بلوچستان ریموٹ کنٹرول بم دہماکے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،محمد حسین محنتی

دہشتگردی کی کاروائیوں میں تیزی بھارت کی جانب سے پاکستان کو غیرمحفوظ کرنے کی سازشوں کی کڑی ہے ،امیر جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 9 مئی 2020 15:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بلوچستان میں ریموٹ کنٹرول بم دہماکے میں اعلیٰ فوجی افسر سمیت پانچ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج اور اپنی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے وقفے وقفے سے پاک فوج اور سکیورٹی اداروں پر حملوں میں اضافہ،ایل اوسی پر بھارتی گولاباری اور مسلسل فائرنگ ملک کو دوبارہ غیرمحفوظ اور دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانے کی سازشوں کے سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ ملک میں آپریشن راہ نجات اور ضرب عضب کی کامیابی کے نتیجے میں دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر کا قلعہ قمع ہونے کے بعد کچھ عرصہ سے دوبارہ فاٹا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں حیرت انگیز اضافہ اور فوجی جوانوں کی شہادتیں معمول بن چکی ہیں، بھارت کشمیر میں مجاہدین کے ہاتھوں حزیمت کا بدلہ بلوچستان میں لے رہا ہے جبکہ کشمیری جوانوں کی آئے بڑے پیمانے پر شہادتیں بھی ایک بڑی کاروائی کی منصوبہ بندی کا اشارہ کررہی ہیں، بھارت افغانستان میں امن معاہدے کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی جہادی کاروائیوں کو روکنے کیلئے پاکستان کے اندر اور ایل اوسی پر فوجی کاروائیوں، دہشتگرد عناصر کے ذریعے پاکستان پر پریشر ڈالکر مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال سے عالمی دنیا کی توجہ ہٹانے اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے گھنائونے منصوبے پر تیزی سے عمل پیرا ہے جبکہ ہمارے حکمران لاک ڈائون پر سیاست کرنے اور مخالفین کو نیب کے ذریعے قابو کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

’’آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے‘‘ کی تقریر کے سوا حکمرانوں نے کشمیری عوام کیلئے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا اس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت کشمیر ی عوام کے قتل عام اور 9مہینوں سے جاری کرفیو کے بعد پاکستان میں دوبارہ دہشتگردی کی کاروائیوں کا آغاز کردیا ہے جس کا سب سے بڑا ٹارگٹ بلوچستان ہے، بلوچستان پاکستان کا نرم پیٹ ہے اسی وجہ سے بلوچ نوجوانوں کو ورغلاکر دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے استعمال کرنا بھارت کیلئے آسانیاں پیدا کررہا ہے۔

صوبائی امیرنے مطالبہ کیا کہ بھارتی سازشوں، دہشتگردوں کی کاروائیوں میں تیزی کا فوری طور پر نوٹس لیکر حکومت، اپوزشین اور آرمی چیف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں تاکہ دہشتگردی کے بڑہتے ہوئے واقعات کا سدباب کیا جاسکے، پولیس،رینجرز اور آرمی کو الرٹ ،ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر اور عوام،سیکورٹی اداروں کی جان ومال اور قومی اداروں کے تحفظ کیلئے مؤثروبھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آئندہ دشمن کو اس طرح کی کاروائی کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پر ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔