Live Updates

خواجہ فاروق احمد کا وزیراعظم عمران خان کی مظفرآباد آمد پربھرپور انداز میں استقبال پر کشمیر ی عوام کا شکریہ

مودی مقبوضہ کشمیر کے کسی شہر، گائوں میں جلسہ تو کیا کارنر میٹنگ بھی نہیں کرسکتے ،پاکستان کا وزیراعظم آزاد کشمیر میں جہاں چاہے ہزاروں کی تعداد میں کھلے میدان میں جلسہ سے خطاب کرسکتا ہے یہی فرق دنیا کو محسوس کرلینا چاہیے،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری تحریک انصاف

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری خواجہ فاروق احمد نے کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کے اظہار کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مظفرآباد آمد پر جس طرح مظفرآباد ،کشمیر کے لوگوں نے بھرپور انداز میں عمران خان کا استقبال کیا ۔ خواتین بچوں ، نوجوانوں بزرگوں غرضیکہ زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے جس طرح یونیورسٹی گرائونڈ مظفرآباد کو فول پروف بھرا اس کے لئے تحریک انصاف پاکستان کی طرف سے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

تحریک انصاف ضلع مظفرآباد اور بالخصوص حلقہ 3کے رہنمائوں ، کارکنوں ، یوتھ ، آئی ایس ایف ، شعبہ خواتین نے جس طرح شب و روز محنت کی عمران خان کایوم یکجہتی کے حوالے سے پیغام کمی وقت کے باوجود عام آدمی تک پہنچایا ، شدید گرمی اور حبس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو جلسہ گاہ میں لانے میں کامیاب رہے اس پر تحریک انصاف کے جملہ کارکن رہنما مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اگرچہ جلسہ میں چیف سیکرٹری اور ان کی انتظامیہ کی بہت غیر ضروری مداخلت تھی اگر یہ مداخلت نہ ہوتی صرف اور صرف تحریک انصاف پر جلسہ کامیاب کرنے کی ذمہ داری ہوتی ۔ چیف سیکرٹری کی جانب سے سیکورٹی کے نام پر غیر ضروری پابندیاں عوام پر نہ لگائی جائیں اور وہ ہزاروں افراد بھی جلسہ گاہ میں آنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جنہیں یونیورسٹی گرائونڈ کے گیٹ وزیراعظم کی آمد کے بعد سیکرٹری کے نام پر مکمل بند کرکے عوام کو سڑکوں پر ہی کھڑا رہنے پر مجبور کردیا گیا تو جلسہ گاہ میں پائوں رکھنے کی جگہ بھی نہ ملتی ۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کو سٹیج نمبر 1پر بیٹھنے کی اجازت نہ دے کر چیف سیکرٹری نے اظہار یکجہتی کے اصل نمائندوں کے ساتھ زیادتی کی جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ چہلہ پل ، سی ایم ایچ روڈ ، بائی پاس ، عیدگاہ روڈ ، طارق آباد بائی پاس پلیٹ روڈ کو مکمل گاڑیوں کیلئے وقت سے بہت پہلے بند کردیا گیا جس سے ہزاروں کی تعداد میں ریلیوں کی صورت میں آنے والے جلوسوں کو ایک میل سے 2میل تک پیدل سڑکوں پر سفر کرنا پڑا جو وقت پر جلسہ گاہ میں نہ پہنچ سکے لیکن انتظامیہ بالخصوص چیف سیکرٹری کے بعض غیر دانشمندانہ فیصلوں ، احکامات کی وجہ سے مقامی انتظامیہ کو سیکورٹی کے نام پر جو اقدامات اٹھانے پڑے اس سے عام انسان کو بہت تکلیف پہنچی ۔

تحریک انصاف انشاء اللہ مکمل اپنے لیول پر عمران خان کا دوبارہ جلسہ آزاد کشمیر مظفرآباد میں کرائے گی جس میں چیف سیکرٹری جیسے افراد کی کوئی مداخلت نہ ہوگی تو وہ جلسہ بھی آزاد کشمیر کی تاریخ کا ایک بڑا جلسہ ہوگا۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ جو پیغام عمران خان ، مودی پوری دنیا اور مقبوضہ کشمیر کے 90لاکھ محصور عوام کو دینا چاہتے تھے وہ مظفرآباد کے اس تاریخی جلسہ کے ذریعے رہنے میں مکمل طور پر کامیاب رہے ہیں اور یہ فرق بھی واضح طور پر دنیا کو بتا گئے ہیں کہ مودی سرینگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے کسی شہر، گائوں میں جلسہ تو کیا کارنر میٹنگ بھی نہیں کرسکتے جبکہ پاکستان کا وزیراعظم آزاد کشمیر میں جہاں چاہے ہزاروں کی تعداد میں کھلے میدان میں جلسہ سے خطاب کرسکتا ہے یہی فرق دنیا کو محسوس کرلینا چاہیے ۔

خواجہ فاروق احمد نے ایک بار عوام بالخصوص خواتین ، یوتھ ، آئی ایس ایف اور اپنی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری پابندیوں کی وجہ سے جو تکلیف اٹھانا پڑی پر معذرت کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی کہ وہ اپنے قائد عمران خان کا شاندار استقبال کرنے میں کامیاب رہے ۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت کو چیف سیکرٹری نے جس طرح جان بوجھ کر سیکورٹی کے نام پر سٹیج نمبر 1پر نہیں آنے دیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس پر بھی میں پی ٹی آئی اے جے کے کی قیادت سے معذرت چاہتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات