وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سی برطانوی پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم آزادکشمیر نے وفد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی

جمعرات 20 فروری 2020 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں برطانوی پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے وفد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وفدکوبتایاکہ مودی حکومت کی جانب سے ڈیبی ابراہمز کو ڈی پورٹ کرنا خود بھارتی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، وفد کو آزادکشمیر میں خوش آمدید کہتے ہیں، وفد آزاد کشمیر میں جہاں جانا چاہے جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کے 5 اگست کے بعد اقدامات نے نام نہاد بھارتی جمہوریت کے دعوے کو بے نقاب کردیا یے، مودی 14000 گرفتار نوجوانوں کے لیے خصوصی حراستی مراکز قائم کررہا ہے،5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر ایک انسانی جیل ہے جس کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق راے شماری کے علاوہ مسئلہ کا کوئی حل نہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم آ زاد کشمیر نے کہاکہ وہ وفد کے دورہ پران کے شکرگزار ہیں جو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوئے۔