پی آئی اے طیارہ حادثہ ، میتوں کوبغیر شناخت لے جایا جا رہا ہے

حادثے میں جاں بحق بیوروکریٹ خالد شیر دل کی سابق اہلیہ کا وزیراعظم اور آرمی چیف کیلئے ویڈیو پیغام میں دعویٰ

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی بدھ 27 مئی 2020 12:46

پی آئی اے طیارہ حادثہ ،  میتوں کوبغیر شناخت لے جایا جا رہا ہے
کراچی ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 27 مئی 2020ء ) پی آئی اے طیارہ حادثہ ، میتوں کوبغیر شناخت لے جایا جا رہا ہے ،طیارہ حادثہ میں جاں بحق بیوروکریٹ خالد شیر دل کی سابق اہلیہ کا وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام ویڈیو پیغام میں دعویٰ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بیورو کریٹ خالد شیر دل کی بیوی نے کہا ہے کہ 5 دن ہو گئے میرے سابق شوہر کی شناخت نہیں ہو رہی ۔

آخر اس کی ذمہ داری کون لے گا ان کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر شناخت کے ہی میتوں کو لے جایا جا رہا ہے۔ ورثہ بے صبر ہو رہے ہیں۔
گزشتہ روز تک کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد دانتوں سے میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے ڈاکٹر ہمایوں کا کہنا تھا کہ ابھی تک 21 لواحقین نے دانتوں کا ریکارڈ ہمیں بھیجا ہے جس کے بعد دانتوں کے نمونے کے ذریعے صرف عطااللہ نامی شخص کی شناخت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا ہے کہ باقی 36 لوگوں کی شناخت ہونا باقی ہے، جیسے ہی ان کی شناخت ہو جائے گی، ان کی لاشیں لواحقین کو دے دی جائیں گی۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 41 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جس کے بعد ان کی میتیں لواحقین کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے نے 10 لاکھ روپے فی کس شہداء کے گھروں میں پہنچانا شروع کردیئے ہیں اور اس کے علاوہ شہید ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔تاہم دوسری جانب اس واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس کے بارے میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وہ وعدہ کرتے ہیں اس کیس کی انکوائری ہوگی۔