Live Updates

ماضی کی ناکام حکومتوں کی طرح عمران حکومت نے قرضوں ، سود کی لعنت اور کشکول پھیلاکر اقتصادی نظام کو تباہی کے راستہ پر ڈالدیاہے، لیاقت بلوچ

۵حکومت کا کوئی اقتصادی وژن نہیں ۔ آئی ایم ایف کی کرائے کی ٹیم عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ اسلام کا معاشی نظام ، خود انحصاری اور اپنے سرمایہ کاروںو ہنر مندوں کو اعتماد دینے سے ہی بحرانوں کا حل نکلے گا ، قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان

جمعرات 23 مئی 2019 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ماضی کی ناکام حکومتوں کی طرح عمران حکومت نے قرضوں ، سود کی لعنت اور کشکول پھیلاکر اقتصادی نظام کو تباہی کے راستہ پر ڈالدیاہے ۔ حکومت کا کوئی اقتصادی وژن نہیں ۔ آئی ایم ایف کی کرائے کی ٹیم عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ اسلام کا معاشی نظام ، خود انحصاری اور اپنے سرمایہ کاروںو ہنر مندوں کو اعتماد دینے سے ہی بحرانوں کا حل نکلے گا ۔

کرغیزستان میں بھارتی وزیر خارجہ کا رویہ جارحانہ تھا۔ انہوں نے پاکستا ن کے خلا ف زہر اگلا لیکن پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود کا اظہار بیان مدافعانہ اور بزدلانہ تھا ، کشمیر میں مسلمان نوجوانوں کے قتل عام اور پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا براہ راست ذکر تک نہ کیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی میں عوامی افطار پروگراموں اور جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے۔ کراچی کی پریشانی پورے ملک کو پریشان کردیتی ہے ۔ عمران خان حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی ، نقیب اللہ کیس ، بارہ مئی ، سانحہ بلدیہ ٹائون اور وکلا کو زندہ جلانے کے سانحات کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ قاتلوں ، بھتہ خوروں کو معزز بنا کر قوم پر مسلط کردیا۔ کراچی کے عوام کو دکھ پہنچا کر ہر حکومت آخر کیوں خوش ہوتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان بحرانوں میں گھرا ہواہے ،حکومتوں کی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ دارانہ روش بحرانوں کو کربناک بنارہی ہے ۔ عوام کی مایوسی اور غصہ بڑے احتجاج اور تحریک کے لیے تیار ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالم اسلام ہر موڑ پر نئی آزمائش اور سازشوں کا شکار ہے ۔ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل افغانستان میں ناکام ہیں ۔ کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل نہ کر نے کے لیے خلیج میں نئی بحری جنگ مسلط کی جارہی ہے ۔

عالمی استعماری قوتیں اسلام اور مسلمان دشمن ، عالمی ادارے جانبدار اور متعصب ہیں ۔ عالم اسلام منتشر اور باہم دست و گریبان رہے گا تو نئی جنگ ،نئی تباہی اور فساد مسلط ہوتا رہے گا ۔ اتحاد امت اورمشترکہ حکمت عملی ہی امت کے مسائل کا حل ہے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے کراچی میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات اور عیادت کی ۔ سید منورحسن الحمدللہ اب پہلے سے بہتر ہیں ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات