امیر بخش بھٹوکا رتوڈیرو سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ،ایڈز کی بیماری میں مبتلا جاں بحق افرادکے ورثاسے تعزیت کی

ایڈز کی بیماری میں مبتلا مریضوں کیلئے صرف 5 ہزار روپے کا عطیہ مقرر کیا گیا ہے جو رقم عام طور پر زکام کے علاج کیلئے بھی ناکافی ہے، امیربخش بھٹو

ہفتہ 18 مئی 2019 15:42

ْرتوڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما امیر بخش بھٹونے اپنے حلقہ انتخاب رتوڈیرو سٹی کے مختلف محلوں اور تحصیل کے مختلف گائوں چھٹی ڈربھ، تھنبھ بوزدار، الہڈنو سیلرو، مسکان بروہی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایڈز کی بیماری میں مبتلا فوت ہونے والے معصوم بچوں ہمت علی، طاہر بوزدار، توفیق سیلرو، امین بروہی، نادیہ بروہی، دلمراد لاشاری، صمد علی، جویریہ پتافی، آغا خان میرانی، عزادار علی دایو، مسمات شمشاد زوجہ بچل سیلرو کے ورثاسے تعزیتیں کیں۔

اس موقعے پر فوتیوں کے ورثانے روتے ہوئے امیر بخش بھٹو کو بتایا کہ سندھ حکومت نے ہمارے معصوم بچوں کو لاوارث کر کے مارا ہے، ابھی بھی رتوڈیرو اور لاڑکانہ کی اسپتالوں میں جہاں خون ٹیسٹ ہو رہا ہے وہاں ڈاکٹروں اور عملے پر پیپلز پارٹی کے بندے کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

جس وجہ سے مریضوں کی تعداد بہت کم کر کے بتائی جا رہی ہے۔ مریضوں کو کسی قسم کے علاج کی کوئی سہولت مہیا نہیں کی جا رہی اور روزانہ مریضوں کو لاڑکانہ طلب کر کے شدید گرمی میں دربدر کر کے بغیر کسی علاج کے واپس کردیا جاتا ہے۔

جس پر امیر بخش بھٹو نے ورثاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ایسے ہنگامی حالات میں رتوڈیرو کی عوام کو لاوارث اور تنہا چھوڑ کر عالمی سطح پر بیوفائی اور غداری کا ریکارڈ قائم کیا ہے، در در جاکر ووٹ کی بھیک مانگنے والی فریال تالپور صرف ایک بار کچھ ہی لمحوں کیلئے آکر واپس چلی گئی۔ جبکہ بلاول زرداری نے ابھی تک یہاں آنے کی تکلیف نہیں کی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیرصحت یہاں آکر مریضوں اور ہلاک ہونے والے معصوم بچوں کو ذمہ دار ٹھہرا گئی ہے۔ ایڈز کی بیماری میں مبتلا مریضوں کیلئے صرف 5 ہزار روپے کا عطیہ مقرر کیا گیا ہے جو رقم عام طور پر زکام کے علاج کیلئے بھی ناکافی ہے۔ یہ عمل یہاں کی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ رتوڈیرو بھٹو خاندان کا سیاسی مرکز ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو یہاں سے منتخب ہوکر وزیراعظم بنے مگر زرداریوں اور نقلی بھٹوں کو یہاں کی عوام کے دکھ سکھ کی کوئی پرواہ نہیں۔ لہذا عوام نے بھی ان کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے اور اب عوام اس دن کا منتظر ہے جب یہ مگرمچھ کے آنسوں بہانے والے ان سے ووٹ لینے آئیں گے۔