باغ ،وزیراعظم آزاد کشمیر نے امراض قلب ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہندوستان کی ہمت نہیں آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ، ہندوستان کی بزدل فوج ، کشمیریوں اور افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، ہمیں اتحاد و یکجہتی کو بڑھانا ہے اور اس وقت نظریاتی اور فکری انتشار سے بچنا ہے ،راجہ محمد فاروق حیدر

بدھ 1 جنوری 2020 18:48

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2020ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے امراض قلب ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات ، سیاحت ، آئی ٹی و امور نوجواناں راجہ مشتاق احمد منہاس، وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، ممبر اسمبلی ،عبدالرشید ترابی، سرکاری آفیسران اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وزیر اعظم جب ہسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کیلئے پہنچے تو ہزاروں کارکنان وزیر اعظم کا پرتپال استقبال کیا اورزبردست نعرے بازی ۔ وزیر اعظم نے ضلع باغ میں نیو تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور ہلڑمیں پل کا افتتاح بھی کیا۔ امراج قلب ہسپتال کے سنگ بنیاد کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہندوستان کی ہمت نہیں کہ آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ، ہندوستان کی بزدل فوج ، کشمیریوں اور افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

ہمیں اتحاد و یکجہتی کو بڑھانا ہے اور اس وقت نظریاتی اور فکری انتشار سے بچنا ہے ۔ محسن کشمیر محمد نواز شریف نے باغ میں مشتاق منہاس کے مطالبے پر یہاں دل کے ہسپتال کا اعلان کیا تھا جس سنگ بنیاد مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی حکومت نے رکھ دیا ہے اس کی تعمیر پر آٹھ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ۔ خطہ کی ترقی کیلئے سب ملکر آگے بڑھیں۔

مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقدامات سے عوام خوشگوار تبدیلی محسوس کررہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار اپنی آمدن سے ترقیاتی فنڈز میں حصہ ڈالا۔ ضلع باغ سمیت آزادکشمیر بھر میں تعمیر وترقی کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ 2021کے بعد بھی جاری رہے گا۔ ہم نے تمام حلقوں میں بلاتخصیص فنڈز دیے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ضلع باغ نے عظیم لوگوں کی جنم دیا۔

یہاں سے سردار عبدالقیوم خان ، سردار شمس خان ملدیال، سردار محمد حسین دھڑے ، چوہدری محمد غلام ، پیر علی اصغر شاہ ، سید خادم حسین شاہ ، میجر محمد ایوب خان جیسے عظیم لوگ پیدا ہوئے ۔ مجھے ضلع باغ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی ہے اور اسی وجہ سے سال کے پہلے دن کی تقریب یہیں رکھی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیز فائر لائن پر آباد کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔

وہ بزدل بھارتی افواج کے فائرنگ سے ڈرنے والے نہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نہتے ہاتھوں بھاری اسلحہ سے لیس ہندوستانی افواج کا مقابلہ کررہے ہیں ، بھائیوں ، بہنوں اور بزرگوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم نے اس موقع اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہماری حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ختم نبوت کو آئین کا حصہ بنانا ہے ۔

اس علاوہ بھی حکومت نے تاریخی تیرہویں آئینی ترمیم ، فری ایمرجنسی سروسز، این ٹی ایس ، اور کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے آزادکشمیر بھر میں ترقیاتی منصوبہ جات اور عدلیہ میں ججز کی تعداد میں اضافہ ، تمام بڑی شاہرات کی اپ گریڈیشن اور دیگر اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے لوگ ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔

باقی جو عرصہ رہتا ہے اس میں بھی ڈٹ کر عوام کی خدمت کرینگے ۔ ازاں بعد وزیر اعظم نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس باغ کا بھی افتتاح کیا اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میںمریضوں کیلئے 100 بیڈز اور ریڑہ میں بجلی کے سب ڈویژن کے قیام کی بھی منظوری دی۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ کمپلیکس باغ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ امراض قلب ہسپتال کا قیام کے حوالے سے وزیر حکومت راجہ مشتاق احمد منہاس کی بہت کاوشیں ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر میں وزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ زلزلہ 2005کے بعد جب کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز ہوا تو اس وقت سردار میر اکبرخان وزیر حکومت تھے ۔