وزیر اعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ، انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

جمعرات 23 جنوری 2020 00:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میںسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، وزیر صنعت و ترقی نسواں ،نورین عارف، وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی ، ممبر اسمبلی محترمہ نسیمہ وانی ،چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا ، سیکرٹریز حکومت ، کمشنر صاحبان کے علاہ سربراہان محکمہ جات نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ جس کے مطابق 5فروری کو ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی عام تعطیل ہو گی ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کی تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد تحریک آزادی کشمیر کے ’’شہداء‘‘ کے ایصال ثواب اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر کو دس بجے دن سائرن بجتے ہی تمام ٹریفک رک جائے گی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔

اس دن کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں وکشمیر ٹیلی ویژن ، آزادکشمیر کے تینوں ریڈیو اسٹیشنز اور پرائیویٹ F.Mریڈیوز پر صدر ریاست اور وزیر اعظم کے خصوصی پیغامات ٹیلی کاسٹ/نشر کیے جائیں گے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں سہ پہر 3:00بجے چھتر چوک سے براستہ نلوچھی پل بائی پاس و واپس چھتر ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی ، مقبوضہ جموں وکشمیر میںجاری ظلم و ستم اور حالیہ قتل عام پر کشمیر یوں کے ساتھ خصوصی اظہار یکجہتی کی خاطر حکومت اپوزیشن کے نمائندوں اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندگان کے ہمراہ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو یاداشت پیش کرینگے ۔

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کے قومی روزناموں کی جانب سے خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا اشاعت میں آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے سیاسی راہنمائوں کے انٹرویواور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ صدر /وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد کے متوقع دورہ کی صورت میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

آزاد جمو ں وکشمیر ٹیلی ویژن /PTVمظفرآباد یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سپیشل پروگرامز ٹیلی کاسٹ کرے گا جس میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو بھی فوکس کیا جائے گا۔ اس دن آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کو ملانے والے انٹری پوائنٹس کوہالہ ، آزاد پتن ، ہولاڑ، منگلا پل و برار کورٹ اور دیگر انٹری پوائنٹس پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جانے کی تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ریاست بھر کے سکولوں ، کالجوں اور تمام یونیورسٹیز میں مضمون نویسی ، مقالہ نگاری اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائے گے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تمام محکمہ جات یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کو بھر پور انداز میں مکمل کریں گے اور رواں سال مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے پیش نظر یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز سے منایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یکجہتی کا اظہار پاکستان سے آزادکشمیر اور آزادکشمیر سے مقبوضہ کشمیر تک بھرپور انداز میںہوناچاہیے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم وجبر کے خلا ف برسر پیکارکشمیریوں کے حوصلے بلندہوں اور انہیں احساس ہو کہ پاکستانی قوم اور آزادکشمیر کے عوام اس مشکل کھڑی میں انکے شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہماری روح اور ہمارے جسم کا حصہ ہیں مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ اب وہ وقت دور نہیںجب ہندوستا ن اپنا پسندانہ اقدامات کی وجہ سے ٹکڑے ٹکڑے ہوگااو رمقبوضہ کشمیر آزای کی نعمت سے ہمکنار ہوگا۔