ایم کیو ایم فطری طور پر کسی کی حلیف نہیں ہمیشہ آلہ کار ہی ہوتی ہے ‘ لیاقت بلوچ

صرف اقتدا ر کیلئے بھان متی کا کنبہ جوڑا گیا، مفادات کی ہنڈیا اقتدار کے چولہے پر ہی بھسم ہوگی

پیر 13 جنوری 2020 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان سرکار جس طرح آئی تباہی کر کے اسی راستے واپس بھی ہوگی ،صرف اقتدا ر کے لیے بھان متی کا کنبہ جوڑا گیا، مفادات کی ہنڈیا اقتدار کے چولہے پر ہی بھسم ہوگی ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان نے صرف اپوزیشن ، مخالف جماعتوں کے ساتھ ہی نہیں اپنے ممبران اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ بھی غیر سیاسی، غیر جمہوری رویہ اختیار کیے رکھا ۔

اب عمران خان کے لیے اقتدار بچانا ترجیح ہے تو انہیں بہت سارے کمپرومائز کرنا ہوں گے ۔ آئندہ بجٹ سے پہلے ہر معاملہ عیاں ہوتا جائے گا ۔ ایم کیو ایم فطری طور پر کسی کی حلیف نہیں ہمیشہ آلہ کار ہی ہوتی ہے ،اصل المیہ تو یہ ہے کہ ہر حکومت انکے ساتھ ماضی کے باوجود انہیں سینے سے لگاتی ہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت میں نریند ر مودی کے فاشسٹ اسلوب حکمرانی کے خلاف پورا بھارت احتجاج کی شاہراہ پر ہے ۔

اقلیتوں کے خلاف آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کا رویہ ہولناک ہے ۔ پوری دنیا میں بھارتی حکومت کا انسان دشمن چہرہ بے نقاب ہو گیاہے ۔ حکومت پاکستان اس اہم ترین موقع کو ضائع کر رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قابض فوج کے مظالم بے نقاب کرنا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے لیے حق خود ارادیت کے لیے منظم سفارت کاری ضروری ہے ۔ قومی کشمیر پالیسی اور قومی قیادت کا اتفاق ہی پاکستان کے موقف کو عالمی محاذ پر پذیرائی دے سکتاہے ۔