سابق کرکٹر جاوید میانداد بھی بانی پی ٹی آئی کے حق میں بول پڑے

عمران خان کھانے پینے والا نہیں دیانتدار آدمی ہے، اگر جیل سے باہر نکال دیں گے تو کیا وہ پاکستان کو کھا جائے گا؟ جاوید میاں داد

جمعہ 28 اگست 2026 20:36

سابق کرکٹر جاوید میانداد بھی بانی پی ٹی آئی کے حق میں بول پڑے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 28 اگست 2026ء ) پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میاں داد سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں بول پڑے۔ ایک بیان میں جاوید میاں داد کا کہنا ہے کہ مجھے پتا ہے کہ عمران خان دیانتدار آدمی ہے، وہ کھانے پینے والا آدمی نہیں ہے ورنہ بہت کچھ کرجاتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی سمجھا دے کہ عمران خان کو اگر جیل سے باہر نکال دیں گے تو کیا فرق پڑ جائے گا؟ کیا وہ پاکستان کو کھا جائے گا؟
یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کی کوریج کے دوران سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں، قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کرنے پر سکائی سپورٹس سے باقاعدہ شکایت کی۔

(جاری ہے)

برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق اس انٹرویو پر پاکستانی ٹیم کی ناراضی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں کھلاڑیوں نے کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ میدان میں آنے سے انکار کرنے کی دھمکی بھی دی۔ اسکائی سپورٹس کے صحافی مائیکل ایتھرٹن سے گفتگو کے دوران عمران خان کے بیٹوں نے اپنے والد کے ساتھ پاکستانی حکومت کے رویے پر تشویش ظاہر کی تھی۔

عمران خان کے بیٹوں نے سنگین الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکومت عمران خان کو جیل میں رکھ کر انہیں خاموش کرنا چاہتی ہے اور یہاں تک کہ ’انہیں مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان گذشتہ تین برسوں سے جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل دنیا کے کئی سابق معروف کرکٹرز بھی عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ ان میں مائیکل ایتھرٹن سمیت 21 سابق کرکٹرز شامل ہیں۔