Live Updates

مقبوضہ کشمیرمیں زبردست بھارت اور اسرائیل مخالف مظاہرے

ْدنیا بھر کے مسلمان کشمیر اور فلسطین کے عوام کی آزادی کیلئے اٹھ کھڑے ہوں، سیدعلی گیلانی

جمعہ 22 مئی 2020 20:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں پرزوردیا ہے کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی اسرائیل اور بھارت کی فسطائی حکومتوں سے آزادی کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جمعہ کو یوم القدس کے موقع پر جاری ایک پیغام میں مسلمانوں کو یاد دلایا کہ وہ خاموشی کی فضا پیدا کرکے دنیا کو فلسطین کے مسئلے کو فراموش نہ کرنے دیں۔

انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی طرف بھی ایک ایسے وقت مبذول کروائی جب بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کررہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کیسینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں ایک بیان میں صیہونی ریاست اسرائیل سے آزادی کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے فلسطین کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے جو فلسطین کے مسئلے کاحتمی حل ہیں۔ادھر آج یوم کشمیر اور القدس کے موقع پر لوگوں نے سرینگر ، بڈگام ، اسلام آباد ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں زبردست بھارت اور اسرائیل مخالف مظاہرے کیے۔ یہ دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی ۔مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے متعدد مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افرادزخمی ہوگئے۔ مظاہروں کے دوران کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جمعہ کو جاری کی جانیوالی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی فسطائی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کی تمام حدیں پارکرتے ہوئے کشمیریوںکی زندگیوں کو جہنم بنادیا ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوںاور پولیس اہلکاروںکی طرف سے نہتے کشمیریوںکا قتل عام، گرفتاریاں ،تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں، طاقت کا وحشیانہ استعمال اور مکانوںکو تباہ کیاجانا روزکا معمول بن گیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوںنے صرف رواں ماہ مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی تقریبا300 کارروائیوںکے دوران معروف مجاہد کمانڈروں ریاض نائیکو اور جنید صحرائی سمیت 15 کشمیریوں کو شہید ، 80افرادکو گرفتار اور800گھروں اور دکانوں کو تباہ کیایا نقصان پہنچایا ہے۔

سرینگر میں جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس کی زیر صدارت پارٹی کے ایک اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے ۔حریت رہنما جہانگیر غنی بٹ ایک وفد کے ہمراہ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء محمد اشرف صحرائی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پر اظہار یکجہتی کیا۔

جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے رہنمائوں مختار احمد وازہ ، احمد راتھر اور سید اعجاز رحمانی نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اشرف صحرائی کی شخصیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے قابل فخر اور مشعل راہ ہے۔ دریںاثناء کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور کشمیر پریس کلب نے اپنے بیانات میںمقبوضہ علاقے میں بھارتی پولیس کی طرف سے صحافیوں کو مسلسل ہراساں کئے جانے کی مذمت کی ہے۔

بیانا ت میں کہاگیا ہے کہ تازہ ترین واقعے میں سرینگر میں سے تعلق رکھنے والے صحافی اور ہفتہ روزہ کشمیر والا کے ایڈیٹر فہد شاہ کو پولیس نے شہر میں ایک حالیہ جھڑپ کے بارے میں انکی خبر کی وضاحت کیلئے طلب کیا ۔سرینگر میںاس جھڑپ کے دوران فوجیوںنے کم سے کم 15 مکانوںکوتباہ اور نقدی سمیت قیمتی سامان لوٹ لیاتھا۔ یوم قدس کے سلسلے میں آج اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کے حق خودارادیت کے حصول میں مدد کرے۔ اجلاس کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سکریٹری محمد حسین خطیب نے کی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات