے سرینگر میں ایک اجلاس میں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میںغیر قانونی طورپر نظربند پارٹی چیئرمین نثار حسین راتھر کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہا رکیا ہے۔

کشمیری نمائندہ اور انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کی چیئرپرسن شمیم شال نے برسلز میں ایک سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی بیوائوں اور لاپتہ افراد کی بیویوں کی حالت زار کو اجاگر کیا ۔ ’’ہرعمر کی بیوائیں: امتیازی سلوک اور بدسلوکی کا شکار ۔ یورپی یونین کیا کرسکتی ہے‘‘کے زیر عنوان سیمینار کا اہتمام برطانیہ سے یورپی یونین کے رکن پارلیمنٹ جولی وارڈ نے یورپی پارلیمنٹ میں کیاتھا۔