آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے اپنے دور اقتدار میں معیشت کو تباہی سے دوچار ، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے ، وفاقی و صوبائی اداروں کو کنگال اور عوام کو فاقوں سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،فیاض الحسن چوہان

پاکستان کے ہیرو عمران خان نے ڈیڑھ برس میں ڈوبتی معیشت کو استحکام سے دوچار کرکے کرپشن مافیا کے ہوش اڑا دیئے q جو سوچتے تھے تباہ حال پاکستان کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا پی ٹی آئی حکومت کے بس کی بات نہیں وہ تیزی سے ترقی پر گامزن موجودہ پاکستان کو دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

بدھ 19 فروری 2020 23:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2020ء) وزیر اطلاعات و کالونیزپنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی معیشت کو تباہی سے دوچار کرنے ، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے ، وفاقی و صوبائی اداروں کو کنگال کرنے اور عوام کو فاقوں سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن پاکستان کے ہیرو عمران خان نے ڈیڑھ برس میں ڈوبتی معیشت کو استحکام سے دوچار کرکے کرپشن مافیا کے ہوش اڑا دیئے ہیں، وہ جو سوچتے تھے کہ تباہ حال پاکستان کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا پی ٹی آئی حکومت کے بس کی بات نہیں وہ تیزی سے ترقی پر گامزن موجودہ پاکستان کو دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں اپوزیشن کی تمام تر مخالفت اور سازشوں کے باوجود پاکستان اس وقت عالمی توجہ کا مرکز ہے اور اقوام عالم کے رہنما وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ہیں اورپاکستان کو معیشت ، سرمایہ کاری ، سیاحت اور زندگی کے ہر شعبے کے حوالے سے کامیابی کی طرف گامزن دیکھ رہے ہیں دنیا وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں راجہ محمد علی ، فرید حسین شاہ، صفدر ساہی، اظہر اقبال ستی، راجہ ماجد دھنیال، طاہر خان، مسعود شاہ ، مختار ستی ، حاجی صفدر ، ملک یونس ، راجہ نزاکت ، نفیس خان ،یونین کونسلوں کے سابق چیئرمینوں، نائب چیئرمینوں، کونسلروں، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابق حکومت نے 21 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑا، گیس اور بجلی کے شعبے تباہ حال کئے ، کرپشن اور لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے لیکن وزیراعظم پاکستان نے برسراقتدار آتے ہی پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے طور پر ترقی دینے کا عہد کیا اور ان کے وژن اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں 72 لاکھ خاندانوں کے لیئے مقررہ ہدف کے تحت سوا سات لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ہیلتھ انشورنس سکیم سے اب تک 49 لاکھ افراد میں ہیلتھ کارڈ تقسیم ہو چکے ہیں یہ وہ کارنامہ ہے جس کی توفیق اب تک کسی حکومت کو نہیں ہوئی مسلم لیگ (ن) نے سابقہ دور میں کے پی کے حکومت کی نقل میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کی نقل کی جو پنجاب کے محض 14 اضلاع تک محدود رہی اور اس میں سے پریمیئم ادا نہ کئے جانے پر غریبوں کو علاج کی سہولت حاصل نہیں ہو سکی اس کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مستحق افراد کو بہترین ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی ہیں اور یہ مدینہ کی ریاست کے قیام کی طرف پہلا قدم ہے انہوں نے کہا کہ اب ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ، مہنگائی کا قلع قمع کرکے غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے وزیراعظم پاکستان نے دوست ممالک کے تعاون سے مالیاتی اداروں کی 10 ارب ڈالر کی ادائیگی ممکن بنائی جو ان کی کامیاب سفارت کاری کی مثال ہے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابقہ کم ظرف حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی کی کوششوں سے منظور ہونے والے ملتان کے کارڈیالوجی سنٹر کو 8 سال اور وزیر آباد کارڈیالوجی سنٹر کو دس سال تک نہیں بننے دیا وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی طرف سے منظور کرائے گئے راولپنڈی کے ماں و بچہ ہسپتال کوجو 70فیصد مکمل ہو چکا تھا کو بھی نہیں بننے دیا گیا جبکہ وزیراعظم پاکستان نے گذشتہ حکومت کے دور اقتدار میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی جن پر صرف 30 فیصد کام مکمل ہو چکا تھا انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی صوبے میں سابق حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا مفاد عامہ کا کوئی بھی منصوبہ بند نہیں کیافیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپنوں کی بے وفائی کا رونا رونے والے مولانا فضل الرحمن ایک بار پھر مارچ کی تیاریاں کر رہے ہیں ان کا ہر حربہ اور بیسیوں اے پی سی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہیں چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں مولانا فضل الرحمن سمیت تمام اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑی ہے عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی کامیابی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے حوصلے پست کر دیئے ہیں اور حکومت کے خلاف آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئی ہیں ، آٹے اور چینی کے گودام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں کے گوداموں سے برآمد ہو رہے ہیں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی مہنگی کرنے کا الزام پاکستان تحریک انصاف کے راہنما جہانگیر ترین پر دھرنے والوں کی حقیقت یہ ہے کہ ملک میں 100 شوگر ملز میں سے صرف 3 شوگر ملز جہانگیر ترین کی ہیں ، 16شوگر ملز آصف زرداری، 16 مسلم لیگ (ن) لیکن منافقت کا عالم یہ ہے کہ اپنے جرائم کا الزام دوسروں کے سر تھونپا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ 2020 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا پاکستان تحریک انصاف کے قائدین او رکارکنان شہریوں کو موجودہ حکومت کے ترقیاتی و اصلاحاتی پروگراموں سے آگاہی کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔