مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، راجہ فاروق حیدر

منگل 3 ستمبر 2019 23:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، یورپی یونین بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے، مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال کیا جائے، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کو باہر نکالا جائے، یورپی پارلیمینٹ کا مسئلہ کشمیر کو ایجینڈے میں شامل کرنا حوصلہ افزا ہے۔

(جاری ہے)

برسلز سے موصولہ پیغام کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مسلسل تاریخ کو جھٹلا رہی ہے، کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان زمینی تنازع نہیں ہے، یہ کشمیریوں کے جمہوری حق اور تسلیم شدہ تنازع کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرے، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ختم کیا جائے، کشمیریوں کو غذائی اجناس اور ادویات تک رسائی دی جائے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔