میری پچھلی نسلیں اور آئندہ نسلیں جیالوں پر قربان ہوں، بلاول بھٹو

پی پی کارکن مایوس نہ ہوں، ہم کوئی غیرپارلیمانی اقدام نہیں کرنے دیں گے، واحد پیپلزپارٹی ہے جو غیرپالیمانی اقدام کیخلاف ڈٹ گئی، ہم نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلا گیا تو ترمیم کیلئے ساتھ نہیں دیں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 جنوری 2020 16:50

میری پچھلی نسلیں اور آئندہ نسلیں جیالوں پر قربان ہوں، بلاول بھٹو
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جنوری 2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری پچھلی نسلیں اور آئندہ نسلیں جیالوں پر قربان ہوں، واحد پیپلزپارٹی ہے جو آرمی سروسزایکٹ میں ترمیم کیلئے غیرپالیمانی طریقے کیخلاف ڈٹ گئی، ہم نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلا گیا تو ترمیم کیلئے ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں جو لوگ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں پیپلزپارٹی ان کیلئے امید کی کرن رہی ہے، آج بھی مشکل حالات میں جب ہمارے قومی اسمبلی میں نمبرزکم ہیں ،پھر بھی ہم نے اسٹینڈ لیا ہے ، اس ادارے کیلئے شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جو قربانی دی ہے، ہم اسی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ موجودہ پارلیمان تاریخ کا کمزور ترین پارلیمان رہا ہے۔یہ ہماری بڑی کامیابی ہے جب پارلیمان کے جمہوری طریقہ کار کو سبوتاژ کیا جارہا تھا، توان حالات میں ایک ہی جماعت تھی وہ پاکستان پیپلزپارٹی تھی جو ڈٹ گئی اور کہا اگر جمہوریت کے ساتھ کھیلا گیا تو ہم آرمی سروسزایکٹس میں ترمیم کیلئے ساتھ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت اور پارلیمان کو فعال بنانے کی جو جدوجہد کررہے ہیں وہ صرف پیپلزپارٹی کارکنان اور عوام کیلئے کررہے ہیں،میری پچھلی نسلیں اور آئندہ نسلیں جیالوں پر قربان ہوں۔ واضح رہے آج قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی ، پاکستان ایئرفورس اور پاکستان نیوی سے متعلق ترمیمی بلوں کی منظوری لی گئی۔ لیکن اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری، اختر مینگل سمیت کئی ارکان نے شرکت نہیں کی جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ اس دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، امیر حیدر خان ہوتی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب سمیت دیگر اراکین بھی غیر حاضر رہے۔