Live Updates

وفاقی وزیر اطلاعات کا ایک مرتبہ پھروزیراعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ

نیب کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 27لاکھ روپے کے ایک بے تکے ہیلی کاپٹر کیس پر معافی مانگنی چاہیے، فواد چوہدری اگر آج بینظیر بھٹو شہید زندہ ہوتی تو سندھ کا سب سے زیادہ دکھ ہوتا،بلاول بھٹو زرداری ابھی بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں،وزیراطلاعات ول صاحب کا سندھ کے حالات سے تعلق نہیں، پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، سندھ کے حکمرانوں کے پاس جادو کا چراغ ہے، پلک جھپکتے میں پیسے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

منگل 15 جنوری 2019 14:35

وفاقی وزیر اطلاعات کا ایک مرتبہ پھروزیراعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھروزیراعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ استعفیٰ نہیں دیا تو عملی اقدام اٹھائینگے ،نیب کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 27لاکھ روپے کے ایک بے تکے ہیلی کاپٹر کیس پر معافی مانگنی چاہیے، اگر آج بینظیر بھٹو شہید زندہ ہوتی تو انہیں سندھ کا سب سے زیادہ دکھ ہوتا،بلاول بھٹو زرداری ابھی بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، میرے خیال میں بلاول صاحب کا سندھ کے حالات سے تعلق نہیں، پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، سندھ کے حکمرانوں کے پاس جادو کا چراغ ہے، پلک جھپکتے میں پیسے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، سندھ میں اس وقت کوئی وارث نہیں ہیں،پیپلزپارٹی نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے، تبدیلی سندھ کے عوام کا حق ہے، جتنا پیسہ سندھ کو ملا ہے اگر اس کا جائز استعمال ہوتا تو یہاں کے لوگوں کو کسی چیز کی کمی نہ ہوتی۔

(جاری ہے)

منگل کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم وزیر اعلی سندھ کے استعفیٰ کا مطالبہ اس لیے کرتے ہیں کیونکہ جس چراغ کو رگڑ کر اومنی گروپ کے سارے کام ہورہے تھے، اس کے جن مراد علی شاہ ہیں اور جب وہ چراغ رگڑتے ہیں تو مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ کیا حکم ہے میرے آقا، پاکستان اور اس کے 3 صوبوں نے تبدیلی کی لہر دیکھی ہے، سندھ کے عوام کا درد رکھنے والے تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ سندھ میں تبدیلی پورے پاکستان میں تبدیلی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی بھرپور اکثریت صوبے میں تبدیلی چاہتی ہے۔سندھ میں پیپلز پارٹی کے سینئر قائدین نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما ہم سے کہہ رہے ہیں کہ سندھ میں تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ہم چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی خود تبدیلی لائے،پیپلز پارٹی کو پہلا موقع دینا چاہتے ہیں کہ مراد علی شاہ سے استعفیٰ لیں، اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی اور پیپلز پارٹی کی اکثریت ہمارا ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے لیے فارورڈ بلاک بنائیں گے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بلاول کو چیف جسٹس نے کہا ہے کہ وہ بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، ان کے پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ کے عوام کا پیسہ دبئی اور لندن میں خرچ ہورہا ہے، سندھ ترقی میں پورے پاکستان سے پیچھے ہے، سندھ کا برا حال ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں اسکولوں میں استاد نہیں ہیں اور اگر استاد ہیں تو فرنیچر نہیں، مرادعلی شاہ کے حلقہ انتخاب کے حالات دیکھیں، ترقیاتی کاموں کے لیے ملنے والے اربوں روپے کہاں گئے۔

کراچی کا حشر نشر ہوگیا لیکن ترقیاتی کاموں کے لیے پیسے نہیں۔ جتنا پیسہ سندھ کو ملا اگر جائز خرچ ہوتا تو آج یہ گلے شکوے نہ ہوتے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ استعفیٰ دیں، ان کا استعفیٰ نہیں آیا تو ہم اپنے مطالبے کے لیے حق بجانب ہوں گے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سندھ اور عوام کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں اور گھبرانے والوں کی اپنی ٹانگیں کمزور ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نیب کیس سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ نیب نے وزیر اعظم عمران خان پر 27 لاکھ روپے کا ایک بے تکا کیس بنایا ہوا ہے، نیب کو ہیلی کاپٹر کیس پر وزیر اعظم سے معافی مانگنی چاہیے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیپلز پارٹی کے رضاربانی بڑے مزدور رہنما بنتے ہیں، وہ 27 سال سے سینیٹر ہیں ابھی میں اور وہ ایک ساتھ طیارے میں سفر کررہے تھے۔

بطور وزیر اطلاعات میں نے اکانومی کلاس میں سفر کیا جبکہ سینیٹر رضا ربانی 27 سال سے بزنس کلاس میں سفر کرتے ہیں، وہ وزراء کالونی میں رہ رہے ہیں۔منسٹرکالونی میں رہنااورفرسٹ کلاس میں سفررضاربانی کااستحقاق نہیں۔ نظام کوسپورٹ کرتے ہیں لیکن تبدیلی ناگزیرہے، گھبراہٹ زیادہ ہے ہم حوصلہ دینے آئے ہیں، پی ٹی ائی کے علاوہ ملک میں اور کوئی پارٹی نہیں بچے گی۔

صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو پٹرول کی قیمت کیا تھی ،جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں تیل اور غریبوں کی تمام اشیا چیزیں سستی ہیں، سوائے چند چیزوں کے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے البتہ بڑے لوگوں کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن غریب کے لیے کمی آئی ہے۔ ہماری حکومت غریبوں کی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فوری طورپرمیڈیااشتہارات سے متعلق50 کروڑ جاری کیئے ہیں، نئی اشتہارات سے متعلق پالیسی لے کرآرہے ہیں، اشتہارات کو لوگوں کی تنخواہوں اور نوکری کی گارنٹی سے جوڑیں گے۔فواد چوہدری نے کہاکہ سندھ میں کراچی کے لیے بڑا پیکج پانی سے متعلق آیاہے، ہم چاہتے ہیں کہ وفاق کاسندھ کودیاگیاپیسہ درست خرچ ہو، وفاق کاپیسہ درست خرچ ہوتاتوآج سندھ کایہ حال نہ ہوتا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دوروزہ دورے پر منگل کو کراچی پہنچے ،اپنے دورے کے دوران ہم خیال سیای جماعتوں کے رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیراطلاعات صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزارت سے متعلقہ اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے اور مقامی پارٹی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات