پاکستان پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں لیکن احتساب بلاتفریق ہونا چاہیئے، آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر الزامات سندھ میں بدعنوانی سے متعلق ہیں،

آئین کے مطابق ان کا ٹرائل بھی سندھ میں ہونا چاہئے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سعید غنی کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 5 ستمبر 2019 22:05

پاکستان پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں لیکن احتساب بلاتفریق ہونا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات و لیبر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں لیکن احتساب بلاتفریق ہونا چاہیئے، سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر الزامات سندھ میں بدعنوانی سے متعلق ہیں، آئین کے مطابق ان کا ٹرائل بھی سندھ میں ہونا چاہئے، سندھ کے ججز اور نیب کے افسران سندھ حکومت کے مقرر کردہ نہیں بلکہ وفاق کے لگائے ہوئے ہیں، آصف علی زرداری علیل ہیں انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا جائے، کسی بھی دبائو سے پاکستان پیپلز پارٹی اپنے موقف کو تبدیل نہیں کرے گی۔

جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں شرجیل میمن، ناصر علی شاہ، سہیل انور سیال، امتیاز شیخ اور دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے ہمیشہ ناانصافی ہوئی ہے، ذولفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے ساتھ کیا ہوا سب کے سامنے ہے، آصف علی زرداری نے 11 سال بے گناہ جیل کاٹی۔

(جاری ہے)

پہلے کچھ ثابت ہوا اور نہ آئندہ کچھ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب نیب کے سندھ کے افسران موجود ہیں لیکن ٹرائل پنجاب میں کیا جارہا ہے اور اسباب بتائے جا رہے ہیں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جو ٹرائل پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اس لئے ٹرائل یہاں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ خاندان اور پارٹی کو فراہم نہیں کی جا رہی اور ڈاکٹروں نے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے، جمعرات کو ان کی عدالت پیشی کے موقع پر ان کی بیٹی کو بھی ان سے نہیں ملنے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کی پاسداری کے لئے آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سودے بازی کرنی ہوتی تو ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید زندہ ہوتیں اور آصف زرداری جیل میں نہ ہوتے۔ سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود انہیں اجلاس میں شریک ہونے نہیں دیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق قومی موقف پر ہماری جماعت حکومت کے ساتھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں کتے کاٹنے کی ویکسین موجودہے ویکسین ختم ہونے کی باتیں غلط ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے احتجاج کی کال خود دی تھی اپوزیشن سے باہمی مشاورت کے ساتھ جو احتجاج کی کال ہوگی اس میں شرکت کریں گے ۔

سعید غنی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو قتل ریفرنس ایک عرصے سے سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے، آصف زرداری کبھی کسی دکھ تکلیف کا اظہار نہیں کریں گے وہ دکھ درد ہنس کر برداشت کرنے کے عادی ہیں لیکن وہ حقیقی طور پر بیمار ہیں، آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹس حکومتی ڈاکٹرز کی تیار کردہ ہیں، علاج معالجہ کرانا ہر قیدی کا بنیادی حق ہے، حکومت آصف زرداری کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔