کلبھوشن جادیو کیس میں وکیل کا چناؤ مشکل ترین کام تھا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کلبھوشن جادیو کے کیس میں آرمی چیف نے وکیل کے تقرر کا کام خاور قریشی کے حوالے کیا تھا، میجر جنرل آصف غفور

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 17 جولائی 2019 23:08

کلبھوشن جادیو کیس میں وکیل کا چناؤ مشکل ترین کام تھا، ڈی جی آئی ایس ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2019) ڈی جی آئی ایس پی آ رمیجر جنرل آصف غفور نے بتایا ہے کہ کلبھوشن جادیو کیس میں وکیل کا چناؤ مشکل ترین کام تھا اور آرمی چیف نے وکیل کے تقرر کا کام خاور قریشی کے حوالے کیا ، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان عالمی عدالت میں سرخرو ہوا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کلبھوشن یادیو کی رحم کی اپیل پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، کلبھوشن کی سزائے موت کے حوالے سے حکومت قانون کے مطابق جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیو کیس کے فیصلے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اللہ نے پاکستان، عوام اور عدلیہ کو سرخرو کیا ہے، اٹارنی جنرل کی سربراہی میں پاکستانی وکلاء نے کیس زبردست انداز میں لڑا۔

(جاری ہے)

جبکہ وزارت خارجہ نے بھی بہترین کام کیا ہے۔ کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا کے حوالے سے ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کی رحم کی اپیل تاحال آرمی چیف کے پاس ہے۔ عالمی عدالت کے فیصلے سے قبل اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ آرمی چیف نے کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا کو ختم کرنے یا اس پر عمل کروانے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کی سزائے موت کے حوالے سے حکومت قانون کے مطابق جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بھارت کو عالمی عدالت میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کلبھوشن یادیو کی رہائی نہ ہو پانا بھارت کی شکست ہے۔ عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کے بھارتی جاسوس ہونے سمیت پاکستان کے دیگر تمام دعوے تسلیم کیے ہیں۔ عالمی عدالت کے ایڈہاک جج تصدق جیلانی کا موقف بھی پاکستان کی جیت ہے۔ یقین تھا کہ عالمی عدالت میں پاکستان اپنا کیس جیتنے میں ضرور کامیاب ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کیس میں بھارت کو عالمی عدالت میں شکست دے دی ہے۔