Live Updates

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری جمہوریت کیلئے ایک اور سیاہ دن ہے ،

کیا سویلین انسان نہیں ہیں ، ہماری جان لے لیجیے لیکن یہ کھیل بند کیا جائے‘ احسن اقبال، مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 17:16

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری جمہوریت کیلئے ایک اور سیاہ دن ہے ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جمہوریت کیلئے ایک اور سیاہ دن ہے ،آج سوال یہ ہے کہ کیا سویلین انسان نہیں ہیں ، کیا سویلین عوا م کی خدمت نہیں کر سکتے ، ہم اسے برداشت نہیںکر سکتے ، ہماری جان لے لیجیے لیکن یہ کھیل بند کیا جائے ، مسلط اور سلیکٹڈ وزیر اعظم جس طرح کر رہا ہے اس سے کاروبار چلتا ہے اور نہ عوا م کو ریلیف ملتا ہے بلکہ اس سے خانہ جنگی ہوتی ہے ،،باوردی ڈکٹیٹر ہٹلر نہیں بن سکا تو ہم آپ کو بھی پاکستان کا ہٹلر نہیںبننے دیں گے اور آپ اپنے انجام سے ڈریں ، تم خود تو نقلی ہو لیکن وارنٹ گرفتار ی تو اصلی بھجوا دو ، ملک کے د و سابق وزرائے اعظم کو وٹس اپ پر گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے نیب کے اہلکاروں سے وارنٹ گرفتاری دکھانے کے لئے کہا تھا تو ان کے پاس کچھ نہیں تھا ، اس کے بعد وٹس اپ پر وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا جب ہم نے کہا کہ اصلی آڈر دکھائے جائیں تو وٹس ایپ دکھا دیا گیا اور پھر وٹس اپ سے نکالی گئی غیر تصدیق شدہ فوٹو کاپی لاکر دکھا دی گئی ۔

انہوںنے کہا کہ آج جمہوریت کیلئے ایک اور سیاہ دن ہے ۔ دونوں منتخب وزیر اعظم نیب گردی اور فسطائی گردی کا نشانہ بنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چلنے میںناکام ہو چکی ہے ، 72سال میں ایسی کوئی حکومت نہیں آئی جسے ہر طرف سے ، ہر قومی ادارے سے ٹھنڈی ہوا مل رہی ہو لیکن وہ پھر نہ اڑ رہی ہو اور اس کی معیشت دیوالیہ پن کی طرف جارہی ہو او ر عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک سال میں 7ہزار ارب روپے کابوجھ قو م پر ڈال چکی ہے او ر اس کے عوض ان کے پاس دکھانے کے لئے کچھ نہیں۔ اگر تم سے جہاز نہیں اڑ رہا تو اس میں عوا م یا اپوزیشن کا کیا قصور ہے کیونکہ کپتان ہی نا اہل ،ناتجربہ کار او رنالائق ہے اور کپتان کی نا لائقی کی سزا بائیس کروڑ عوام بھگت رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ اور مسلط کردہ وزیر اعظم تم ہماری آواز بند نہیںکر سکتے ۔

تمہارے لئے پیغام ہے کہ ہمیں پکڑ کر جیل میں ڈال دو لیکن تم ہماری آواز کو نہیں دبا سکتے ۔ ہمن نے باوردی ڈکٹیٹر کامقابلہ کیا ہے ، ہم نے دہشتگردوں کی گولیاں کھائی ہیں ،ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباس پاکستان میں بسنے والے بچے بچے کی آواز ہیں تم کس کس کو پکڑوں گے تم بائیس کروڑ عوام کو بھی پکڑ لو لیکن تمہاری حکومت اور کمپنی نہیں چلے گی کیونکہ یہ کرپٹ کمپنی ہے ۔

جو بھی تمہاری کرپشن کے سکینڈلز پر آواز اٹھاتا ہے اسے بدنام اور گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میںایل این جی ایک خواب تھا جسے شاہد خاقان عباسی نے حقیقت میں بدلا اور ملک سے گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا اس سے سستی بجلی کی پیداوار شروع ہوئی لیکن آج انہیں اندر کر دیا گیا ہے ۔ میں نے ساڑھے تین سالون میں 28ارب ڈالر کے سی پیک کے 28منصوبوں پر عملی کام شروع کیا لیکن آج میں بھی نیب کومطلوب ہوں۔

مفتاح اسماعیل نے معیشت کو 5.8فیصد گروتھ ریٹ پر پہنچایا گروتھ کا بجٹ پیش کیا آج اسے بھی بلایا جارہا ہے ۔ سعد رفیق نے ریلوے میں انقلابی ترقی کی ،شہباز کے کاموں کی پوری دنیا معترف ہے لیکن وہ بھی نیب بھگت رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سوال یہ ہے کہ تمہارا یجنڈا کیا ہے ، کیا سویلین انسان نہیں ، کیا سویلین خدمت نہیں کر سکتے اور چور ہیں ۔ ہم اسے مزید برداشت نہیں کر سکتے ہماری جان لے لیجیے لیکن سیاستدانوں کو بدنام کرنے کا کھیل بند کیا جائے ،جس نے ملک کی خدمت کی ہے وہ آج نیب کومطلوب ہے ۔

لندن میں ہمارے خلاف خبریں شائع کرائی جارہی ہیں اور اس کے بعد آج کی خبر ہے کہ پاکستان کی امداد کم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اپوزیشن کے انتقا م میں ملک کے خلاف کیوں سازش کی جارہی ہے ۔ آپ پوری دنیا کو یہ کہنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرپٹ ترین او رمنی لانڈرنگ کامرکز ہے اس سے صرف ملک کی بدنامی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمار امطالبہ ہے کہ نیب کا نام تبدیل کر کے ’’ن ‘‘اکائونٹبلٹی بیورو رکھ دیا جائے کیونکہ آج ساری کارروائیں (ن) لیگ کے خلاف ہو رہی ہیں۔

آج کرپشن کے سارے بڑے مگر مچھ پی ٹی آئی کی چھتری تلے مزے سے سو رہے ہیں ، عمران خان کی آدھی کابینہ پر نیب کے ریفرنسز ہیں ۔ ہم آپ کوپاکستان کا ہٹلر نہیںبننے دیں گے ، یہاں باوردی مشرف ہٹلر نہیں بن سکا ، تم سلیکٹڈ ہو اور اپنے انجا م سے ڈرو ، تاریخ کا جبر بڑا بے رحم ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب ہم نے فیض آباد میں دھرنے کا مقابلہ کیا تو رینجرز کو طلب کیا گیا تو ہمیں کہا گیا کہ ہم بیک اینڈ پر رہیں گے اور کارروائی نہیں کریں گے لیکن آج بڑا صدمہ ہوا کہ سابق وزیر اعظم کو گرفتار کر نے کیلئے رینجرز موجود ہے ۔

انہوں نے کاکہا کہ عمران نیازی بڑے طریقے سے قومی اداروں کے ذریعے اپنے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل چاہتا ہے ہے لیکن یہ قوم کی خدمت نہیں ،عمران نیازی چاہتا ہے کہ قوم کے ادارے صرف پی ٹی آئی کے ادارے بن جائیں جبکہ اس سے قبل ہم مشرف کے دور میں (ق) لیگ کے اس طرح کے اقدامات دیکھ چکے ہیں جس کا ملک کوشدید نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔ ہم قومی اداروںکو سیاست میں استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی نالائق او رسلیکٹڈ ہے ، آج ایک سابق وزیر عظم کو ایک فوٹو کاپی پر گرفتار کیا جاتا ہے ، جب نیب کے اہلکاروں سے پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس وارنٹ گرفتاری نہیںہیں اور اوپر سے حکم آیا ہے کہ گرفتار کیا جائے ۔ عمران نیازی یہ ہے تمہارا نیا پاکستان ۔ یہ سب صرف مسلم لیگ (ن)کے ساتھ ہو رہا ہے ۔ تم مسلط کردہ اور سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے او رتم سے کام نہیں ہو رہا اور صرف (ن) لیگ کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف اور شاہد خاقان 22کروڑ عوام کی آواز ہیں اور بائیس کروڑ عوام ان کی آواز ہیں ۔ اگر عوام کو روزگار ملتا ہے ،روٹی ملتی ہے ، ملک میںترقی ہوتی ہے توہم سب کو گرفتار کر لو لیکن تم سے پھر بھی کچھ نہیںہوگا ۔تم سلیکٹڈ او رنالائق تھے ہی اب تم ڈر پوک بھی ہو لیکن تم سازش سے ( ن) لیگ کی آواز کو بند نہیں کر سکوگے ۔ تم ہماری آواز ، حق اور سچ کی آواز کو نہیں دبا سکو گے ۔

۔ جس طرح تم کر رہے ہو اس سے عوام کو روزگار اور ریلیف نہیں ملتا بلکہ اس سے خانہ جنگی ہوتی ہے ۔ ہم تمہارے ظلم اور ززیادتی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ تم اجتماعی وارنٹ گرفتاری پرنٹ کروا کے رکھ لو اور سب کے نام لکھ دو ،تم نقلی تو ہی تھے اب نقلی وارنٹ گرفتاری پر گرفتاریاں بھی کراتے ہو ۔پہلے ایک وزیر اعظم کووٹس اپ کے ذریعے گرفتار کرایا گیا اور سزا دی دی گئی لیکن آج پھر وٹس اپ کے ذریعے ایک اورمنتخب وزیر اعظم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس طرح کے ہتھکنڈوںکے ذریعے جج صاحب کی ویڈیو کو جعلی ثابت نہیں کر سکتے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات