آئینی ترامیم کے ذریعے جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی تصور کیاجائیگا،

بھارت کشمیری عوام کی مرضی اوررائے کے بغیر جموں وکشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل کی پریس بریفنگ

جمعرات 23 مئی 2019 16:59

آئینی ترامیم کے ذریعے جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) پاکستان نے کہاہے کہ آئینی ترامیم کے ذریعے جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی تصور کیاجائیگا، بھارت کشمیری عوام کی مرضی اوررائے کے بغیر جموں وکشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، ایران اورامریکا کے درمیان جاری محاذ آرائی پر گہری تشویش ہے، وزیرخارجہ بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات پر جلد بیان جاری کریں گے، بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کوویزہ دینے سے انکار سے متعلق رپورٹیں بے بنیاد ہیں۔

۔ یہ بات دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وارپریس بریفنگ میں کہی۔انہوں نے کہاکہ اصولی طورپراقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کے انعقاد سے قبل جموں وکشمیر کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے یہ بات بھارت کے اہم سیاستدان کے بیان کے جواب میں کہی جنہوں نے کہاتھا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 ، جس میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دی گئی ہے ، کومنسوخ کرنے سے وادی کو آزادی اوردیرینہ تنازعہ کو حل کرنے میں مدد ملیگی۔

ترجمان نے دوٹوک انداز میں کہاکہ بھارت کشمیری عوام کی مرضی اوررائے کے بغیر جموں وکشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، ترجمان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی حراست، قتل ، ریپ اورتشدد سمیت جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مزمت کی ۔ ترجمان نے کہاکہ شوپیاں، پلوامہ، سوپوراوربھدروا کے اضلاع میں بھارتی سکیورٹی فورسز نے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی قابض فوج کو مارائے عدالت اقدامات اور استبدادی قوانین کے تحت فراہم کردہ استثنیٰ کے نتیجے میں اس قتل عام میں ملوث کسی ایک ملزم کو بھی سزاء نہیں دی جاسکی۔

ترجمان نے ایران اورامریکا کے درمیان جاری محاذ آرائی پر گہری تشویش کااظہارکیا اورکہاکہ کہ بہر صورت پاکستان مذاکرات کی حمایت کرے گا، پاکستان کا اس معاملہ پر تسلسل سے یہی موقف رہاہے اورواضح بھی کرچکا ہے کہ پاکستان اس بارے میں امریکا اورایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرے گا، مذاکرات کیلئے چاہے کوئی بھی طریقہ کارکیوں نہ اختیارکیا جائے۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے ماضی میں کئی بار فریقین کے درمیان ثالثی کیلئے خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی اورمستقبل میں بھی ہم یہ کرداراداکرنے کیلئے تیار ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اسلامی تعاون کی تنظیم (آوآئی سی ) کے اجلاس میں شرکت کیلئے 27 مئی سے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں وزیرخارجہ کی اپنے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات اوراس کے نتائج سے متعلق سوال پرترجمان نے کہاکہ وزیرخارجہ بہت جلد اس معاملے پربیان جاری کریں گے۔

ترجمان نے بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کوویزہ دینے سے انکار سے متعلق رپورٹوں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہاکہ 21 مئی کو بنگلہ دیش کے وزیرخارجہ نے پریس بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ ان کی حکومت نے کسی کو ویزہ جاری کرنے سے نہیں روکا ہے، پاکستان بنگلہ دیش سمیت تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، پاکستان دوطرفہ بنیادوں پر تمام زیرالتواء معاملات کو حل کرنے کی کوشش کررہاہے۔

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے 17 مئی کو صومالیہ کے کلچرل اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے بہارہ کہو کے رہائشی مشتاق کیانی کے زخمی ہونے اوربعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرنے کی تصدیق کی۔ ترجمان نے کہاکہ پولیس نے جوتحقیقات کی ہے ان کے مطابق موٹر سائیکل سوارنے سرخ بتی کی خلاف ورزی کی جس سے حادثہ پیش آیا، ترجمان نے کہاکہ اسی دن صومالیہ کے سفیرکو دفترخارجہ طلب کیا گیا اورانہیں بتایا گیا کہ ویاناکنونشن اورملکی قانون کے تحت سفارت کارکے خلاف مناسب کارروائی کی جائیگی۔