Live Updates

نااہل وفاقی حکومت (پی ٹی آئی)مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور حکومت مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور بدامنی کا سونامی لائی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

غریب لوگوں کو مزید غربت میں دھکیل دیا گیا ہے اور روزگار کے مواقعوں میں بھی کمی کردی گئی ہے، تھر سندھ سمیت پاکستان پاکستان کے لئے خوشحالی کا سبب بنا

اتوار 14 اپریل 2019 22:20

$سیہون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نااہل وفاقی حکومت (پی ٹی آئی)مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور بدامنی کا سونامی لائی ہے اور غریب لوگوں کو مزید غربت میں دھکیل دیا گیا ہے اور روزگار کے مواقعوں میں بھی کمی کردی گئی ہے، تھر سندھ سمیت پاکستان پاکستان کے لئے خوشحالی کا سبب بنا ہے۔

انہوں نے یہ بات سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ کی 12ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب جس کا اہتمام ان کے آبائی گائوں واہڑ مراد شاہ سیہون میں کیا گیا تھا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ برسی کی تقریب میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھڑو، صوبائی کابینہ کے اراکین، معاونین خصوصی، اراکین صوبائی و قومی اسمبلی، سینٹرز، پی پی پی کارکنان اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے آبائی گائوں آمد کے فورا بعد وزیراعلی سندھ اپنے آبائی قبرستان گئے اور وہاں پر اپنے والد سید عبداللہ شاہ اور اپنی والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ نااہل وفاقی حکومت کو حکومت کرنے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے اور وہ لوگوں کے لئے کسی بھی قسم کی کوئی بہتری نہیں لاسکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اچھی طرح سے جانتا ہے کہ انہیں اقتدار میں لایا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نااہل حکومت سندھ کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے، وفاقی حکومت کو معلوم نہیں حکومت کس طرح سے کی جاتی ہے، اس وقت سندھ کو تکالیف پہنچائی جارہی ہیں اس کے باوجود بھی سندھ حکومت صوبہ بھر میں ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں بہت جلد پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوگی اور اس نااہل وفاقی حکومت سے عوام کی چھوٹکارا دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 4 اپریل سے قبل اپنے گھر بذریعہ ٹرین لاڑکانہ گئے تو سندھ کے عوام نے چپے چپے پر ان کا شاندار استقبال کیا، جس کو دیکھ کر وفاق پر حکمرانی کرنے والوں کی نیندیں حرام ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ برس اپنے والد سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ کی یاد میں منعقدہ تقریب میں ہم سب یہاں جمع ہوئے تھے اور جس کے بعد جولائی 2018 میں عام انتخابات ہوئے جس میں میرے علاقے کے عوام نے مجھے بڑی اکثریت سے کامیاب کیا اور پوری سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی سے ہم کنار کیا جس پر ہم سندھ کے عوام کے احسان مند ہیں۔

تقریب سے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے بھادر سابق وزیراعلی سید عبداللہ شاہ کی بھادری اور دلیری بیمثال تھی، سندھ کے خلاف سازشیں اور توڑنے کی باتیں آج کی نہیں، ماضی میں بھی امن امان خراب کر کے بوری بند لاشیں دی گئیں، سندھ کو توڑنے کی سازش کی گئی جس کو ناکام بنایا گیا، سازشیں کرنے والے آج بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے، ایم کیو ایم کا مینڈٹ طالبان خان نے چرایا پر وہ انکی جھولی میں بیٹھ کر سندھ کے خلاف دوبارہ سازشیں کر رہے ہیں۔

عمران خان کے اتحادی سندھ کو میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں، سندھ کی جانب اٹھنے والی ہر اس میلی آنکھ کو نکالا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال سندھ پورے ملک کوسنبھال رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کریں گے جس طرح سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ نے مقابلہ کیا تھا۔

ہم کو سندھ پر جان قربان کرنے والے سپوتوں پر فخر ہے۔ سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ نے جو سندھ کے لئے کیا اس پر ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نفرتیں پھلانے والے دیکھ لیں سندھ میں آج بھی سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ کے فرزند سید مراد علی شاہ کی حکومت ہے جس نے ہمیں اپنے وطن سے محبت کرنیکا درس سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ماں ہے اور ماں کی تقسیم ممکن نہیں۔ کرائے کے قاتل ایک مرتبہ پھر سندھ کی تقسیم کی سازشیں کر رہے ہیں اور ان میں الطاف کی روح موجود ہے۔ وہ سازشیں کر کے سندھ میں اردو اور سندھی زبان بات کرنے والوں کے درمیاں نفرتیں پیدا کر رہے ہیں پر ان کی یہ سازش بھی ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وفاق کو بچانے کے لئے محترمہ بینظیر بھٹو نے زنجیر کا کردار ادا کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی سالمیت کی بات کرنے نکلا ہے تو پردے کے پیچھے بیٹھی قوتوں کو یہ بات ناگوار لگی ہے اور وہ ان پر سندھ کارڈ کھیلنے کے الزام لگا رہے ہیں پر ان کو یہ معلوم نہیں کہ سندھ کارڈ نہیں یہ ایک بڑا مقصد ہے جس کے لئے قربانی دینی پڑی تو سندھ کے سپوت یہ قربانی دینے سے نہیں کترائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سردار سکندر راہپوٹو نے کہا کہ سید عبداللہ شاہ کی سندھ کے لئے خدمات تعریف کے لائق ہیں، اس وقت ان کے فرزند سید مراد علی شاہ اپنے والد صاحب کی طرح بھرپور طریقے خدمت کر رہیہیں۔ ہمارے خاندان کا پیپلز پارٹی سے پرانا رشتہ ہے اور میرے خاندان کے نصیب میں بھی دو شہادتیں آئی ہیں۔ تقریب سے سندھ کابینہ کے ممبران، ایم این ایز، ایم پی ایز، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما، علاقے کے معززین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ برسی تقریب کے آخر میں پیر غلام محمد اشرفی نے خصوصی دعا بھی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات